Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, February 3, 2019

امیر شریعت تامل ناڈو ورکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند مولانا محمد یعقوب قاسمی کا انتقال۔


*جمعیۃ علماء ہند نے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا*
____________________
نئی دہلی ۔٤؍ فروری۲۰۱۹ / صدائے وقت۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 

امیر شریعت تامل ناڈ اور دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ  مولانا محمد یعقوب قاسمی کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء ہند نے گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا موصوف مدرسہ کاشف الہدیٰ چنئی کے شیخ الحدیث و صدر المدرسین اور تامل ناڈو کے امیر شریعت بھی تھے ۔ ان کی وفات آج نماز فجر سے قبل چنئی میں ہوئی ، نماز جنازہ آبائی وطن میل وشارم میں بعد نماز عصر ادا کی گئی ۔
*اپنے تعزیتی پیغام میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی* نے مولانا محمدیعقوب کی وفات کو ملت اسلامیہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان قراردیاہے ۔ انھوں نے کہا کہ مولانا موصوف، منہاج اکابر اور مزاج اسلاف کی ایک جیتی جاگتی تصویر تھے اور آپ کی پوری زندگی ملت اسلامیہ کی دینی ، روحانی، سماجی و معاشرتی اصلاح اور خدمت خلق سے عبارت تھی۔اس کے علاوہ آپ جنوبی ہند میں متعدد مدارس اسلامیہ کے سرپرست ، محافظ اور فکر دیوبند کے بڑے ترجمان تھے ۔

آپ مفتی عبدالوہاب ویلوری کے بعد امیر شریعت تامل ناڈمنتخب ہوئے ۔آپ میل وشارم کے معروف تعلیمی ادارہ مدرسہ مفتاح العلوم کے سرپرست اعلی بھی تھے ۔آپ نے اپنی زندگی کے شر وع میں مدرسہ سبیل الرشاد بنگلور اور جامعہ باقیات الصالحات ویلور میں بھی درس و تدریس کی خدمت انجام دی اور صحت مندی کے ایام میں مجلس تحفظ ختم نبوت تامل ناڈو کے صدر اور سرگرم رکن رہے ۔

مولانا موصوف ہمیشہ سماجی برائی او رنت نئے فتن کے تعاقب میں فکر مند رہتے اور اہل مدارس و ارباب حل و عقد کو بار بار اس کی طرف توجہ دلاتے۔آپ جنوب ہند میں جمعیۃ علماء ہند اور دارالعلوم دیوبند کی تحریکوں کے بڑے معاون تھے۔ حال میں کیرل میں آئے بھیانک سیلاب کے موقع پر جمعیت کی راحت رسانی وبازآبادکاری کی سرگرمیوں کی سرپرستی بھی فرمائی ۔شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی ؒ سے عاشقانہ تعلق رکھتے تھے اور اپنی روحانی مجلسوں میں حضرت مدنی ؒ کے واقعات کا ضرورتذکرہ کرتے اور ان کی مجاہدانہ زندگی سے راہ عمل کی تلقین کرتے ۔

مولانا منصورپوری اور مولانا مدنی نے مولانا مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ کا اظہارکیا ہے اور اہل مدارس اور جمعیتی احباب و متعلقین سے اپیل کی ہے کہ ان کے لیے دعائے مغفرت و ایصال ثواب کا خصوصی اہتمام کریں.

دریں اثناء مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند میں منعقد ایک مجلس میں مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب اہتمام کیا گیا ، جس میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے دعاء فرمائی ۔ادھر میل وشارم میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں جمعیۃ علماء تامل ناڈو کے صدر مولانا منصورکاشفی، مولانا سعید جنرل سکریٹر ی جمعیۃ علماء تامل ناڈو ، حاجی محمد حسن چنئی اور مولانا شمس الدین بجلی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کرناٹک وغیرہم شریک ہوئے ۔

Post Top Ad

Your Ad Spot