Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, October 23, 2019

اسلامی دشمن طاقتیں مسلمانوں کے حوصلوں کو پست کرنا چاہتی ہیں۔!

از/سید سعادیب دت اللہ حسینی۔۔/صداٸے وقت۔
===========================
جو طاقتیں اسلام اورمسلمانوں کی دشمن ہیں، اُن کا اصل ہدف یہی ہے کہ مسلمان مایوس اور ناامید ہوجائیں۔ کسی قوم کے لیے سب سے بڑی تباہی مایوسی و ناامیدی ہے۔ سخت حالات کی عمر مختصر ہوتی ہے لیکن اگر پست ہمتی اور خوف کی نفسیات عام ہوجائے تو اس کے اثرات دیر پا ہوتے ہیں۔ یہ نفسیات زندگی کی امنگ چھین لیتی ہے۔ خود اعتمادی کو مجروح کرتی ہے۔ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے حوصلوں کو ختم کرتی ہے۔ خوف اور ناامیدی عام ہوجائے تو سیاسی و سماجی جد و جہد تو دور کی بات ہے، معاشی و تعلیمی ترقی کے محرکات بھی کم زور ہوجاتے ہیں۔ افراد کی طرح اجتماعی گروہوں کے لیے بھی امید اور اعتما د ایک بڑی اہم طاقت اور قوت محرکہ ہوتی ہے۔ اگر امید کی لو روشن رہے تو بڑی سے بڑی ناکامی اور بھیانک سے بھیانک سانحہ بھی قوموں کی کمر نہیں توڑسکتا۔ وہ اپنی خاکستر میں بھی امید کی چنگاریوں کو بچائے رکھتے ہیں اور مناسب وقت پر مثبت تبدیلی کا ایک ہلکا سا جھونکا بھی ان چنگاریوں کو بھڑکاکر شعلہ بنادیتا ہے۔ اس کے برخلاف اگر امید و یقین کا دامن ہاتھ سے چھوٹ جائے تو سائے اور واہمے بھی دہشت طاری کرنے لگتے ہیں۔ ہوا کے جھونکے سے بھی تباہ کن آندھی کا

احساس ہونے لگتا ہے۔ ایسی قوموں کو مارنے کے لیے کسی دشمن کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اندیشوں اور واہموں کی شکار ہوکر وہ اپنی موت آپ مرجاتی ہیں۔
.
سید سعادت اللہ حسینی