Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, May 3, 2021

رمضان کا آخری عشرہ.....

تحریر /مولانا محمد طاہر مدنی /صدائے وقت. 
+++++++++++++++++++++++++++++
رمضان کے آخری عشرے کی خاص فضیلت ہے. اکیسویں شب سے اس کا آغاز ہوتا ہے. فضیلت کی وجہ شب قدر ہے جسے قرآن مجید میں ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا گیا ہے. اس فضیلت کی وجہ اس شب میں نزول قرآن ہے. نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ شب قدر کو رمضان کے آخری عشرے میں تلاش کرو، بعض روایات میں آپ نے کہا کہ طاق راتوں میں تلاش کرو.
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے آپ کا معمول بیان کرتے ہوئے کہا کہ؛ كان اذا دخل العشر شد مئزره و أحيا ليله وايقظ أهله، رواه البخاري.
یعنی آپ کا معمول یہ تھا کہ جب آخری عشرہ آجاتا تو کمر بستہ ہوجاتے، شب بیداری کرتے اور گھر والوں کو بھی جگاتے.
آپ کا یہ بھی معمول تھا کہ آخری عشرے میں اعتکاف کرتے تھے، یہ اعتکاف سنت موکدہ ہے، اس کا اہتمام ہونا چاہیے.
برادران اسلام!
آخری عشرہ سایہ فگن ہورہا ہے. سب سے افضل مہینہ ماہ رمضان، افضل تریں ایام، رمضان کا آخری عشرہ، افضل ترین رات، شب قدر، جس کی عبادت 83 برس سے زیادہ کی فضیلت رکھتی ہے.
کون عقل مند ایسا ہوگا جو اس موقع کو ضائع کردے؟ پتہ نہیں زندگی میں دوبارہ یہ موقع ملے گا یا نہیں ملے گا؟ ممکن ہے یہ ہمارا آخری رمضان ہو. اس لیے ان ایام کو غنیمت جانیں اور زیادہ سے زیادہ اعمال خیر کی کوشش کریں. ذیل میں چند اعمال خیر کی نشاندہی بطور آسانی کی جا رہی ہے؛
1.. تلاوت اور مطالعہ قرآن
2... قیام لیل
3... اذکار مسنونہ کا اہتمام
4... صدقہ و انفاق فی سبیل اللہ
5... والدین کو خوش رکھنے کی کوشش
6... صلہ رحمی
7.. خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا، بالخصوص موجودہ حالات میں مریضوں کی مدد
8... دعوت و اصلاح کے کام
9... اہل خانہ کی تربیت
10.. صدقہ فطر اور زکوٰۃ کا نظم اجتماعی
11... اسوہ حسنہ اور اسوہ صحابہ کا مطالعہ
12... اعتکاف کی سنت پر عمل
13... کثرت استغفار
14.... دروس دینیہ کا اہتمام
15... عیادت مریض
16... إطعام طعام
17... افطار صائم
18... تعلیم علم
19... شرکت جنائز
20... بکثرت دعا
اے اللہ! ہمیں آخری عشرے کی قدر کی توفیق دے، اس میں زیادہ سے زیادہ اعمال خیر کی توفیق عطا فرما، شب قدر سے نواز دے، ہمارے اعمال صالحہ کو قبول فرما، توبہ و استغفار کی توفیق دے اور رمضان کے حسن اختتام کی دولت سے مالا مال کر دے. آمین
نوٹ؛ شب قدر کی خاص دعا؛ اللهم انك عفو كريم تحب العفو فاعف عني. اے اللہ تو معاف کرنے والا، کرم کرنے والا ہے. مجھے معاف کر دے. آمین
طاہر مدنی
20 رمضان 1442
3 مئی 2021