Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, January 16, 2019

تبصرہ، کتاب " رسمیات مقالہ نگاری" ای اہم کتاب۔


نام کتاب: رسمیات مقالہ نگاری
مصنف:ڈاکٹر معین الدین عقیل
صفحات :90 قیمت:  95؍روپئے
ناشر :براؤن بک پبلی کیشنز‘نئی دہلی 25
۔_________________
مبصر: شکیل رشید/ صدائے وقت/ مولانا سراج ہاشمی۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
آخرہماری دانشگاہوں اورجامعات میں تحقیقی اورتنقیدی شعبوں میں اچھےمقالہ نگاروں کی شدید قلّت کیوں ہے؟یہ ایک ایسا سوال ہے جو اٹھتا تورہا ہے لیکن اس کا کوئی معقول جواب سامنے نہیں آیاہے۔ڈاکٹر معین الدین عقیل نے جو‘اردوزبان وادب کے حوالے سے ہندوپاک میں مشہورومعروف ہیں‘اپنی نئی کتاب ’رسمیا ت مقالہ نگاری‘میں ’معروضات‘کے تحت جو ابتدائی سطریں لکھی ہیں انہیں مذکورہ سوال کا جواب سمجھا جاسکتا ہے۔وہ لکھتے ہیں’’اردو زبان کی بدقسمتی رہی ہے کہ اس میں تحقیق کو مرتبہ یا تحریری صورت میں پیش کرنے کے اصول وضوابط ،جو اگرچہ ’طریقۂ تحقیق‘’اصولِ تحقیق‘اور’اسالیبِ تحقیق‘بھی کہلاتے ہیں،لیکن جنہیں ’رسمیات تحقیق ‘کہنا زیادہ بامعنی اورموزوں ہے،اب تک طے نہیں ہیں اورنہ انہیں طے کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ،منظم اورباقاعدہ کوشش ہوئی ہے کہ جس پر سب کا اتفاق بھی ہو۔‘‘
بات ان کی سچ ہی ہے۔کئی سوالات ہیں جن پر مقالہ نگارغورنہیں کرتے۔ڈاکٹر موصوف نے مثالیں بھی دی ہیں جیسے کہ تحقیقی معلومات ونتائج یا حاصلات کو کس طرح پیش کیا جائے؟ان کے مآخذیا ان کی اسناد کا حوالہ کس طرح دیا جائے؟حواشی اورتعلیقات کس طرح لکھے جائیں؟ان کے درمیان کے فرق کو کس طرح ملحوظ رکھا جائے ؟متن یا بین السطور اقتباس کس طرح نقل کیا جائے ؟کتابیات کو کس طرح مرتب کیاجائے؟یہ سارے بنیادی لوازم زیادہ سے زیادہ جامع،سانٹی فک،معیاری اورآسان کس طرح ہو سکتے ہیں؟اچھا ہے کہ ڈاکٹر معین الدین عقیل نے مذکورہ سوالات کے جوابات دوسروں پرنہیں چھوڑے،خود جواب دینے کی ٹھانی‘اس طرح ’رسمیات مقالہ نگاری‘یہ کتاب وجود میں آگئی۔مقالہ نگارو ںکے لیے یہ کتاب کسی خزانے سے کم نہیں ۔مقالات لکھنے کے لیے یہ پوری کتاب ایک ’نسخہ‘ہے۔صاحبِ کتاب نے’رسمیات مقالہ نگاری‘طے کیے ہیں اور90صفحے کی کتاب میں ہر اس سوال کے جواب کو شامل کرلیا ہے جو کسی بھی مقالہ نگارکے ذہن میں اٹھ سکتا ہے۔’نمونہ‘بھی دیا ہے اوردوضمیمے الگ سے ہیں۔انگریزی اوراردو میں مقالہ نگاری سے متعلق جامعات میں نصاب کی تیاری کے لیے دوخاکے بھی دئیے ہیں۔طلباء اس کتاب سے قیمتی استفادہ کرسکتے ہیں۔’براؤن بک پبلشر‘نے اسے بے حد خوبصورت انداز میں شائع کیاہے۔
(ممبئی میں اسےمکتبہ جامعہ سے حاصل کیا جاسکتا ہے)