Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, January 17, 2021

انسانیت ‏کی ‏خدمت ‏بڑی ‏عبادت ‏ہے۔


پٹنہ۔۔بہار / 17 جنوری 2021 (پریس ریلیز)۔
==============================
مظفر پور میں امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے مولانا سجاد میموریل اسپتال کی جانب سے مفت ہیلتھ کیمپ کے موقع پر علماء و دانشوران کا خطاب
امارت شرعیہ نے اپنے قیام کے پہلے دن سے ہی مذہب، ذات پات ، رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر انسانیت کی خدمت کی فکر کی ہے ، آج اس کے قیام کو سو سال ہو گئے ہیں ، سو سال سے لگاتار امار ت شرعیہ انسانیت کی بنیاد پر خدمت کرتی چلی آرہی ہے۔تعلیم کی اشاعت، زبان و ادب کی حفاظت ، حفظان صحت کے باب میں امار ت شرعیہ نے مثالی خدمات انجام دی ہیں ۔امارت پھلواری شریف کی نگرانی میں چلنے والامولانا سجاد میموریل اسپتال محتاج تعارف نہیں ہے ، خدمت خلق اور حفظان صحت کے میدان میں اس اسپتال نے اپنا خاص مقام بنایا ہے ، اس اسپتال کے ذریعہ کم فیس میں ماہر ڈاکٹروں کے ذریعہ علاج و معالجہ کی سہولت بلا تفریق مذہب و ملت فراہم کی جاتی ہے اور خلق خدا کی بڑی تعداد روزانہ اس سے استفادہ کرتی ہے ،ساتھ ہی رفاہ عام کے لیے مختلف مواضعات میں اس کی جانب سے مفت ہیلتھ کیمپ بھی لگایا جاتا ہے ، جس میں مختلف امراض کے ماہرین کے ذریعہ مریضوں کی جانچ کی جاتی ہے ، انہیں مفید مشورے دیے جاتے ہیں اور مفت دوائیں بھی دی جاتی ہیں ۔ اسی سلسلہ کے تحت امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کی جانب سے شعیب ہیلتھ فائونڈیشن مظفر پورکے تعاون سے آج آپ کے شہر مظفر پور میں یہ ہیلتھ کیمپ لگایا گیا ہے۔ یہ باتیں قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے آج مورخہ 17جنوری 2021کو مظفر پور میں شعیب منزل کے سامنے سعد پورہ ،ریلوے گمٹی کے نزدیک منعقد مفت ہیلتھ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر کہیں ۔افتتاحی تقریب میں ایم ایل اے گائے گھاٹ جناب نرنجن رائے نے امارت شرعیہ کی اس پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور ارادہ ظاہر کیاکہ وہ اسی طرح کے ہیلتھ کیمپ اپنے حلقہ میں بھی منعقد کریں گے اور اپنا ہر ممکن تعاون پیش کریں گے ۔جناب مولانا علوی القادری سجادہ نشیں خانقاہ تیغیہ ماری پور نے فرمایا کہ اپنے شہر میں امارت شرعیہ کے تحت اس فری ہیلتھ کیمپ کو دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے ، انہوںنے کہاکہ آج کوئی بھی شخص امار ت شرعیہ اور اس کی تحریک سے نا واقف نہیںہے ،انہوں نے امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شخصیت گرچہ خانقاہ کی دنیا سے تعلق رکھتی ہے ، لیکن عصر حاضر  کے تقاضوں سے بھی غافل نہیںہیں، آپ کی کوششوں سے قوم کو بے شمار ڈاکٹر اور انجینئر حاصل ہوئے اور ہو رہے ہیں اس کے لیے پوری قوم آپ کی احسان مند رہے گی ۔ جناب قاری نذیر احمد عرفانی صاحب نے کہا کہ امار ت شرعیہ قوم کی ہر ضرورت میں آگے رہتی ہے ، میں نے امارت شرعیہ کی خدمات کو قریب سے دیکھا ہے ،امارت شرعیہ کا کوئی کام ایسا نہیں ہے کہ کسی سے ڈھکا چھپا ہو ، اسکی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔مولانا عمیر مدنی مرکزی جمعیۃ اہل حدیث مظفر پور نے کہا کہ امار ت شرعیہ نے زندگی کے ہر شعبہ میں مثالی خدمات انجام دی ہیں ، ملک میں کم ہی ایسے ادارے ہوں گے جن کی خدمات کا دائرہ اتنا وسیع ہو گا ۔جناب شعیب صاحب صدر تنظیم امار تشرعیہ مظفر پور نے سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور امارت شرعیہ کے کاموں کو مظفر پور میں پھیلانے کے عز م کا اظہار کیا، جناب شاہد اقبال عرف منا صاحب سکریٹری تنظیم امار ت شرعیہ مظفر پور نے بھی میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر امار ت شرعیہ اور سبھی ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا۔  
 واضح ہو کہ اس مفت ہیلتھ کیمپ کا اہتمام مولانا سجاد میموریل اسپتال امار ت شرعیہ کی جانب سے شعیب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیا گیا ،جس میں مختلف امراض کے پٹنہ ومظفر پور کے ماہر ڈاکٹر حضرات نے مریضوں کی جانچ کی اور صحت کے لیے مفید مشورے دیے، حسب ضرورت مریضوں کو مفت دوائیں بھی دی گئیں۔نیو آنند جانچ گھر چندوارہ کی جانب سے بلڈپریشر و شوگر کی مفت جانچ بھی کی گئی،اس ہیلتھ  کیمپ میں جنرل مریضوں کے علاوہ آنکھ، ناک، کان، دانت، گلا،شوگر ، یورولوجی اور گائینو کے مریضوں کو دیکھا گیا، کیمپ میں جناب ڈاکٹر سید نثار احمد صاحب(میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایم ایس ایم اسپتال)چیسٹ اسپیشلسٹ، جناب ڈاکٹر ایس اے اے نوشادصاحب (ایم ایس، آئی سرجری)آئی اسپیشلسٹ،جناب ڈاکٹر سید یاسر حبیب صاحب (ڈینٹل سرجن ایم ایس ایم اسپتال)ڈینٹسٹ،جناب ڈاکٹر سیدنذیر احمد صاحب(ڈینٹل سرجن ایم ایس ایم اسپتال)ڈینٹسٹ،جناب ڈاکٹر محمد تقی امام صاحب(ایم ڈی پیڈئیٹرکس)چائلڈ اسپیشلسٹ،جناب ڈاکٹرمحمد ندیم شعیب صاحب فزیشین و شوگر اسپیشلسٹ،جناب ڈاکٹر محمد لطف الحق صاحب سرجن،جناب ڈاکٹر سنتوش شاہی صاحب سرجن یورولوجی،محترمہ ڈاکٹر انوپما شاہی صاحبہ گائینوکولوجسٹ،محترمہ ڈاکٹر ناہید فاطمہ ماہر امراض نسواں، جناب ڈاکٹر دانش اختر صاحب(ایم ڈی ڈرما ٹولوجی)اسکن اسپیشلسٹ،ڈاکٹر روی شنکر صاحب ڈینٹسٹ نے اپنی خدمات دیں ۔
 اس افتتاحی تقریب کی نظامت کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ نے امارت شرعیہ کے مختلف شعبہ جات کا تعارف کرایا ، انہوںنے حفظان صحت کے میدان میں امارت شرعیہ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امار ت شرعیہ نے آج ایک بڑا میڈیکل کیمپ  محتاج مریضوں کے علاج و دوا کے لیے لگایا ہے ، امارت شرعیہ صحت کے میدان میں بھی ہمیشہ فکر مندی سے کام کرتی رہی ہے ، اس کیمپ کا ایک بڑا مقصد یہ ہے کہ ڈاکٹرس ، اطباء اور معالج حضرات ، جن کو اللہ نے مرض اور شفا کا علم دیا ، یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے ، اس نعمت کا فائدہ اللہ کی مخلوق تک پہونچانے کی سدا فکر کرتے رہیں ، اور وہ بھی اپنے پرائیوٹ اسپتال او ر کلنک میں یا اس طرح کے کیمپ لگا کر پریشان حال لوگوں کے کام آنے کا مزاج بنائیں ۔ اس موقع سے ضلع مظفر پور کے علماء، ائمہ ، سماجی، تعلیمی ، ملی اور سیاسی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی ۔  میڈیکل کیمپ میں بڑی تعداد میں مریضوں نے پہونچ کر ماہر ڈاکٹرس سے اپنا علاج کرایااور دوائیں تشخیص کرائیں ، لوگوں نے اس طرح کے کیمپ برابر اور ہر علاقے میں لگانے کی ضرورت بتائی ۔کیمپ میں ڈاکٹروں  کے علاوہ مولاناسجاد میموریل اسپتال کے میڈیکل اسٹاف میں سے جناب اعجاز صاحب، ظفر عالم صاحب،ہمایوں اختر صاحب ودیگر حضرات شریک رہے ۔ پروگرام کا آغاز جناب قاری ثاقب مشیر صاحب کی تلاوت سے ہوا اور قائم مقام ناظم صاحب کی دعا پر مجلس ختم ہوئی۔