Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, March 14, 2019

جماعت اسلامی ہند نے سیاسی پارٹیوں کے لئیے انتخابی منشور جاری کیا۔


نئی دہلی: (صداۓوقت)
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
جماعت اسلامی ہند نے پریس کلب آف انڈیا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں آئندہ پارلیمانی انتخابات کے مد نظرایک عوامی منشورجاری کیا۔ کانفرنس کوخطاب کرتے ہوئے امیرجماعت مولانا جلا ل الدین عمری نے بتایا کہ جماعت کا منصوبہ ہےکہ وہ مختلف سیاسی جماعتوں اوراہم شخصیات سے براہ راست ملاقات کرے گی اوران سے اپیل کرے گی کہ وہ اسےاپنے انتخابی منشورمیں ’چارٹرآف ڈیمانڈ‘ کے طور پر شامل کریں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ سےاعلی اخلاقی و انسانی اقدار، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارہ ،تمام طبقات کی ترقی اورانصاف پر مبنی حکمرانی کویقینی بنانے میں اپنا رول ادا کرتی ہے۔ ہندوستان کے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اورسب کے لئےبرابر مواقع کو یقینی بنانے، ایک تکثیری، ترقی پسند اوروسیع الظرف ہندوستان کے تصورکوعملی جامہ پہنانےکےلئےمنشورمیں شامل نکات کوہرسنجیدہ سیاسی پارٹی کے مقاصد میں شامل ہونا چاہئے۔
جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل محمد سلیم انجینئر نے بریفنگ کے دوران منشورکے بعض اہم نکات پیش کئے، جو اس طرح ہیں۔ تمام شہریوں کے لئے خوراک، لباس، مکان، تعلیم، صحت اور باوقارزندگی کی ضمانت نیزمنصفانہ تصورِترقی پرمبنی فلاحی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ظلم، تشدد، مذہبی جارحیت، ہجومی تشدد،ریاستی مظالم اورفرقہ وارانہ فسادات کا موثرانسداد،غریبوں، عورتوں، مسلمانوں اورملک کےغیرمحفوظ طبقات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ہمہ جہت پسماندگی کی وجہ سے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ان کے لئے تحفظات کی پالیسی اختیارکی جائے، لہذا رنگناتھ مشرا کمیٹی رپورٹ کونافذ کیا جائے۔ تعلیم اورملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے ریزرویشن دیا جائے، جس میں دوتہائی ذیلی کوٹہ مسلم اقلیت کے لئے محفوظ ہو۔ قومی پولس کمیشن کی سفارشات نافذ کی جائیں اور پولس نظام میں ہمہ گیراصلاح کی جائے۔ پولس فورس کو سب کی نمائندہ اورغیرمتعصب بنانے کے لئےاس فورس میں اقلیتوں کے لئے25 فیصد ریزرویشن ہو ۔