Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, December 19, 2018

ناظم امارت شرعیہ کی مرتب کردہ کتاب " خطبات جمعہ" کا اجراء۔


لکھنئو۔۔۔صدائے وقت نمائندہ۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
  امارت شرعیہ،بہار،اڑیسہ وجھارکھنڈکےناظم مولانا انیس الرحمٰن قاسمی کی تازہ ترین تالیف ‘‘خطبات جمعہ’’ کی رسم اجراء اور رونمائی ندوۃ العلماء لکھنؤ میں منعقد آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے موقع پرحضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صدر بورڈ، حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب جنرل سکریٹری بورڈ،، حضرت مولانا جلال الدین عمری امیر جماعت اسلامی ھند، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، سکریٹری بورڈ و دیگر اکابر علماء و عہدے داران آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ تصنیف و تالیف کے میدان میں مولانا انیس الرحمن قاسمی ناظم امارت شرعیہ کا نام محتاج تعارف نہیں ہے ، ان کی اب تک ایک درجن سے زیادہ تالیفات وتصنیفات مختلف علمی ودینی موضوعات پر شائع ہو کر مقبول خاص و عام ہو چکی ہیں ،آپ نے فقہ و فتاویٰ ، اصلاح معاشرہ، سیر و سوانح، تعلیم و تربیت جیسے کئی اہم دینی و ملی موضوعات پر قلم اٹھایا ہے ۔آپ کے قلمی کارناموں میں فتاویٰ علمائے ہندکے نام سے بر صغیر کے مفتیان کرام کے دو سالہ فتاویٰ کامجموعہ بھی ہے جو کہ ضخیم ساٹھ جلدوں پر مشتمل ہے ، جس کی آٹھ جلدیں اب تک منظر عام پر آچکی ہیں اور علماء و خواص کے طبقہ میں اپنی مقبولیت قائم کر چکی ہیں ، بر صغیر ہندوپاک کے اکابر وجید علما ء کرام نے اس مجموعہ کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا ہے اور اس پر اپنے وقیع تبصرے ثبت کیے ہیں ۔ حیات سجاد،لباس کے احکام و مسائل، تعلیم کی اہمیت ، طہارت کے احکام و مسائل، اصلاح معاشرہ اور سماج کی ذمہ داریاں، ، تعلیم کی اہمیت ، معاشرتی حقوق ، کھانے پینے اور سونے کے احکام و مسائل، تزکیہ نفوس ، فکر آخرت وغیرہ آپ کی دیگر اہم تصنیفات میں شمار ہیں ۔
اب آپ کی تازہ ترین تالیف ’’خطبات جمعہ‘‘  شائع ہوئی ہے ۔آٹھ سو چھیانوے صفحات پر مشتمل یہ ضخیم کتاب 154 خطبات کا مجموعہ ہے ،جس میں عقائد، عبادات، اتحاد و اجتماعیت،تحفظ شریعت،تعلیم،تاریخ و سیرت،اصلاح معاشرہ، حقوق اللہ و حقوق العباد،اوصاف حمیدہ، انسانی ہمدردی ووطنی ذمہ داری، برے اخلاق وعادات، اقتصادیات و معاملات،صحت و مرض، اوقاف و املاک اور فرق باطلہ جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے اور ان موضوعات کے مختلف جہات پر کتاب و سنت کے حوالے اور اکابر واسلاف کے اقوال سے مزین خطبات کہیں طرز خطابی میں تو کہیں طرز کتابی میں پیش کیے گئے ہیں ۔ زبا ن عام فہم اور طرز سادہ ہے ، اور سامعین کے ذہنوں کی رعایت کے ساتھ یہ خطبات مرتب کیے گئے ہیں ۔ نوجوان عالم دین فاضل دیوبند مولانا محمد رضاء اللہ قاسمی نے اس کتاب کی کمپوزنگ اور تزئین کا کام بہت محنت اور عرق ریزی سے انجام دیا ہے، ناشر کے طور پر شعبہ نشر و اشاعت امارت شرعیہ کا نام درج ہے اور دی پرنٹو اسٹیشنرس دریا پور پٹنہ سے چھپی ہے۔ حضر ت امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی نے اس کتاب کا اجراء کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کتاب کے ذریعہ ائمہ کرام کی ایک بڑی ضرورت پوری ہو گئی ۔ ان خطبات کے ذیعہ و ہ عوام کے سامنے وقت و حالات کی ضرورت کے اعتبار سے شریعت کا پیغام اور دین کی بنیادی و ضروری باتیں عمدہ اور آسان پیرایے میں پہونچائی جا سکتی ہےں ۔کتاب مکتبہ امارت شرعیہ میں دستیاب ہے ، ائمہ کرام اس کو مکتبہ امارت شرعیہ سے قیمتاً حاصل کر سکتے ہیں ، 896 صفحات پر مشتمل کتاب کی قیمت ساڑھے تین سو رکھی گئی ہے جو ائمہ کرام کو رعایت کے بعد دو سو روپئے میں دی جائے گی ۔ اہل خیر حضرات بھی اپنی طرف سے اور اپنے رشتہ داروں کی طرف سے کچھ نسخے خرید کر بطور ایصال ثواب مساجد میں رکھ سکتے ہیں ۔