Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, March 25, 2019

یرغمالی نفسیات!!!!


از/نایاب حسن ۔صدائے وقت۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
یرغمالی نفسیات دونوں طرف کام کررہی ہے ـ پاکستان میں اقلیتوں پرمظالم یادہشت گردی کے واقعات ہوں، توہندستان والے انھیں چڑاتے ہیں اوریہاں اقلیتوں پرمظالم ہوں، تووہاں والے مگرمچھ کے آنسوبہاتےہیں ـ ظاہرہے کہ دونوں طرف کے اس رویے سے دونوں طرف کے مظلومین ومتاثرین کوفائدہ توہرگزنہیں پہنچتا؛بلکہ دونوں طرف کے غیرسماجی عناصرکو مزیدظلم وزیادتی کاارتکاب کرنے کی شہہ ملتی ہےـ یہی وہ بھیانک خدشہ تھا، جس کااظہارآزادی سے قبل قوم پرست مسلم سیاست دانوں نے کیاتھا، خصوصا مولاناآزادنے اپنی متعددتحریروتقریرمیں اس کی طرف اشارے کیے تھے ـ تب تومسلمانانِ برصغیر اس قسم کی باتیں سمجھنے توکیا، سننےکوبھی تیارنہ تھے؛ بلکہ ایسے قائدین کی ڈاڑھیاں نوچتے، پگڑیاں اچھالتے اوران کابخیہ ادھیڑنے کے درپے ہوجاتے تھےـ مگراب جب یہ خدشہ ننگی حقیقت بن کرسامنے ہے، تواسے تسلیم کرکے اسے دورکرنے کی کوشش کرنے کی بجاے اسے بھی تقسیمِ برصغیرکی دلیل یااس کے جوازکے طورپرپیش کیاجاتاہےـ
یہ کتنی شرمناک صورتِ حال ہے کہ سوشل میڈیامیں وائرل ایک ہندوضعیف العمرشخص کی بیٹیوں کی تبدیلیِ مذہب وزیادتی کی خبریں اورسینہ کوبی کرتے ہوئے ان کے باپ کی ویڈیووائرل ہوئی، توپڑوس کے کچھ دانشوردھرسے دوتین دن قبل ہندستان کے گڑگاؤں میں ایک مسلم خاندان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی ویڈیوپھیلانے لگے اوردنیاکو "بھارت کامکروہ چہرہ "دکھایاجانے لگا، یہی حرکت بہت سے ہندستانیوں نے بھی مذکورہ پاکستانی واقعے اوراس سے متعلق خبرکوشیئرکرتے ہوئے کی ـ اسی قسم کاردِعمل ابھی دودن قبل دیکھنےکوملاتھا،جب وہاں کے ایک موقرعالمِ دین مولانامحمدتقی عثمانی پرقاتلانہ حملہ ہواتھا، کئی لوگوں کی ایسی تحریریں نظرسے گزریں، جن میں پاکستان پراس طرح طعن توڑاجارہاتھاکہ گویامولاناکے ساتھ جوکچھ ہوا،وہ پاکستان بننے اوران کے پاکستان میں ہونے کی وجہ سےہواـ
ظلم، ظلم ہے، چاہے وہ جس پربھی ہواورظلم کرنے والاجوکوئی بھی ہوـ دونوں ملکوں کے عوام کو اپنے اپنے ملک کے حالات کوآبزروکرناچاہیے، اپنے یہاں ہونے والی بدعنوانی، دہشت گردی، اکثریتوں کے ذریعے اقلیتوں کودبانے کی کوششوں اور ان کے حقوق کی پامالی کے خلاف حسبِ وسعت آوازبلندکرنی چاہیےـ ہندستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہونی والی زیادتی کوپاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ مظالم کاجوازنہیں بنایاجاسکتا،نہ پاکستان میں اقلیتوں پرہونے والے مظالم کوبنیادبناکرہندستان کی اقلیتوں کوہراساں کرنے کاعمل درست ہوسکتاہے ـ جولوگ ایسے غیرانسانی واقعات کااستعمال اپنی مفلوج سیاسی فکرکودرست ٹھہرانے کے لیےکرتے ہیں،وہ بھی فی الحقیقت دہشت گردوں، قاتلوں، ماب لنچنگ کرنے والوں اورظالموں کی صف میں شامل ہیں ـ