Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, September 28, 2018

مہاراشٹر نشے کا ناس دیش کا وکاس نشے کے خلاف جماعت اسلامی ہند کی مہم۔


آؤ بچائیں سماج کو اس لعنت سے
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
تحریر/ محمد خالد۔ممبئی۔
. . . . . . . . . .بشکریہ صدائے وقت۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
سماج میں نشے کی بڑھتی ہوئی لت کا شکار نوجوان کس طرح اپنے خاندان اور سماج کا کتنا بڑا نقصان کر رہے ہیں اس سے ہم سبھی اچھی طرح واقف ہیں۔ آج صورتحال یہ ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں خاص کر مسلم بستیوں میں نشہ آور ادویات، انجیکشن، کوریکس اور دیگر نشیلی ادویات کا دھڑلے سے بڑے پیمانے پر کاروبار ہورہاہے اور امیر و غریب ہر شخص بالخصوص اسکول اور کالج میں جانے والے طلبہ اس بری لت کا شکار ہوکر نہ صرف یہ کہ اپنی صحت کے خود دشمن بن رہے ہیں بلکہ سماج اور قوم کا ایک اہم مستقبل کا قیمتی سرمایہ ضائع ہونے کی کگار پر ہے۔
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کی مقامی یونیٹں پچھلے چند سالوں سے مسلسل اس بڑھتی ہوئی نشہ کی لت کے خلاف مقامی سطح پر مہم چلاتی رہی ہیں الحمدللہ، اس کے اچھے نتائج بھی کئی مقامات پر ظاہر ہوئے ہیں۔ نشے کی لت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے سماج کو نشہ کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے ریاستی سطح پر 2 تا 8/ اکتوبر 2018ء ایک ہفتہ روزہ نشہ مخالف مہم بعنوان *نشے کا ناش دیش کا وکاس* کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
*مہم کے اہم مقاصد*
1- سماج اور بالخصوص نوجوانوں کو نشہ کے مضر اثرات اور سے منسلک سماجی، نفسیاتی، اقتصادی و جسمانی نقصانات سے واقف کرانا۔
2- نشہ کے عادی نوجوان کو نشہ کی لت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں راہنمائی و تعاون کرنا۔
3- نشہ بندی کے لیے سرگرم اداروں (NGOS) اور اصلاح پسند افراد کے اشتراک سے نشہ پاک سماج کی تعمیر کرنا۔
4- منشیات کی روک تھام کے لیے حکومت سے اقدامات کا مطالبہ کرنا۔
5- منشیات سے اسکول و کالجز کو پاک کرنے کے لیے ہدف بناکر اساتذہ اور طلباء و والدین کے درمیان ربط قائم کرنا۔
*خیر امت* ہونے کے ناطے یہ ہماری دینی ذمہ داری ہے کہ ہم سماج میں امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیں۔ سماج کو نشہ کے نقصانات سے بچانا نہی عن المنکر کے فریضہ میں شامل ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآن مجید فرماتا ہے کہ" *اے مومنو! شراب اور جوا اور آستانے اور پانسے یہ سب گندے شیطانی کام ہیں، ان سے بچتے رہو تاکہ تمہیں فلاح نصیب ہو۔" (المائدہ:90)* شراب کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ" *اللہ نے لعنت فرمائی ہے شراب پر اور شراب پینے والے پر، پلانے والے پر اور بیچنے والے پر اور خریدنے والے پر، اور کشید کرنے والے پر اور ڈھوکر لے جانے والے پر اور اس شخص پر جس کے لئے ڈھوکر لے جائی گئی ہو۔*" نشہ آور ادویات میں شراب کے ساتھ ساتھ افھیم، چرس، گانجہ، ہیروئن، ایم ڈی بھی شامل ہیں اور تمباکو، گٹکا اور سگریٹ نوشی بھی آہستہ آہستہ نوجوانوں کو نشہ ہی کی طرف دکھیلتی ہیں۔ ان ساری چیزوں کے استعمال سے بےشمار بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں اور ان کا علاج تقریباً ناممکن ہوتا جارہا ہے اور پھر انسان ان کے استعمال سے دنیاوی بےرغبتی کا شکار ہوکر دن بدن کمزور ہوتا چلا جاتا ہے اور پھر کم وقت میں موت کا شکار ہوجاتا ہے یا پھر ناقابل علاج اور متعدد بیماریوں میں مبتلا ہوکر زندہ درگور ہو جاتا ہے۔
*بچوں میں نشے کی علامتیں*
والدین بچوں میں ان تبدیلیوں کو دیکھ کر ہوشیار ہوجائیں اور دیکھیں کہ کہیں ہمارا بچہ نشہ کی طرف تو نہیں بڑھ رہا ہے۔ پیسوں کا چوری ہونا، اچانک زیادہ غصہ آنا، بھوک کا کم لگنا، رات دیر تک گھر سے غائب رہنا، دیر تک سونا، زیادہ میٹھا کھانا، خوشبو لگا کر آنا اور اگر ایسا ہے تو پیار ومحبت سے بچوں کی تلاشی لیں۔ اگر کوئی شخص یا بچہ نشہ میں ملوث ہوتو ڈاکٹر کی فوراً خدمات حاصل کریں یا Rehabilitation Centre میں داخل کرائیں جہاں ان کا علاج ہوسکے۔
یہ تنہا جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرا کا کام نہیں ہے بلکہ وہ اسے تمام مسلم جماعتوں اور تنظیموں کا کام سمجھتی ہے اور اسی لیے ان سے پرزور درخواست کرتی ہے کہ نشہ کے خلاف ریاستی سطح پر منائی جانے والی مہم *نشے کا ناش دیش کا وکاس 2 تا 8/اکتوبر* کے ساتھ دست تعاون بڑھائیں اور اس میں شامل ہوکر اس کو کامیابی سے ہم کنار کرنے ہماری مدد و نصرت فرمائے۔