ممبئی ، تاریخ۱۶ دسمبر ۲۰۱۹/پریس ریلیز/صداٸے وقت۔
==============================
غیر بی جے پی حکومت والی متعدد ریاستوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ، جنہوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں این آر سی اور سی اے بی کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ، جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمن خان نے ہفتے کے روز مہاراشٹر کے وزیر اعلی کو ایک خط لکھا جس میں انہوں نے ادھو ٹھاکرے سے مہاراشٹر میں این آر سی اور سی اے ایکٹ کو مسترد کرنے کی اپیل کی ۔
رضوان الرحمن خان نے کہا ، ’ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ مہاراشٹر میں سٹیزن شپ ترمیمی ایکٹ کو مسترد کردیں ۔ یہ قانون امتیازی اور دستور ہند کیخلاف ہے اور مہاراشٹر میں جو ہمارے آئین کے چیف آرکیٹیکٹ باباصاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی ریاست ہے کو اس کی اجازت نہیں دینی چاہئے‘ ۔
اپنے خط میں انہوں نے یاد دلایا کہ ، ’مہاراشٹر ہی ہے جہاں برطانوی سلطنت کے خلاف آخری جنگ ، ۱۹۴۲ میں ہندوستان چھوڑو موومنٹ کا آغاز ہوا ۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ ’شہریت ترمیمی قانون بھارت چھوڑو موومنٹ‘ کی حمایت کریں اور اس پر عمل درآمد نہ کرنے کے طریقے تلاش کریں ۔
مہاراشٹرا نہ صرف صنعتوں اور مالیات کا مرکز ہے بلکہ معاشرتی اصلاح کاروں کا میدان عمل بھی ہے ۔ معاشرتی اصلاحات اور آزادی کی جدوجہد میں مہاراشٹرا ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔
ہمیں یقین ہے ، انہوں نے کہا ، "یہ ہندوستان کا آئین ہے جو ہم سب کو اس تکثیری معاشرے میں باندھتا ہے اور یہ بل نہ صرف ہمارے آئین کے خلاف ہے بلکہ بین الاقوامی معاہدوں کے بھی خلاف ہے ۔ یہ دستور کی تمہید میں شامل انصاف ، مساوات اور آزادی کے جذبے کے خلاف ہے جو ہمارے آئین کی اساس ہے ۔
مسٹر خان نے اپنے خط میں ان تمام دانشوروں ، کارکنوں ، سائنس دانوں ، سیاسی جماعتوں ، غیر سرکاری تنظیموں اور انصاف پسند ہندوستانیوں اور بین الاقوامی برادریوں اور اداروں کی بھی حمایت کی ، جنہوں نے اس کی بلا امتیاز مذمت کی ہے اور فوری طور پر اس قانون کو مسترد کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
انہوں نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے ریاستی رہنماؤں ، جیسے مہاراشٹر کانگریس ، این سی پی ، سماج وادی پارٹی ، اے آئی ایم آئی ایم ، آر پی آئی ، وی بی اے اور دیگر کو بھی خط لکھا ، اور ان سے مہاراشٹر میں این آر سی اور سی اے ایکٹ کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے ۔
اس سے قبل جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے ریاستی امیر رضوان الرحمن خان نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ شری ادھو ٹھاکرے ، این سی پی کے شری شرد پوار نیشنل صدر ، اور ریاست کے دیگر راجیہ سبھا ممبران کو خطوط بھیجے تھے کہ وہ اس بل کی حمایت نہ کریں ۔
From,
Media Cell JIH Maharashtra
Hamid Building, H.A.B Marg, Mominpura,Mumbai 400011
+91-9137050873