Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, March 17, 2019

انتخابات کے دوران دار العلوم دیوبند کا کسی بھی سیاسی پارٹی کے لیڈروں سے ملاقات سے انکار۔!!

دیوبند۔17 مارچ(صداۓوقت)
____________________

پارلیمانی الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی پارٹیوں کی نظریں ایک مرتبہ پھر دارالعلوم دیوبند کی جانب لگی ہوئی ہیں اور کئی لیڈر اپنی اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کے لئے حمایت کی امید لگائیں بیٹھے ہیں لیکن حسب سابق ان کی منشااس مرتبہ بھی پوری نہیں ہوگی کیونکہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے الیکشن کے دوران کسی بھی لیڈر سے ملنے سے صاف انکار کردیاہے اور کہاکہ الیکشن کے بعد تمام سیاسی پارٹیوں کے لئے ادارہ کے دروازے سابق کے تحت کھلے ہوئے ہیں ۔ 7؍ اپریل کو دیوبند میں اکھلیش یادو اورمایاوتی کی مشترکہ ریلی ہونے والی ہے، ریلی سے قبل ایس پی و بی ایس پی کے لیڈر ادارہ سے رابطہ کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ نے الیکشن کے دوران کسی بھی لیڈر سے ملاقات کرنے سے دو ٹوک منع کردیاہے، بتایاگیاہے دارالعلوم دیوبند نے ایس پی ،بی ایس پی نہیں بلکہ تمام سیاسی پارٹیوں سے ملنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا ہے ادارہ کے ذمہ داران الیکشن کے دوران لیڈروں سے کسی بھی طرح کی ملاقات نہیں کرتے ہیں، جس کا مقصد یہ ہوتا کہ یہ ادارہ پوری طرح غیر سیاسی اور کسی سے ملاقات کرکے یہ پیغام نہیں دینا چاہتا ہے کہ یہ ادارہ کسی خاص پارٹی کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ سال 2009ء میں ملائم سنگھ یادو سابق ممبر آف پارلیمنٹ قاضی رشید کے ساتھ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کے سابق مہتمم مولانا مرغوب الرحمن سے نہ صرف ملاقات کی تھی بلکہ'آشر واد' کے نام پر ان سے اپنے سر پر ہاتھ بھی رکھوایا تھا۔ جو اس وقت میڈیا کی بڑی سرخی بنی تھی۔ جس کے بعد سے دارالعلوم دیوبند نے انتخابات کے دوران سیاسی لیڈروں سے ملاقات کرنے سے پرہیز شروع کردیا تھا۔ ،دارالعلوم دیوبند ایک تعلیمی ادارہ ہونے کے ناطے یہاں کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، لیکن کسی سے نہ تو کوئی سیاسی گفتگو ہوگی اور نہ ہی الیکشن کے دوران سیاسی لیڈروں سے ملاقات کی جائیگی۔ بتایا جاتاہے کہ 7؍ اپریل کو دیوبند میں مایاوتی، اکھلیش یادو اور اجیت سنگھ کی ریلی ہے جس سے قبل ان کے نمائندے دارالعلوم دیوبند سے رابطہ کرکے ان لیڈروں کی ملاقات ادارہ کے ذمہ داران سے کرانا چاہتے ہیں۔