Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, December 30, 2018

حکومت ایک نہیں پچاس قانون بنالے، مسلمان شریعت پر چلتا رہے گا۔

حکومت ایک نہیں پچاس قانون بنالے
مسلمان شریعت پر چلتا رہے گا: مولانا ارشد مدنی
________________________
نئی دہلی۔ ۳۰؍دسمبر: (نمائندہ)۔ جمعیۃ علما ہند کے قومی صدر مولانا ارشد مدنی نے مرکزی سرکار کے ذریعے لوک سبھا میں پاس طلاق ثلاثہ بل پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کی کوئی اہمیت نہیں ہے حکومت خواہ کتنے بل کیوں نہ بنا لے لیکن جو اسلام کو مانتے ہیں وہ شریعت پر ضرور عمل کریں گے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ حکومت اب اس بل کو راجیہ سبھا میں پیش کرے گی اس کی اطلاع پہلے سے ہی تھی لیکن اس کی اہمیت نہیں ہے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ مسلمانوں میں دوطبقے ہیں ایک وہ جس نے اپنی زندگی کو اسلام کے مطابق ڈھال لیا ہے وہیں دوسرا طبقہ وہ جو شریعت بیزار ہے ، شراب پیتا ہے، اور وہ کام کرتا ہے جو اسلام میں ناجائز ہیں ۔ مولانا مدنی نے کہاکہ آپ ایک نہیں پچاس قانون بنالیں لیکن جو مسلمان ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ طلاق ہوگئی اور اب ہماری بچی کے ساتھ طلاق دینے والے شوہر کے ساتھ رہے گی تو اس کا رہنا ناجائز ہوگا اور اس کی اولاد بھی ناجائز ہوگی وہ اس مسئلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہو ںنے کہاکہ ہم تین طلاق کی حمایت نہیں کرتے ہم اسے براتسلیم کرتے ہیں اور گناہ سمجھتے ہیں لیکن اتنا بڑا گناہ نہیں سمجھتے کہ اس کی بنیاد پر تین سال کی جیل کی سزا دی جائے اور اس کے بچوں اور اس کی بیوی کو بے سہارا چھوڑ دیا یہ بے وقوفی کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک قانون آیا ہے جس میں لڑکیوں کو وراثت نہیں ملے گی جبکہ یہ اسلامی قانون کے خلاف ہے، لڑکیوں کو بھی حق ملنا چاہئے لیکن ہمارے ملک کا قانون بنا ہوا ہے اب یہ ہمارا کام ہے کہ اگر ہمارے دل میں خدا کا خوف ہے تو لڑکیوں کو وراثت میںحصہ دیں اور مسلمان اس پر عمل بھی کررہے ہیں ایسا ہی معاملہ طلاق کا بھی ہے جو چاہتا ہے کہ اس کی زندگی شریعت کے مطابق چلے وہ اپنی زندگی کو چلائے گا جو نہیں چاہتا عدالت میں چلاجائے۔