Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, May 15, 2021

اترپردیش : یوگی سرکار نے 24 مئی صبح 7 بجے تک بڑھایا لاک ڈاون ، ریہڑی پٹری والوں کو دے گی بھتہ

یوگی سرکار نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فٹکر دکاندار ، ریہڑی پٹری والوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ اور تین مہینے کا راشن دینے کا اعلان کیا ہے ۔

لکھنو : اتر پردیش /صدائے وقت /ذرائع /15 مئی 2021. 
==============================
کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کو موثر طریقہ سے قابو کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر ویک اینڈ کورونا کرفیو کو 24 مئی صبح سات بجے تک کیلئے بڑھا دیا گیا ہے ۔ اس دوران پہلے کی طرح ہی سبھی پابندیاں لاگو رہیں گی ۔ ضروری خدمات کو چھوٹ ملتی رہے گی ۔ ادھر یوپی سرکار نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پھٹکر دکاندار اور ریہڑی پٹری والوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ بھتہ اور تین مہینے کا راشن بھی دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ہفتہ کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں ہوئی کابینہ میٹنگ نے ریاست میں 24 مئی تک لاک ڈاون بڑھانے کو منظوری دیدی ۔
دراصل ریاست میں شہری علاقوں میں انفیکشن کی تعداد کم ہورہی ہے اور ساتھ ہی شفایابی کی شرح بھی بڑھ رہی ہے ، لیکن گاوں میں پھیل رہا انفیکشن سرکار کیلئے باعث تشویش بن گیا ہے اور اس کیلئے سرکار کوئی موقع نہیں لینا چاہتی ہے ۔
غور طلب ہے کہ ریاست میں 30 اپریل سے کرفیو لاگو ہے ۔ شروع میں اس کو تین مئی تک لاگو رہنا تھا، لیکن بعد میں اس کی مدت چھ مئی تک بڑھا دی گئی اور پھر اس کو توسیع دیتے ہوئے 10 مئی کردیا گیا تھا اور جس کے بعد پھر بڑھاتے ہوئے 17 مئی کردیا گیا ۔

واضح ہو  کہ یوپی میں 30 اپریل کے بعد سے ہی جزوی کورونا کرفیو ہے اور اس کا اثر یہ ہوا کہ کورونا کے ایکٹیو معاملات میں 60 ہزار کی کمی آگئی ہے ۔ یہی نہیں اترپردیش سرکار 18 سے 44 سال کے لوگوں کا کورونا ویکسینیشن کرانے کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے۔
اترپردیش میں کورونا متاثرین کی تعداد میں مسلسل گراوٹ درج کی جارہی ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12547 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ 281 افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ وہیں 2804 متاثرین کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ بتادیں کہ ریاست میں ابھی تک 17238 افراد کی کورونا سے موت ہوچکی ہے ۔ ریاست میں ایکٹیو معاملات کی کل تعداد 177643 ہے ۔