Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, June 13, 2020

دہلی جامع مسجد عام نمازیوں کے لیے 30 جون تک بند، سید احمد بخاری نے کیا اعلان۔

دہلی  / صداٸے وقت /ذراٸع ۔
==============================
تاریخی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے اعلان کیا کہ مقامی حالات کو دیکھتے ہوئے مسجد عام نمازیوں کے لیے  30 جون تک بند کی جا رہی ہے اور لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان تاریخی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے  باضابطہ یہ اعلان کر دیا کہ جامع مسجد عام نمازیوں کے لیے 30 جون تک بند کی جا رہی ہے۔ گویا کہ 8 جون سے عام نمازیوں کے لیے باجماعت نماز کا جو راستہ ہموار ہوا تھا، ایک بار پھر ایسے حالات پیدا ہو رہے ہیں کہ مسجدوں میں صرف انتظامیہ کے افراد ہی نماز پڑھیں۔ دہلی جامع مسجد میں اعلان ہونے کے بعد دہلی کی کئی دیگر مساجد میں بھی اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ عام نمازیوں کے مسجد میں داخلے پر پابندی لگائی جائے یا نہیں۔
دہلی جامع مسجد میں عام نمازیوں کی پابندی کا اعلان کرتے ہوئے شاہی امام سید احمد بخاری نے  میڈیا کے سامنے کہا کہ "دہلی میں کورونا وائرس بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ مریضوں اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں بیڈ نہیں ہیں۔ 24 مارچ کو جب لاک ڈاؤن کا اعلان ہوا تھا تو مریضوں کی تعداد بہت کم تھی اور اس وقت 2 لاکھ 80 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دہلی کے ایک سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ میں میتوں کو رکھنے کے لیے جگہ نہیں ہے۔ ایسے حالات میں عام نمازیوں کا مسجد میں داخل ہونا ان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔"