Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, September 4, 2018

گوناگوں خوبیوں کے حائل غلام محمد قاصر کا پوم پیدائش۔

پاکستان کے مشہور شاعر،ڈرامہ نگار،گیت کار و نقاد "غلام محمد قاصرکے یوم پیدائش (4ستمبر 1944) کے موقع پر ایک خصوصی فیچر۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .  
غلام محمد قاصر (4 ستمبر 1941---20 فروری 1999)۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
صدائے وقت۔بشکریہ تنظیم ادب برائے ادب۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
"آج مشہور شاعر ، ڈرامہ نگار ، گیت کار اور نقاد "غلام محمد قاصر" کا یوم ِ پیدائش ہے"

کروں گا کیا جو محبت میں ہو گیا ناکام !"
مجھے  تو اور کوئی کام بھی نہیں آتا !"
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
غلام محمد قاصر پاکستان سے تعلق رکھنے ولے اردو کے ممتاز شاعر، ڈراما نگار، گیت نگار اور نقاد تھے۔

غلام محمد قاصر4 ستمبر 1941ء میں پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان سے 40 کلومیٹر شمال میں واقع ایک چھوٹے سے قصبے پہاڑپور میں پیدا ہوئے۔
گورنمنٹ ہائی اسکول پہاڑ پور سے میٹرک کرنے کے بعد اسی اسکول میں بطور ٹیچر تقرری ہوئی ۔ تاہم ملازمت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ طور پر تعلیمی سلسلہ جاری رکھا اور اردو ادب میں ایم اے کیا۔ اور اس کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقوں میں تدریس کے شعبے سے منسلک رہے۔ 1975ء میں بطور لیکچرار پہلی تقرری گورنمنٹ کالج مردان میں ہوئی۔ اس کے بعد سپیرئیر سائنس کالج پشاور، گورنمنٹ کالج درہ آدم خیل، گورنمنٹ کالج پشاور، گورنمنٹ کالج طورو اور گورنمنٹ کالج پبی میں درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ رہے۔

اسی دوران کہیں سے شعر کی چنگاری پھوٹی جس نے بالآخر پورے ملک میں ان کے نرالے طرزِ ادا کے شعلے بکھیر دیے۔ حتیٰ کہ 1977ء میں جب ان کا پہلا شعری مجموعہ ’تسلسل‘ شائع ہوا تو اس کے بارے میں ظفر اقبال جیسے لگی لپٹی نہ رکھنے والے شاعر نے لکھا کہ میری شاعری جہاں سے ختم ہوتی ہے قاصر کی شاعری وہاں سے شروع ہوتی ہے۔

ساٹھ کی دہائی کے اواخر کی بات ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک عظیم الشان کل پاکستان مشاعرہ منعقد ہوا جس میں اس دور کے اکثر نامی گرامی شعرا نے حصہ لیا، جن میں ناصر کاظمی، منیر نیازی، احمد ندیم قاسمی، قتیل شفائی، محبوب خزاں وغیرہ شامل تھے۔
مشاعرے کے آغاز ہی میں ایک نوجوان شاعر کو کلام سنانے کی دعوت دی گئی۔ ایک چوبیس پچیس سالہ دبلے پتلے سکول ٹیچر نے ہاتھوں میں لرزتے ہوئے کاغذ کو بڑی مشکل سے سنبھال کر ایسے لہجے میں غزل سنانا شروع کی جسے کسی طرح بھی ٹکسالی نہیں کہا جا سکتا تھا۔ لیکن اشعار کی روانی، غزلیت کی فراوانی اور خیال کی کاٹ ایسی تھی کہ بڑے ناموں کی باری کے منتظر سامعین بھی نوٹس لینے پر مجبور ہو گئے۔
جب نوجوان اس شعر پر آئے تو نہ صرف گاؤ تکیوں سے ٹیک لگائے شعرا یک لخت اٹھ بیٹھے اور بلکہ انھوں نے تمام سامعین کی آواز میں آواز ملا کر وہ داد دی کہ پنڈال کی محاوراتی چھت اڑ گئی۔ شعر تھا:
تم یوں ہی ناراض ہوئے ہو ورنہ میخانے کا پتہ
ہم نے ہر اس شخص سے پوچھا جس کے نین نشیلے تھے
لوگ ایک دوسرے سے پوچھنے لگے کہ یہ کون ہے؟ اس سوال کا جواب غزل کے آخری شعر میں شاعر نے خود ہی دے دیا:
کون غلام محمد قاصر بیچارے سے کرتا بات
یہ چالاکوں کی بستی تھی اور حضرت شرمیلے تھے
قاصر نے ظفر اقبال اور ان کے دور کے بعض دوسرے جدید غزل گو شعرا کی طرح زبان کے ساتھ زیادہ اٹکھیلیاں نہیں کھیلیں، بلکہ لسانی تشکیلات کے باوجود روایت اور کلاسیکی زبان کا دامن تھامے رکھا۔ تاہم انھوں نے روایت میں بھی جدت اور ندرت کا مظاہرہ کیا ہے۔
میں بدن کو درد کے ملبوس پہناتا رہا
روح تک پھیلی ہوئی ملتی ہے عریانی مجھے
گلیوں کی اداسی پوچھتی ہے، گھر کا سناٹا کہتا ہے
اس شہر کا ہر رہنے والا کیوں دوسرے شہر میں رہتا ہے
لاہور اور کراچی جیسے اردو کے بڑے دبستانوں سے دور بیٹھ کر شعر کی جوت جگانے والے قاصر کے موضوعات اور انھیں برتنے کا انداز سادہ ہے، لیکن اس سادگی میں بھی جذبے کی ایسی صداقت دکھائی دیتی ہے جو قاری کو چونکا دیتی ہے۔ احمد ندیم قاسمی ان کے بارے میں لکھتے ہیں: ’جب کوئی سچ مچ کا شاعر بات کہنے کا اپنا سلیقہ روایت میں شامل کرتا ہے تو پوری روایت جگمگا اٹھتی ہے۔
نظر نظر میں ادائے جمال رکھتے تھے
ہم ایک شخص کا کتنا خیال رکھتے تھے
جبیں پہ آنے نہ دیتے تھے اک شکن بھی کبھی
اگرچہ دل میں ہزاروں ملال رکھتے تھے
قاصر نے اپنے زمانے میں چلنے والی ادبی تحریکوں سے دامن بچائے رکھا۔ انھوں نے ترقی پسندوں کی انگلی تھامی، نہ جدیدیت کے پیروکاروں سے زیادہ سروکار رکھا، لیکن ان کی وسعتِ نظر ایسی ہے جو انسانی نفسیات کی اتھاہ گہرائیوں میں کمال سہولت سے اتر جاتی ہے:
کشتی بھی نہیں بدلی، دریا بھی نہیں بدلا
ہم ڈوبنے والوں کا جذبہ بھی نہیں بدلا
پہلے اِک شخص میری ذات بنا
اور پھر پوری کائنات بنا
کیا کروں میں یقیں نہیں آتا
تم تو سچے ہو بات جھوٹی ہے
قاصر کے ہاں روایت اور جدت کے امتزاج کی ایک اور مثال یہ ہے کہ وہ اساطیری روایات کو پلٹ کر انھیں نیا رنگ عطا کر دیتے ہیں، اور ہزاروں بار سنی ہوئی بات بھی اچھوتی ہو جاتی ہے:
بیکار گیا بن میں سونا میرا صدیوں کا
اس شہر میں تو اب تک سِکہ بھی نہیں بدلا
آگ درکار تھی اور نور اٹھا لائے ہیں
ہم عبث طور اٹھا لائے ہیں
پیاس کی سلطنت نہیں مٹتی
لاکھ دجلے بنا فرات بنا
یوں تو قاسمی، ظفر اقبال، احمد فراز، قتیل شفائی، شہزاد احمد، صوفی تبسم، رئیس امروہوی جیسے کئی مشاہیر نے قاصر کی ستائش کی ہے، لیکن مشہور کالم نگار منو بھائی نادانستگی میں اپنے ایک کالم میں قاصر کا یہ شعر میر کے نام سے نقل کر گئے:
کروں گا کیا جو محبت میں ہو گیا ناکام
مجھے تو اور کوئی کام بھی نہیں آتا
کسی بھی نئے یا پرانے شاعر کو اس سے بڑھ کر داد نہیں دی جا سکتی۔

صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی (اردو شاعری ) 2007ء (غلام محمد قاصر پاکستان کے واحد ادیب ہیں جنھیں مرنے کے بعد تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا)
پروین شاکر عکس خوشبو ایوارڈ برائے بہترین شاعری
وثیقہ اعتراف (اردو ادب ) ہمدرد فاونڈیشن کراچی 1994ء
بہترین نغمہ نگار ایوراڈ ۔ پی ٹی وی پشاور ۔ 1993ء
بولان ایوارڈ ۔ بہترین ڈراما نگار /شاعری بولان اکیڈیمی 1993ء
سردار عبدالرب نشتر ایوارڈ ( گولڈ میڈل ) برائے بہترین شاعری اباسین آرٹس کونسل پشاور 1988ء

قاصر کی زندگی میں ان کے تین شعری مجموعے شائع ہوئے، ’تسلسل،‘ ’آٹھواں آسمان بھی نیلا ہے،‘ اور ’دریائے گمان،‘ جب کہ کلیات ’اک شعر ابھی تک رہتا ہے‘ مرنے کے بعد 2009ء شائع ہوئی۔
جنہوں نے سنجیدہ ادبی حلقوں میں بے پناہ پذیرائی حاصل کی اور قاصر کو جدید اردو غزل کے نمائندہ شعراء میں ایک منفرد مقام کا حامل قرار دیا گیا۔

انہوں نے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے لیے متعدد ڈرامے اور پروگرام لکھے جو ناظرین و سامعین میں بے حد مقبول ہے۔ قاصر کا تحریر کردہ ڈراما سیریل "تلاش" اور بچوں کے لیے کھیل "بھوت بنگلہ" نے خاص طور پر بہت مقبولیت حاصل کی۔
قاصر نے پاکستان کے کچھ اہل قلم پر عمدہ مضامین رقم کیے۔ پاکستان اور بیرون ملک پاکستان منعقد ہونے والے مشاعروں اور ادبی کانفرنسوں میں شرکت بھی کی۔ جبکہ این ڈبلیو ایف پی ٹیکسٹ بک بورڈ کے لیے ساتویں ، گیارہویں جماعت کے لیے نصاب مرتب کیا۔

تین ماہ تک جگر کے سرطان میں مبتلا رہنے کے بعد غلام محمد قاصر 20 فروری 1999 کو اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔ ان کی وفات پر ادبی حلقوں میں یہ بازگشت سنائی دی گئی کہ جدید غزل کے امکانات کا شاعر رخصت ہوگیا ہے۔ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان نے غلام محمد قاصر کے انتقال پر تعزیتی پروگرام نشر کئے۔