Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, September 22, 2020

اردوکی زبوں حالی کے لیے اردوداں طبقہ ذمے دار : پروفیسر ارتضیٰ کریم۔

شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کے زیر اہتمام انجمن اساتذہ جامعات ہند نے ایک برقی مذاکرے کا انعقاد کیا ، جس میں ملک بھرکے اردواساتذہ نے شرکت کی۔

صداٸے وقت /ذراٸع /٢٢ ستمبر٢٠٢٠۔
===========================
نئی دہلی : شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کے زیر اہتمام انجمن اساتذہ جامعات ہند نے ایک برقی مذاکرے کا انعقاد کیا ، جس میں ملک بھرکے اردواساتذہ نے شرکت کی ۔ اس مذاکرے میں برسوں سے سوئی پڑی تنظیم ”انجمن اساتذ ہ اردوجامعات ہند“ کوازسرنو بحال وفعال کرنے نیزاس کی حکمت عملی اورلائحہ عمل پرغورخوض کیا گیا ۔ پروفیسر ارتضیٰ کریم نے اپنے تعارفی کلمات میں اس انجمن کے احیا کو وقت کی اشد ضرورت بتاتے ہوئے چند تجاویز پیش کیں ، جن میں اساتذہ جامعات ہند کی ڈائریکٹری اوران کی مطبوعات کی اشاعت کے ساتھ ساتھ ارکان انجمن کوغیرسودی قرض کی فراہمی بھی شامل تھی اور ریسرچ اسکالرز کو وظیفہ دینے پربھی غور کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے امیرخسروکے یوم ولادت کو یوم ِاردو کے طورپرمنانے کابھی ارادہ ظاہرکیا ۔
پروفیسرارتضیٰ کریم نے یہ بھی کہاکہ جامعات میں شعبہ اردوکا تحفظ اورنئے شعبے کا قیام ، اساتذہ جامعات کے مفادات کی حفاظت اورسرکاری سطح پر اردو کے تیئں کیے جانے والے فیصلوں کے منفی اثرات پرغور و فکرکے بعد ان کے تدارک کی کوشش اس انجمن کا کام ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اردو کی زبوں حالی سے آج ہرشخص واقف ہے اوراس کے لیے ذمہ دار ہم اردو کے ہی لوگ ہیں ۔ کارگزار صدر پرفیسرسجاد حسین نے اپنی تقریر میں اس تنظیم کو استحکام فراہم کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسے ملک گیر سطح پرفعال کرنا ہے ، تو ہمیں بہت محنت کرنی ہوگی ۔ نیز جامعات میں اردوکی خالی پڑی آسامیوں کو پرکرانے کا ارادہ بھی ظاہرکیا ۔
پروفیسر قدوس جاوید نے کہا کہ اردو زبان کی بقا کے لئے تمام اردو والوں کو بلا تفریق ایک ساتھ آنا ہوگا ۔ اس کے علاوہ پروفیسرعبید الرحمن ہاشمی نے اپنے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم انجمن کے ذریعہ اردو کی ترویج و اشاعت کی شاندار تاریخ رقم کریں گے ۔ پروفیسرشبنم حمید کے ساتھ دوسرے شرکا نے بھی انجمن کے مستقبل کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ تمام شرکا نے عہد کیا کہ ہم سب اس انجمن کے مقاصد کے علم کوآگے لے کر چلیں گے ۔
اس بزم میں ملک بھرسے کثیر تعداد میں اردواساتذہ نے شرکت کی ، جن میں پروفیسرمظہرمہدی ، پروفیسر اسلم جمشیدپوری ، ڈاکٹرمحمد کاظم ، ڈاکٹرمشتاق عالم قادری ، ڈاکٹرامان اللہ ، ڈاکٹرارشاد نیازی ، ڈاکٹر ساجد حسین ، ڈاکٹرمتھن کمار، ڈاکٹرہردیے بھانوپرتاب ، ڈاکٹرعلی احمدادریسی ، ڈاکٹر ارشاد سیانوی وغیرہ تھے ۔