Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, April 25, 2021

کرونا کی بگڑتی صورتِ حال: دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن، پاکستان کی مدد کی پیش کش

بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے باعث بگڑتی صورتِ حال پر پڑوسی ملک پاکستان کی جانب سے ضروری طبی سامان کی فراہمی کی پیش کش کی گئی ہے جب کہ امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں امریکہ بھارت کی ہر ممکن مدد کرے گا

نئی دہلی /صدائے وقت /ذرائع /25 اپریل 2021. 
==============================
ہندوستان  میں اتوار کو ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور تین لاکھ 49 ہزار 691 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ہندوستان کے اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں جب کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کئی ریاستوں میں حالات انتہائی خراب ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو کرونا وائرس سے دو ہزار 767 ہلاکتیں بھی ہوئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 311 ہو گئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے امداد کی پیش کش
...................................................... 
پاکستان کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر پاکستان نے وینٹی لیٹرز، آکسیجن سپلائی کٹس، ڈیجیٹل ایکس رے مشینز، پی پی ایز اور دیگر متعلقہ سامان پر مشتمل امداد کی پیش کش کی ہے۔ جو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھجوائی جا سکتی ہیں۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان انسانیت پہلے،  کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور اسی تناظر میں بھارت کو پیش کش کی ہے۔ اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کو طبی سامان کی فراہمی کی پیش کش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان نے بھی ایک ٹوئٹ میں بھارتی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا تھا۔

ْامریکہ بھارت کی مزید مدد کرے گا'
....................................................... 
امریکہ نے بھی بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ امریکہ بھارت کی حکومت اور طبی عملے کو اضافی مدد فراہم کرے گا۔
امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں امریکہ بھارتی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ امریکہ بھارت کو اضافی امداد فراہم کر سکے۔