Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, July 15, 2020

کرناٹک میں پی یو سی دوم کے نتائج کا اعلان، مسلم انتظامیہ کے تحت چلنے والے کالجوں کے نتائج بھی پرکشش۔

کرناٹک میں پی یو سی دوم (12جماعت) کے سالانہ امتحانات کے نتائج آج منظر عام پر آئے۔ مارچ 2020 میں ہوئے ان امتحانات میں 6 لاکھ 75 ہزار 277 طلباء و طالبات نے حصہ لیا تھا۔ ان میں 4 لاکھ 17 ہزار 297 طلبہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔
بنگلورو۔۔کرناٹک /صداٸے وقت / بحوالہ نیوز 18 اردو/ 15 جولاٸی 2020.
==============================
کرناٹک میں پی یو سی دوم (12جماعت) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کل 14 جولاٸی کو منظر عام پر آئے۔ مارچ 2020 میں ہوئے ان امتحانات میں 6 لاکھ 75 ہزار 277 طلباء و طالبات نے حصہ لیا تھا۔ ان میں 4 لاکھ 17 ہزار 297 طلبہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ اس سال پی یو سی دوم میں کامیابی کا فیصد 61.80 ہے، گزشتہ سال یہ فیصد 61.73 تھا۔ اس مرتبہ سائنس شعبہ میں طلبہ کی کامیابی کا فیصد 76.2، کامرس شعبہ میں 65.52 جبکہ آرٹس شعبہ کے طلبہ کا مظاہرہ کافی خراب رہا ہے۔ آرٹس شعبہ میں صرف 41.27 فیصد طلباء و طالبات ہی کامیاب ہوئے ہیں۔پی یو سی دوم کے نتائج میں اس بار بھی لڑکیوں نے بازی ماری ہے۔ لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 68.73 رہا ہے جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 54.77 رہا ہے۔
12 ویں جماعت کے ان نتائج میں گزشتہ سال دیہی علاقوں کے طلبہ آگے تھے اس بار شہری علاقوں کے طلبہ کا مظاہرہ اچھا رہا ہے۔ شہری علاقوں کے طلبہ کی کامیابی کا فیصد 62.60 ہے جبکہ دیہی علاقوں کے کل 58.99 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال دیہی علاقوں کے 62.88 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے تھے۔اضلاع کے لحاظ سے ریاست کا اڈپی ضلع 90.71 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ وجئے پور ضلع 54.22 فیصد کے ساتھ سب سے آخری مقام پر ہے۔ اس فہرست میں بنگلورو ساوتھ ضلع 77.56 فیصد کے ساتھ چھٹے مقام پر جبکہ بنگلورو شمال ضلع 75.54 فیصد کے ساتھ ساتویں مقام پر ہے۔
وہیں گلبرگہ ضلع 58.27 فیصد کے ساتھ 29 ویں مقام اور رائچور ضلع 56.22 فیصد کے ساتھ 31 ویں مقام پر ہے۔ذات اور کٹیگری کے لحاظ سے 2 بی کٹیگری جس میں مسلم طبقہ شامل ہے کامیابی کا فیصد 58.56 ہے۔ایسے مضمون جن میں طلبہ کو صد فیصد مارکس (100 /100 ) حاصل ہوئے ہیں، ان میں علم ریاضی مضمون میں سب سے زیادہ یعنی 7131 طلبہ کو صد فیصد مارکس حاصل ہوئے ہیں۔ زبانوں کی فہرست میں سنسکرت میں طلبہ کا مظاہرہ شاندار دکھائی دے رہا۔ سنسکرت مضمون میں 967 طلبہ کو صد فیصد مارکس ملے ہیں جبکہ ریاست کی سرکاری زبان کنڑا میں 257 طلبہ نے سو کے سو نمبرات حاصل کئے ہیں۔
ہندی مضمون میں 51 طلبہ جبکہ اردو زبان میں صرف 1 طالب علم نے صد فیصد مارکس پائے ہیں۔ بنگلورو کے مسلم انتظامیہ کے تحت قائم پی یو کالجوں کے نتائج بھی پرکشش دکھائی دے رہے ہیں۔ مجلس ملیہ اسلامیہ کے نتائج 100 فیصد، شاہین فالکان پی یو کالج کے نتائج 89 فیصد، ہلال کمپوزیٹ کالج کے نتائج 85 فیصد، الامین کالج کولار کے نتائج 78 فیصد، جامع العلوم کالج کے نتائج 75 فیصد، بسم اللہ ایجوکیشنل ٹرسٹ (BET ) کے نتائج 75 فیصد، الامین پی یو کالج بنگلورو کے نتائج 71 فیصد رہے ہیں۔ حسنات کالج کے نتائج بھی تقریباً 75 فیصد آئے ہیں۔واضح رہے کہ کرناٹک میں پی یو سی دوم کے امتحانات لاک ڈاؤن سے قبل منعقد کئے گئے تھے۔ صرف ایک پرچہ انگریزی جس کا امتحان 23 مارچ کو ہونا تھا، لاک ڈاؤن کے ختم ہونے کے بعد 18جون 2020 کو منعقد ہوا۔ اسطرح تاخیر سے ہی صحیح کورونا کی وبا کے درمیان ریاستی حکومت کو پی یو سی دوم کے امتحانات کروانے میں کامیابی ملی ہے۔