Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, July 20, 2018

اجودھیا کیس : جمعیۃعلماء ہند کے وکیل ڈاکٹر راجیودھون کی بحث مکمل ، عدالت کا فیصلہ محفوظ

نئی دہلی : بابری مسجدرام جنم بھومی ملکیت کے مقدمہ میں سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ جمعیۃعلماء ہند کے وکیل ڈاکٹر راجیودھون نے اپنی بحث مکمل کرلی ہے۔ سماعت کے دوران ہندوفریقین کے وکلاء نے جمعیۃعلماء ہند کے وکیل ڈاکٹر راجیودھون کے "ہندوطالبان "والے ریمارکس پر شدید اعتراض کیا اور بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔واضح رہے کہ پچھلی سماعت کے دوران ڈاکٹر راجیودھون نے اس لفظ کا استعمال کیا تھا ۔
سماعت کے بعد چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی تین رکنی بینچ نے جمعیۃ علماء ہند کے وکیل ڈاکٹر راجیو دھون اور مسلم فریقین کے دیگر وکلاء کی اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ، جس میں انہوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ معاملہ کی نوعیت اور سنگینی کے مد نظر اس کی سماعت کثیر رکنی بینچ کے ذریعہ کرائی جائے


ادھر جمعیۃعلماء ہند کے صدر مولانا سید ارشدمدنی نے آج کی پیش رفت پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہمارے وکلاء اور خاص طور پر ڈاکٹر راجیودھون نے جو بحث کی ہم اس سے پوری طرح مطمئن ہیں ہمارے وکلاء نے پوری تیاری کے ساتھ بحث کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے آج اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تاہم ہمیں امیدہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا اور اس مقدمہ کو ایک کثیر رکنی بینچ کے حوالہ کردیا جائے گا ۔


بابری مسجد کی ملکیت کے تنازع کو لے کر سپریم کورٹ آف انڈیا میں زیر سماعت پٹیشن نمبر 10866-10867/2010 پر بحث میں سینئر وکلاء کی معاونت کے لئے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول، ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ جارج، ایڈوکیٹ تانیا شری، ایڈوکیٹ اکرتی چوبے ، ایڈوکیٹ قرۃ العین، ایڈوکیٹ واصف رحمن خان،ایڈوکیٹ مجاہد احمد، ایڈوکیٹ زین مقبول، ایڈوکیٹ ایوانی مقبول،ایڈوکیٹ کنور ادتیہ، ایڈوکیٹ ہمسینی شنکر، ایڈوکیٹ پریانشی جیسوال و دیگر موجود تھے ۔