Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, September 9, 2019

دو اہم کتابوں کی رسم اجرإ۔

اعظم گڑھ۔۔۔اتر پردیش۔صداٸے وقت/ذراٸع۔/ ٩ ستمبر ٢٠١٩۔
=========================
جامعة الفلاح کے مولانا ابو الليث ھال میں دو اہم کتابوں کے اجرا کی تقریب منعقد ہوئی؛
1... فقہ السنہ مؤلف شیخ سید سابق رحمہ اللہ کا اردو ترجمہ از مولانا ولی اللہ مجید قاسمی صاحب
2.. عجائب الدعاء : قصص واقعية معاصرة، مؤلف شیخ مسلم عبد العزیز الزامل حفظہ اللہ کا اردو ترجمہ از مولانا ولی اللہ مجید قاسمی صاحب
دونوں کتابیں المنار پبلشنگ ھاوس دہلی سے شائع ہوئی ہیں.

فقہ السنہ تین جلدوں میں شائع ہے اور فقہ کے موضوع پر بہت جامع کتاب ہے، مؤلف جامعہ ازھر کے مشہور فضلاء میں سے ہیں، اس پر پیش لفظ امام حسن البناء رحمہ اللہ کے قلم سے ہے، کتاب کا اسلوب سلیس اور ترتیب عمدہ ہے، کتاب و سنت کے دلائل سے مزین ہے، تقابلی فقہ کا بہترین نمونہ ہے، موجودہ قوانین کا بھی تذکرہ ہے، کتاب کی اہمیت کے پیش نظر اس کی احادیث کی تخریج شیخ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ نے کی
.
اس کتاب کا مختلف زبانوں میں ترجمہ ہوا ہے، اردو میں اس کے مکمل ترجمہ کی شدید ضرورت تھی. الحمد للہ جامعہ کے فاضل استاذ حدیث و فقہ مولانا ولی اللہ مجید قاسمی صاحب نےاس ضرورت کو بحسن و خوبی پورا کیا اور اردو مبین میں اسے منتقل کردیا، اپنے قیمتی حواشی و تعلیقات کے ذریعے اس کی قدر و قیمت میں گرانقدر اضافہ کر دیا. برادر محترم جناب خالد اعظمی نے المنار پبلشنگ ھاؤس دہلی سے تین جلدوں میں بہت آب و تاب سے اسے شائع کرکے اردو داں طبقے کی خدمت میں گرانقدر تحفہ پیش کیا ہے، فجزاہ اللہ خیرا.
یہ کتاب مساجد، مراکز، مدارس اور گھروں کیلئے بڑا قیمتی ھدیہ ہے، عام لوگوں کیلئے اس سے استفادہ بہت آسان ہے، عبادات، معاملات، نکاح و طلاق، جہاد و آداب جہاد، ذکر و دعا، قضاء و آداب قضاء، میراث و وصیت، وقف و ھبہ، صلح و جنگ، حدود و تعزیرات اور قصاص و جنايات کے احکام سب کچھ بہت آسان انداز میں مع دلائل موجود ہے. مؤلف، مترجم اور ناشر سب شکریے کے مستحق ہیں جزاھم اللہ خیرا کثیرا.
دوسری کتاب کا موضوع دعا اور قبولیت دعا کے حیرت انگیز واقعات ہے. شیخ مسلم عبد العزیز الزامل کویت کے مشہور ادارہ جمعیت بشائر الخیر کے منیجر اور شیخ عبد الحمید جاسم البلالی حفظہ اللہ کے قریبی رفقاء میں سے ہیں. دعا کے موضوع پر انہوں نے؛ عجائب الدعاء، قصص واقعية معاصرة؛ کے نام سے بہترین کتاب لکھی، جس میں دعا کی فضیلت، اہمیت، آداب و شرائط کے ساتھ قبولیت دعا کے حیرت انگیز واقعات کا ذکر جمیل بھی ہے. اس کا ترجمہ بھی مولانا ولی اللہ مجید قاسمی صاحب نے؛ قبولیت دعا کے حیرت انگیز واقعات؛ کے نام سے کیا ہے اور بہت بہترین اسلوب میں کیا ہے. یہ کتاب بھی المنار پبلشنگ ھاؤس سے شائع ہوئی ہے اور اردو داں قارئین کیلئے گرانقدر تحفہ ہے. دونوں کتابیں درج ذیل پتوں سے قابل حصول ہیں؛
1... المنار پبلشنگ ھاؤس، این 27 ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، دہلی
2.. ادارہ علمیہ، جامعہ الفلاح، بلریاگنج، أعظم گڑھ
3 .. جامعہ الامام قاسم، مدھوبنی، سپول، بہار
4.. ایجوکیشنل بک ھاؤس، بلریاگنج، اعظم گڑھ
اللہ تعالیٰ ان دونوں کتابوں کے نفع کو عام کرے اور مؤلفین، مترجم اور ناشر کیلئے اجر عظیم کا ذریعہ بنائے. آمین
طاہر مدنی، 9 ستمبر 2019