Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, November 19, 2018

شاہ گنج ضلع جونپور میں سر سید ڈے کا انعقاد۔

تعلیمی میدان میں عصری و دینی تعلیم ضروری ہے اور یہ ایک ہی چھت کے نیچے ہونی چاہئیے۔
ڈاکٹر جاوید احمد۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
اچھی تعلیم کے لئیے ضروری ہے کہ بنیادی و پرائمری تعلیم کو مضبوط کیا جائے۔
انجینر طارق اعظم۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
ذہین و قابل غریب طلباء کو وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
زیڈ ۔کے۔فیضان۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
از ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔(صدائے وقت)۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جونپور۔اتر پردیش۔ضلع کے معروف قصبہ شاہ گنج میں اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوس ایشن شاہگنج کے زیر اہتمام ایک پر وقارتقریب"سر سید ڈے" اور روایتی " ڈنر " کا اہتمام کیا گیا۔جس میں  مقامی علیگ کے علاوہ ضلع اعظم گڑھ و ضلع جونپور کے بہت سارے علیگیرین نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت علاقے کے بزرگ و سینیر موسٹ علیگ " محد احسن " نے کی۔پروگرام کا آغاز مولانا عبد الوحید قاسمی کے تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔سکریٹری ڈاکٹر تبریز عام و خزانچی ایڈو کیٹ سرور عالم نے اسٹیج پر موجود مہمانوں کی گل پوشی کر کے خیر مقدم کیا۔اس موقع پر ایسو سی ایشن کے سر پرست ، اے ایم یو طباء یونین کے سابق صدر ، ایڈوکیٹ سپریم کورٹ زیڈ کے فیضان نے اپنے خطاب میں کہا کہ
سر سید ڈے کا انعقاد دنیا کے ہر گوشے میں جہاں بھی چند علیگ ہیں ، ہوتا ہے۔اس کی شروعات 1904 میں لندن میں ہوئی تھی۔سر سید ڈے کے انعقاد کے مقصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے زیڈ کے فیضان نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ہم سرسید احمد خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ آپس میں ایک دوسرے سے متعارف ہوتے ہیں اور سرسید کے کارناموں اور علیگڑھ تحریک پر گفتگو ہوتی ہے اور یہیں سے کچھ کر گزرنے کا حوصلہ بھی ملتا ہے انھوں نے ایسو سی ایشن کے ذمے داران کو مشورہ دیا کہ سر سید ڈے اور ڈنر کے علاوہ بھی اس پلیٹ فارم سے وقتاً فوقتاً سمپوزیم، سیمینار کا انعقاد ہونا چاہئیے اور اعظم گڑھ و جونپور کے دانشوران ، سیاسی و ملی رہنما و اداروں کے ذمے داران مل بیٹھ کر آپس میں تبادلہ خیال کریں کہ آج کے دور میں سرسید کے کارنامے اور علی گڑھ تحریک کو کس طرح سے آگے بڑھایا جائے۔انھوں نے کہا کہ در اصل ہم لوگ سر سید کے صرف تعلیمی کارناموں کا ہی ذکر بطور خاص کرتے ہیں جبکہ سر سید ماہر تعلیم کے ساتھ ہی ایک بہت بڑے مفکر و مصلح قوم تھے۔ہمیں ان کی زندگی کے ہر گوشے کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔
اعظم گڑھ شہر سے پروگرام میں شرکت کے لئیے ائے معروف آرٹھو پیڈک سرجن ۔دانشور ۔ماہر تعلیم و مصنف و کئی فلاحی اداروں سے منسلک ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا کہ ہم نے قوم کو عصری و دینی علوم میں تقسیم کر دیا یہ قوم کی بد قسمتی ہے اور ایک مسلمان کی حیثیت سے ہمیں دونوں طرح کی تعلیم حاصل کرنی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو ایک ہی چھت کے نیچے دونوں طرح کی تعلیم مہیا کرائی جائے اور اس کا تجربہ اعظم گڑھ میں ایک ایسا ہی ادارہ قائم کرکے کیا جا رہا ہے ۔جس کے نتائج اچھے اور مثبت آ رہے ہیں۔
اس موقع پر منیجر حرا انٹر کالج اعظم گڑھ ، حصول تعلیم کے لئیے جدید تکنک کا بخوبی استعمال  اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے کا کام انجام دے رہے انجینر طارق اعظم نے کہا کہ علاقے میں اتنے سارے تعلیمی ادارے ہیں مگر ان کا تعلیمی معیار بہت خراب ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جائے اور خاص طور پر ہماری بنیادی تعلیم بہت ہی معیاری اور مضبوط ہونی چاہیئے۔
مشہور شاعر رہبر جونپوری حال مقیم  بھوپال نے سر سید کو منظوم خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی دیگر نظموں سے سامعین کو ملحوظ کیا۔پروگرام کو مولانا عبد الوحید قاسمی اور ڈاکٹر شکیل اعظمی و ایڈوکیٹ محمد طاہر نے بھی خطاب کیا۔فرید الحق میموریل ڈگری کلاج کے طالب علم نے علیگڑھ گیت پیش کیا۔اس موقع پر جلال الدین سرور ضلع امیر جماعت اسلامی ہند کے توسط سے "تابش مہدی" کی نعتیہ کتاب " رحمت تمام " کا رسم اجراء بھی کیا گیا۔آخر میں ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر شرف الدین اعظمی نے تمام مہمانان و شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر تبریز عالم جنرل سکریٹری نے بہت ہی خوبصورت انداز میں کیا ۔فرید الحق میموریل ڈگری کالج کے طلباء کے ذریعہ "ترانہ علیگڑھ " کو پیش کرنے کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا ۔

پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ایڈوکیٹ سرور عالم۔خزانچی ، عظیم احمد ۔ڈاکٹر عقیل الرحمن ۔ڈاکٹر عتیق احمد۔عبداللہ ایڈوکیٹ اور دیگر علیگ نے اہم رول ادا کیا۔اس موقع پر عبد القیوم خان۔منیجر شبلی انٹر کالج، ڈاکٹر ارشاد احمد سابق پرنسپل ابن سینا طبیہ کالج۔ڈاکٹر جاوید احمد ڈائریکٹر آمنہ میموریل اسپتال شاہ گنج۔ڈاکٹر فیروز احمد سیوا سونوگرافی سینٹر۔لئیق احمد ۔عبد الحفیظ۔ڈاکٹر عقیل احمد۔(اعظم گڑھ)۔ڈاکٹر فیض احمد جونپور۔محمد ارشد سر سید اسپتال شاہگنج کے علاوہ دیگر سماجی۔سیاسی و ملی شخصیات موجود تھی۔