Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, August 23, 2019

ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں مولانا صداقت حسین قاسمی سپرد خاک۔


دربھنگہ۔ ۲۳؍اگست: ۔۔۔۔صداٸے وقت/(رفیع ساگر).
=========================
دارالعلوم بالاساتھ کے استاذ اور بزرگ عالم دین مولانا صداقت حسین قاسمی کا جمعرات کو طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیاتھااور آج جمعہ کی نماز کے بعد ان کی تدفین عمل میں آئی۔جمعہ سے قبل جامع مسجد بالاساتھ میں دارالعلوم بالاساتھ کے مہتمم مولانا قاری حفظ الرحمن نے اپنے خطاب کے دوران مولانا مرحوم کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مولانا نے پوری زندگی علم دین کی اشاعت میں بسر کی اور آخری سانس تک اپنے اس فرض منصبی کوپوراکرتے رہے۔انھوں نے کہاکہ مولانا مرحوم ایک جید عالم دین ہونے کے ساتھ نہایت بااخلاق،ملنسار اور شگفتہ مزاج انسان تھے،ان سے مل کر اور ان سے باتیں کرکے طبیعت خوش ہوجاتی تھی۔دارالعلوم بالاساتھ کے علاوہ انھوں نے بہار و جھارکھنڈ کے دیگر اداروں میں بھی ایک طویل عرصے تک تدریسی خدمات انجام دیں،مولانا مرحوم سے تاحیات ہمارانہایت مخلصانہ تعلق رہامگر دارالعلوم بالاساتھ سے منسلک ہونے کے بعد ہمارا یہ تعلق قربت میں بدل گیاتھا،وہ ہمیشہ ادارے کے مفاد میں سوچتے تھے اور قیمتی مشوروں سے نوازتے تھے۔دارالعلوم سبیل الفلاح جالے کے ناظم تعلیمات مفتی عامر مظھری قاسمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا مرحوم   طلبہ کے تئیں نہایت شفیق اور مہربان تھے اور ہمیشہ ان کی تعلیمی و اخلاقی ترقی کے لیے فکر مند رہتے تھے۔ دارالعلوم بالاساتھ میں جب میں زیر تعلیم تھا اس وقت ان کی بحالی ہوئی تھی اس وقت ہم طلبہ سے ہر روز ملاقات کرتے اور ہماری پریشانی پوچھتے اور کوئی مسئلہ ہوتا تو اس کو حل کرتے، تعلیمی رہنمائی کرتے اور اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے کوشاں رہتے واضح رہے کہ نما ز جمعہ کے بعد جامع مسجد بالاساتھ سے متصل ہی مرحو م کی نماز جنازہ اداکی گئی،جس میں بالاساتھ و مضافات کے ہزاروں علماء اور عام مسلمانوں نے شرکت کی۔مولانا کی نما زجنازہ ان کے برادرمولانا امانت حسین قاسمی نے پڑھائی۔اس موقعے پر دارالعلوم سبیل الفلاح جالے کے ناظم تعلیمات مفتی عامر مظھری قاسمی ،مولانا اسلم سبیلی ،مولانا محمد عباس قاسمی مفتی نصیر الدین قاسمی اور دارالعلوم بالاساتھ کے اساتذہ مولانا قاضی عمران قاسمی،مولانا عزیراختر قاسمی،مولانا حسین احمد قاسمی،مولانا شوکت علی قاسمی،مفتی ثناء اللہ قاسمی،مولانا حمید اللہ قاسمی،مولانا کاتب سمیع احمد شمسی وغیرہ بھی موجود تھے،انھوں نے بھی مولانا مرحوم کی وفات پر اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا کے پسماندگان اور وارثین سے تعزیت 
کااظہارکیاہے۔