Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, January 11, 2019

مولانا حسیب صدیقی نے اپنی خدمات کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔. . . . . . . مولانا محمود مدنی۔


جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام مولانا مرحوم کی وفات پر نئی دہلی میں تعزیتی اجلاس منعقد۔

نئی دہلی۔۱۱؍جنوری ۲۰۱۹ء/ صدائے وقت / عاصم طاہر اعظمی۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .  
آج یہاں مسجد عبدالنبی واقع مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند۔ ا، بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام تنظیم کے خازن اور دیوبند کی مقتدر شخصیت مولانا حسیب صدیقی کے سانحہ ارتحال پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا ، جس میں مولانا مرحوم کی حیات و خدمات پر گفتگو کے علاوہ ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مولانا محمود مدنی نے کہا کہ مولانا حسیب صدیقی ان لوگوں میں سے تھے جنھوں نے اپنی خدمات کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔انھوں نے ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبود کے لیے غیر سودی بنک کاری کو اپنا نصب العین بنایا -مرحوم ،جمعیۃ علماء ہند کی تحریک پر 1961میں قائم مسلم فنڈ سے وابستہ ہوئے اور تنکا تنکا جوڑ کراسے ایک تناور درخت بنادیا ۔ ایک وقت ایساتھا جب وہ اس ادارے کے خازن، مینیجر ، محصل سب کچھ ایک ساتھ تھے ، سائیکل پر چلتے اور دکان دکان، گھر گھر جا کر لوگوں سے پچا س پچاس پیسے اصول کرتے اوراسے جمع کرتے، ایک وقت ایسا آیا جب اس ادارے کا’ ٹرن اوور‘ کروڑوں میں ہوا اور پھر اس توسط سے انھوں نے کئی تعلیمی اور رفاہی ادارے قائم کیے۔

اس موقع پر اپنے خطا ب میں مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد نے مولانا حسیب صدیقی کی سادگی ، اخلاص ، ملنساری اور خدمت خلق پر خصوصی روشنی ڈ الی ۔ انھوں نے کہا کہ مولانا مرحوم جمعیۃ علماء ہند اور اس کی سرگرمیوں سے گہرا تعلق رکھتے تھے اور اس کی ہر آواز پر لبیک کہتے تھے ۔ابھی حال ہی جمعیۃعلماء ہند کے زیر اہتمام اکابر پر منعقد دور روزہ سیمینار میں پیرانہ سالی اور بیماری کے باوجود تمام نشستوں میں شریک ہوئے ۔

تعزیتی اجلاس میں مولانا معزالدین احمد ناظم امارت شرعیہ ہند، مولانا محمد سالم جامعی ایڈیٹر اخبار الجمعیۃ و شانتی مشن اور مولانا عمران اللہ قاسمی استاذ دارالعلوم دیوبند  سمیت دفتر جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران اور آرگنائزرس حضرات بھی موجود تھے ۔نشست،مولانا مفتی سلمان منصورپوری کی رقت آمیز دعا پراختتام پذیر ہوئی ۔