Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, February 29, 2020

: سعودی حکومت کی عائد کردہ پابندی سے عمرہ زائرین متاثر.

کورونا وائرس کے اس خطرے سے بچنے کے لئے سعودی عرب نے اب خاص طور پر مغربی ایشیائی ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی ہے۔

لکھنٶ ۔۔اتر پردیش / صداٸے وقت / نماٸندہ /٢٩ فروری ٢٠٢٠۔
==============================
 کورونا وائرس کا خطرہ محض چین تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ عالمی سطح پر بھی پھیل رہا ہے۔ اس وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے مغربی ایشیائی ممالک سے سفر کرنے والوں پر نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ وائرس کے اس خطرے سے بچنے کے لئے سعودی عرب نے اب خاص طور پر مغربی ایشیائی ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی ہے۔ سعودی عرب میں داخل ہونے پر لگی اس پابندی سے ہندوستان کے عمرہ زائرین پر بھی اثر پڑا ہے۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد دو روز قبل میرٹھ..اتر پردیش سے عمرہ سفر پر گئے ایک قافلے میں شامل زائرین کے اہل خانہ بھی پریشان ہوئے اور اب آئندہ تاریخوں میں جانے والے قافلے کے منتظمین اور زائرین بھی پریشان ہیں.
سفر عمرہ پر جانے والے زائرین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سفر عمرہ کے لیے زائرین کافی پہلے سے انتظامات کرتے ہیں اور ایک ایک دن گن کر سفر کی تاریخ کا انتظار کرتے ہیں ، لیکن جب روانگی کے وقت ان کو معلوم ہو کہ حکومت نے داخلے پر پابندی لگا دی ہے تو نہ صرف مایوسی ہوتی ہے بلکہ سفر کے اخراجات میں خرچ ہونے والی رقم کا بھی نقصان ہی ہوتا ہے۔ بہت سے افراد تھوڑے تھوڑے پیسے جمع کرکے عمرہ کا ارادہ کرتے ہیں اور حکومتوں کا ایک فیصلہ سارے منصوبوں اور خواہشات پر پانی پھیر دیتا ہے۔
وہیں عمرہ منتظمین بھی سعودی حکومت کے اس فیصلے سے حیران ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر کسی بھی ملک کو فیصلے لینے کا حق ہے لیکن سعودی حکومت کو یہ بھی خیال رکھنا چاہیے تھا کہ اچانک لیے گئے اس فیصلے کا زائرین پر کیا اثر پڑے گا۔