Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, October 30, 2018

حلال روزی۔


از محمد رضی الاسلام ندوی۔
    . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
   جماعت اسلامی ہند کے
سابق سکریٹری شعبۂ تعلیم جناب محمد اشفاق احمد کا 20 اکتوبر 2018 کو انتقال ہوا تھا - وہ نہ صرف جماعت ، بلکہ دوسرے حلقوں میں بھی بہت مقبول تھے - ان سے محبت کرنے والوں کا بہت بڑا حلقہ تھا - ان کی وفات پر  مختلف مقامات پر متعدد تعزیتی نشستیں منعقد ہوئی ہیں - ان کے بارے دو واقعات جان کر میں بہت زیادہ متاثر ہوا ہوں -

       اشفاق صاحب کی وفات کے اگلے دن جماعت کی ابوالفضل انکلیو یونٹ کے ہفتہ وار اجتماع میں ان کا ذکر خیر آیا تو امیر مقامی جناب سکندر اعظم ایڈیٹر انگریزی ہفتہ وار ریڈینس نے ایک واقعے کا تذکرہ کیا - اشفاق صاحب ایک کالج کے پرنسپل تھے-  ایک مرتبہ اس کالج کے منیجر نے ان سے جھوٹے واؤچرس پر دستخط کروانا چاھا - انہوں نے انکار کر دیا - اس نے دھمکی دی کہ اگر دستخط نہ کیے تو ملازمت ختم کر دی جائے گی - اشفاق صاحب اپنی بات پر اڑے رہے اور جھوٹے واؤچرس پر دستخط نہیں کیے - بالآخر  وہی ہوا جس کی دھمکی دی گئی تھی -  ان کی ملازمت ختم کردی گئی - اس کے بعد اشفاق صاحب نے انڈے بیچنے شروع کردیے کہ حلال روزی کے لئے کچھ نہ کچھ کرنا تھا - بعد میں جماعت کے بعض ذمہ داروں کو معلوم ہوا تو انہوں نے ایک دوسری جگہ ان کا تقرر کردیا -

          آج مرکز جماعت میں مرحوم پر ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی ، جس میں جماعت کے  ذمہ داروں اور ان سے قریبی تعلق رکھنے والے بعض افراد نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی -  شعبہ مالیات کے جناب معین الدین صاحب نے بتایا کہ اشفاق صاحب کو مرکز کی طرف سے ایک موبائل فراہم کیا گیا تھا - ان کی ایمان داری کا عالم یہ تھا کہ وہ ہر مہینے کالس کا اسٹیٹمنٹ نکلواتے اور اس میں ذاتی کالوں کی نشان دہی کرکے ان کا حساب جوڑ کر اتنی رقم مرکز میں جمع کروا دیتے -

      اللہ اللہ!  کتنے متقی اور پرہیزگار تھے اشفاق صاحب - حلال روزی کا کتنا زبردست اہتمام  کرتے تھے - ان کی زندگی کے ان دو واقعات میں ہمارے لئے زبردست پیغام ہے -
بشکریہ۔
( محمد رضی الاسلام ندوی)