Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, September 9, 2019

ایک کشمیری لڑکے کا ”اسرو“ کے چیرمین کو کھلا خط۔

از/ فیضان بخاری ۔صداٸے وقت
=========================
محترم ڈاکٹر سیون صاحب !
سب سے پہلے تو میں آپ کو اور آپ کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ مشن چندریان 2 کی کامیابی کے لیے آپ نے کڑی محنت کی لیکن بدقسمتی سے "چندریان 2" کے لینڈر "وکرم" کا گراؤنڈ کنٹرول سے رابطہ ٹوٹ گیا ۔
مجھے پتہ ہے کہ  آپ اپنے ملک کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچانا چاہتے تھے ۔ کون نہیں چاہے گا کہ وہ اپنے وطن عزیز کے لئے کچھ کرے ۔ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ جب آپ کسی کے اتنے قریب ہوں اور اس سے رابطہ ٹوٹ جائے تو یہ کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے ۔میں نے بھی ایک مہینے پہلے اپنے چاند سے رابطہ کھو دیا ۔میرا چاند یعنی میری ماں ۔ وہ جموں کشمیر کے بڈگام  میں رہتی ہیں۔  کئی ہفتے ہو گئے میں ان سے بات نہیں کر سکا ہوں ۔
آپ ایک بہت بڑے سائنسدان ہیں اور آپ کو معلوم ہے کہ حالات کیسے سنبھالے جاتے ہیں ۔ پھر بھی آپ وزیراعظم کے سامنے رو پڑے ۔جب کوئی آپ کے بہت قریب ہو اور آپ اس سے بات نہ کر پائیں تو دل دکھتا ہے ۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ  آپ کافی خوش قسمت ہیں ۔وزیراعظم نے آپ کو گلے لگایا تھپکیاں دیں  دلاسہ دیا کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ۔ لیکن مجھے دیکھیے میں کتنا بد قسمت ہوں ۔ایک مہینے سے زیادہ ہوگیا میرا اپنے پریوار سے کسی بھی طرح کا رابطہ نہیں ہو پایا پھر بھی کوئی مجھے دلاسہ دینے بھروسہ  دلانے نہیں آیا ۔ ہمارے محترم وزیر اعظم نے ہم جیسے لوگوں کے لیے ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔ان لوگوں کے لئے جن کا اپنے خاندانوں سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے ۔ سر ! کہیں نہ کہیں ہمارا اور آپ کا حال ایک جیسا ہے ۔ آپ کہہ رہے تھے کہ ہم لینڈر "وکرم" سے رابطہ جوڑنے کی لگاتار کوشش کر رہے ہیں اور میں پچھلے ایک مہینے سے اپنے گھر والوں سے لگاتار رابطہ کرنے کی جی توڑ کوششوں میں لگا ہوا ہوں ۔
مجھے یہ بھی لگ رہا ہے کہ لینڈر وکرم سے آپ جلد ہی دوبارہ رابطہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔لیکن اپنے کنبے سے میں رابطہ کرنے میں کامیاب ہو سکوں گا یہ مشکل لگ رہا ہے۔ سر! سب سے زیادہ تکلیف کس چیز سے ہوتی ہے معلوم ہے آپ کو  ؟ مجھے معلوم ہے ۔یہ درد تب ہوتا ہے جب آپ کے ہم وطن ہی آپ سے منہ موڑ لیتے ہیں ۔آپ سے انہیں کوئی ہمدردی نہیں ہوتی ۔وہ آپ کو دلاسہ نہیں دیتے اور نہ ہی ہمدردی دکھاتے ہیں ۔
سر میں پھر کہنا چاہتا ہوں آپ کافی لکی ہیں ۔ جب آپ نے لینڈر سے رابطہ ٹوٹنے کی بات کہی تو سوشل میڈیا پر دلاسہ دینے اور بھروسہ دلانے والی پوسٹوں کی باڑھ سی آ گئی۔ لیکن میں یہاں اکیلے بیٹھا ہوں۔ آپ کو خط لکھ رہا ہوں ۔