Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, June 26, 2019

تبریز انصاری کی موت پر جمیعتہ علمإ ہند سخت مضطرب۔احتجاجی مظاہرے کی تیاری۔

*جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے وفد نے تبریز انصاری کے اہل خانہ سے ملاقات کی،ضلع انتظامیہ سے مل کر مجرمین اور ذمہ دار پولس عملہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کل رانچی میں جمعیۃ علماء کا اعلی سطحی وفد وزیر اعلیٰ رگھوبر داس سے ملے گا، نیز رانچی میں کل جمعیۃ کے بینر تلے راج بھون کے سامنے احتجاجی مظاہر ے کی تیاری*
نئی دہلی/رانچی 25/جون /صداۓوقت
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھارکھنڈ کے سرائے کیلا میں مذہبی منافرت اور ہجومی تشدد کے شکار تبریز انصاری کی دردناک موت پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمودمدنی نے سخت اضطراب کا اظہار کیا ہے اور اسے ملک کے چہرے پر بدنما داغ سے تعبیر کیا ہے۔مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر آج جمعیۃ علماء  جھارکھنڈ کا ایک وفد مرحوم تبریز انصاری کے گھر کدم ڈیہہ گاؤں سرائے کیلا پہنچا۔وفد نے مقتول کی بیوہ و دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کا دکھ بانٹنے کی کوشش کی، اس موقع پر  وفد نے سردست کچھ مالی تعاون بھی کیا اور انسانی سماج میں درپیش اس وحشیانہ عمل کے مرتکبین کو سخت سزا دلانے کے لیے ایس ڈی او اور ڈی ایس پی کے سامنے پوری مضبوطی سے اپنی بات رکھی۔وفد نے کہا کہ جھارکھنڈ میں اس طرح کے پہ درپہ واقعات ہو رہے ہیں، سب سے زیادہ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ سماج کا اجتماعی احساس اس قدر مردہ ہو گیا ہے کہ ایک شخص کو کچھ لوگ مارتے رہتے ہیں اوربڑی تعداد میں سماج کے ذمہ دار کھڑے ہو کر تماشہ دیکھتے ہیں، جو درحقیقت بھارت کی سنسکرتی جو کہ ہندستانیت، جمہوریت اور انسانیت کا مجموعہ ہے،کے ماتھے پر کلنک ہے۔یہ ملک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو موبوکریسی کی اس عفریت سے بچائے اور ایسے گھناؤنے عمل کے مرتکبین کو قرار واقعی سزا دی جائے اوران کو بھی سزاملے جو ان جرائم کے بہی خواہ ہیں۔
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے وفد میں مولانا ابو بکر قاسمی ناظم اعلیٰ  جمعیۃ  جھارکھنڈ، مفتی محمد قمر عالم قاسمی مدرسہ حسینیہ رانچی،مولانا اصغر مصباحی، شاہ عمیر خازن  جمعیۃ  علماء جھارکھنڈ وغیرہ شامل تھے۔
دوسری طرف جمعیۃ  علماء ہند کا ایک اعلٰی سطحی وفد کل رانچی میں وزیر اعلی رگھوبر داس سے ملاقات کرے گا، ساتھ ہی رانچی میں کل 26 جون  بروز بدھ  گیارہ بجے  بمقام ذاکر حسین پارک راج بھون، جمعیۃ  علماء کے بینر تلے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی منعقد ہوگا۔ اس سلسلے میں مولانا نیاز احمد فاروقی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، شکیل احمد سید رکن مجلس عاملہ  جمعیۃ  علماء ہند و ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور مولانا متین الحق اسامہ کانپوری صدرجمعیۃ علماء اترپردیش پر مشتمل  جمعیۃ  علما ہند کا ایک اعلی سطحی وفد رانچی پہنچ رہا ہے۔