Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, May 29, 2021

ہدیہ تبریک برائے مولانا محمود مدنی، ‏


      منجانب / محمود احمد خان  دریابادی 

                          صدائے وقت۔                
++++++++++++++++++++++++++++++++++    
        بعض خاندان ایسے ہوتے ہیں جن کی  قربانی، مجاہدہ،  خلق خدا کی بےلوث خدمت اور جہد مسلسل سے بھری ہوئی برسوں ہرانی تاریخ ہوتی ہے، ایسا ہی ایک خاندان ہے حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کا، ...........  اسی طرح ہندوستان کی ملی جماعتوں میں جمیعۃ علماء ہند بھی ایک نمایاں اور موثر نام ہے ـ اس جماعت کے ذریعے حضرت مدنی اور ان کے بعد ان کے نامور اخلاف نے ملک کی آزادی سے لے کر ضرورت مندوں، کمزوروں، مظلموں، پریـشاں حالوں کی داد رسی، نا انصافی کے خلاف عوامی اور قانونی جدوجہد، مسلم مسائل پر ارباب اقتدار سے دوٹوک گفتگو، دینی وعصری تعلیمی اداروں کا قیام  غرض مختلف شعبہ ہائے زندگی میں جو ہمہ گیر خدمات انجام دی ہیں وہ روز روشن کی طرح سب پر عیاں ہیں  ـ اسی لئے ہندوستانی عوام وخواص نے ہمیشہ جمیعۃ علماء ہند اور اس کے اکابرین کی پذیرائی کی ہے اور ان کی ایک دعوت پر جوق در جوق بلکہ دیوانہ وار ان کے پروگراموں میں شرکت کرتے رہے ہیں ـ
 
      یہ بات بھی سچ ہے کہ کسی شخصیت یا کسی جماعت سے سو فیصد لوگ اتفاق کریں قطعی ناممکن ہے، اسی طرح اگر کوئی دس کام کرتا ہے تو اس میں ایک دو کام ایسے ہوسکتے جن پر کچھ لوگوں کو اشکال یا سوالات پیدا ہوں، ایسا ہر ایک کے ساتھ ہوسکتا ہے ـ ......... لیکن اس وجہ سے کسی شخصیت یا کسی جماعت کی خدمات کا یکسر انکار کردینا بھی دیانت کے خلاف ہے ـ

    اسی معروف اور مقبول تنظیم جمیعۃ علماء ہند کی صدارت کے لئے مولانا محمود مدنی صاحب کا انتخاب کیا گیا ہے ـ ...........   مولانا کے اندر گوناگوں صلاحیتیں ہیں، اپنے نامور والد اور دادا کی طرح سعی پیہم ، مقصد کے حصول کی لگن، حالات حاضرہ پر گہری نگاہ، مستبقل کا درست اندازہ اسی ساتھ مشترکہ مسائل کے حل کے لئے مختلف صلاحیتوں اور الگ الگ فکر رکھنے والے افراد کو جمع کرنے اور ان سے کام لینے کا بھی ان میں بہترین سلیقہ ہے ـ ایک اہم خصوصیت نرم گفتاری اور تنقید برداشت کرنے کا مادہ بھی ان کے مزاج میں بدرجہ اتم پایا جاتا ہے ـ
  
      اس لئے امید ہے کہ مولانا محمود مدنی کی صدرات جمیعۃ علماء کے لئے نیک فال ثابت ہوگی ـ  مولانا کی خدمت میں صمیم قلب سے مبارکباد اور آئندہ کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات اور دعائیں پیش کرتے ہیں ـ 

     یہاں ایک بات اور کہنے کا جی چاہتا ہے کہ بظاہر ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ جمیعۃ دو دھڑوں میں منقسم ہے، مگر ہم نے بارہا اپنے سر کی آنکھوں سے یہ بھی دیکھا ہے کہ ملت کو درپیش  اہم مسائل پر متحدہ جمیعۃ علماء کے اکابرین کی پوری کہکشاں موجود رہتی ہے ـ...........  اس لئے جمیعۃ کے ہزاروں بہی خواہوں کی طرح ہمارے دل کے کسی گوشے میں بھی یہ خواہش مچل رہی ہے کہ کاش ایسا کچھ ہوجاتا کہ ہندوستانی مسلمان  مستقل طور پر " قران السعدین  " کا نظارہ کرسکتے ـ
           محمود احمد خاں دریابادی 
              27 مئی 2021 ء