Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, December 11, 2020

کسان آندولن میں اب تک 11 کی اموات، راہل گاندھی نے پوچھا- اور کتنی قربانی دینی ہوگی؟

کانگریس کے سابق راہل صدر راہل گاندھی  نے کسان آندولن  میں شامل ہوئے کسانوں کی موت پر مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، اس کسان آندولن میں اب تک 11 کسانوں کی موت ہوچکی ہے۔

نئی دہلی:صداٸے وقت /ذراٸع / ١٢ دسمبر ٢٠٢٠۔
==============================
 کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کسان آندولن  میں شامل ہوئے کسانوں کی موت پر مرکز کی مودی حکومت سے سوال کیا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کسان آندولن میں اب تک 11 کسانوں کی موت ہوچکی ہے۔ یہ کسان پنجاب اور ہریانہ کے الگ الگ حصوں کے باشندے تھے۔ گزشتہ دنوں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا تھا کہ کسان آندولن میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے گا۔
وائناڈ کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک اخبار کی کٹنگ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے- ’زرعی قانون کو ہٹانے کے لئے ہمارے کسان بھائیوں کو اور کتنی قربانی دینی ہوگی؟ کانگریس کے سابق صدر کے ذریعہ شیئر کی گئی اخبار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب تک 11 کسانوں کی موت ہوگئی ہے۔ خبر میں کہا گیا ہے کہ تمنا سنگھ، جنک راج سنگھ، گرجنٹ سنگھ، لکھبیر سنگھ، سریندر سنگھ، میوا سنگھ، رام مہر، اجے کمار، کتاب سنگھ اور کرشنا لال گپتا کی موت ہوچکی ہے۔
حکومت چاہتی ہے سبھی کسانوں کی آمدنی بہار کے کسانوں جیسی ہوجائے۔ راہل گاندھی
اس سے پہلے راہل گاندھی نے مرکزی زرعی قانون کے خلاف کئی کسان تنظیموں کے احتجاجی مظاہرہ کے پس منظر میں جمعہ کو دعویٰ کیا تھا کہ ملک کے کسان پنجاب کے کسانوں کے برابر آمدنی چاہتے ہیں، لیکن مرکزی حکومت ان کی آمدنی بہار کے کسانوں کے برابر کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مختلف ریاستوں میں ہر کسان اوسط سے متعلق ایک گراف شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’کسان چاہتا ہے کہ اس کی آمدنی پنجاب کے کسانوں جتنی ہوجائے، مودی حکومت چاہتی ہے کہ ملک کے سبھی کسانوں کی آمدنی بہار کے کسانوں جتنی ہوجائے’۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جو گراف شیئر کیا، اس کے مطابق، پنجاب میں ہر کسان کی اوسط آمدنی 2,16 ,708 روپئے (سالانہ) ہے، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ اس گراف میں یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ بہار میں فی کسان کی اوسط آمدنی 42,684 روپئے (سالانہ) ہے، جو ملک کی کئی ریاستوں کے مقابلے بہت کم ہے۔