Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, December 15, 2020

تبلیغی جماعت کے 36 غیر ملکی افراد کورونا وائرس گائیڈ لائن توڑنے کے الزامات سے بری

 995 غیرملکی تبلیغی افراد کے خلاف صرف دہلی پولیس نے ویزا قوانین کی خلاف ورزی اور کورونا گائیڈ لائن توڑنے کے الزامات پر مبنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ 44 افراد نے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے ٹرائل کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ آٹھ افراد کو پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے۔ وہیں 36 افراد کو عدالت نے آج الزامات سے بری کردیا ہے۔

نٸی دہلی۔ /صداٸے وقت /ذراٸع /١٥ دسمبر ٢٠٢٠۔
==============================
دہلی کی ساکیت عدالت نے تبلیغی جماعت سے وابستہ 36 غیر ملکی افراد کو  کورونا وائرس گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کے الزامات سے بری کردیا ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ارون کمار گرگ نے دہلی پولیس کے ذریعہ پیش کی گئی چارج شیٹ اور شواہد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ان تمام لوگوں کو بری کر دیا جن کی طرف سے کہا گیا تھا کہ دہلی پولیس کے ذریعہ جو شواہد پیش کیے گئے ہیں، اس سے ان تمام لوگوں کی تبلیغی مرکز میں موجودگی ثابت نہیں ہوتی۔
اسی طرح سے ایس ڈی ایم کے ذریعے ان تمام لوگوں کی فہرست بھی پیش نہیں کی گئی جن کو مرکز سے اسپتال بھیجا گیا تھا اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ پولیس تبلیغی جماعت کے مرکز سے ضبط شدہ رجسٹر بھی پیش نہیں کر سکی۔ ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا جس سے متعینہ مدت میں ان لوگوں کی موجودگی ثابت ہوتی ہو۔ اگرچہ دہلی پولیس کی طرف سے مخالفت کرتے ہوئے ہوئے وزارت داخلہ کے سرکلر کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ ان تمام لوگوں کے خلاف شواہد موجود ہیں۔
غور طلب ہے کہ 995 غیرملکی تبلیغی افراد کے خلاف صرف دہلی پولیس نے ویزا قوانین کی خلاف ورزی اور کورونا گائیڈ لائن توڑنے کے الزامات پر مبنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ 44 افراد نے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے ٹرائل کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ آٹھ افراد کو پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے۔ وہیں 36 افراد کو عدالت نے آج الزامات سے بری کردیا ہے۔