Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, October 12, 2021

سیلانُ الرَّ حِم (لیکوریا) عرض ہی نہیں۔ مَرض بھی ہے۔


از / حکیم و ڈاکٹر شاہدبدرفلاحی
بی۔ یو۔ ایم۔ ایس۔ اجمل خان طبیہ کالج علیگڑھ مسلم یونیورسٹی
البدریونانی شفاخانہ۔ اعظم گڑھ
                     صدائے وقت
================================
مردوں کی صحت مرض جریان سے جس طرح خراب ہوتی ہے۔ اسی طرح عورتوں کی صحت مرض سیلان سے خراب ہو جاتی ہے۔ نزلہ مزمن کی صورت میں جس طرح ناک کے اندر جھلیاں متاثر ہوتی ہیں اسی طرح سیلان الرحم میں رحم کی غشاء مخاطی متاثر ہوتی ہے۔ اور جب یہ مرض مزمن صورت اختیار کر لیتا ہے تو ایسی صورت میں رحم کی قوت  غازیہ بگڑ جاتی ہے۔عورتوں کی مہبل سے گاہے سفید گاڑھی رطوبت، گاہے زردی مائل خراش دار رطوبت، گاہے زردی رنگت لئے ہوئے بدبودار رطوبت، گاہے سفید چونے کی رنگت لئے ہوئے بالکل رقیق رطوبت، گاہے پنیر نما گاڑھی (زیادہ مقدار میں) رطوبت کا اخراج ہوتا ہے۔ اس رطوبت کا اخراج نابالغ بچیوں سے لیکر سن رسیدہ خواتین تک کو ہوتا ہے۔ اس طرح کی رطوبت کے اخراج کو سیلان الرحم (لیکوریا) کہتے ہیں۔ یہ مرض ہر عمر کی عورت میں رونما ہو سکتا ہے اور ہر عورت کو عمر کے کسی نہ کسی زمانے                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                           میں اس سے سابقہ پڑتا ہے۔ 
واضح رہے کہ کسی قدر مہبل سے اخراج رطوبت کو عام طور پر طبعی خیال کیا جاتا ہے۔ '' لیکن جب اخراج رطوبت اس قدر زیادہ ہو کہ اعضائے تناسل سے متصل کپڑا خراب ہونے لگے یا مقامی تکلیف دہ علامات رونما ہو جائیں تو اس اخراج رطوبت کو سیلان الرحم کا نام دیا جاتا ہے'' (تجربات طبیب ص 385)
عام طور پر کچھ اطباء دھڑلے سے یہ بات کہکر گزر جاتے ہیں کہ لیکوریا عرض ہے (Symptom) ہے مَرَض نہیں ہے۔ جب کہ یہ بات درست نہیں ہے۔ صحیح بات یہ ہے کی سیلان الرحم عرض بھی ہے اور مرض بھی ہے۔ اس بات کو جاننے کیلئے عرض اور مرض کے تعلق سے قدیم اطبا کے نظرئیے کو جاننا ضروری ہے۔ اسکو جاننے کے بعد یہ سمجھنا آسان ہو جائے گا کہ سیلان الرحم کو سرسری طور پر عرض کہکر گزر جانا کتنا صحیح ہے۔ 
”عُرف اطباء میں علامت، دلیل اور عرض تینوں متقارب ہیں۔ (ذخیرہ خوارزم شاہی ج دوم ص 20) یعنی تینوں ہم معنی اصطلاح ہیں۔ جسے ہم انگریزی میں (Symptom) کہتے ہیں۔
”عرض کو کبھی طبیب علامت بھی نام رکھتے ہیں۔ اس وجہ سے کی وہ بعد مرض کے ظاہر ہوتا ہے۔ اور طابع مرض کے ہے'' (ذخیرہ خوارزم شاہی ج دوم ص 7)
تعریف عرض '' عرض۔ایک حالت ہے کہ طبع بیمار پر ظاہر ہوتی ہے۔ مانند درد سر اور بے خوابی کہ تپ (بخار) سے پیدا ہوتی ہے۔ (ذخیرہ خوارزم شاہی۔ ج 4۔ص 4)
یعنی تپ (بخار) مرض ہے۔ اور اس بخار کہ وجہ سے سر میں درد ہے اور نیند متاثر ہے۔یہاں سر میں درد اور نیند کا نہ آنا یہ عرض ہے۔ یہ بات واضح رہے کہ عرض مطیع مرض ہوتا ہے یعنی جب مرض ہوگا تبھی عرض ہوگا۔ ''عرض کیلئے سبب مطلق بیماری ہے اس واسطے کی عرض مطیع مرض ہوتا ہے۔ (ذخیرہ خوارزم شاہی۔ ج 2۔ص 4)
'' جس طرح ہضم نہ ہونا طعام کا معدے میں عرض ہے۔ اور مرض ضعیفی معدے کی ہے۔ (ذخیرہ خوارزم شاہی۔ ج 2۔ص 8)
عرض، مرض، سبب کو مثالوں سے سمجھیں۔ '' مثال اسکی جسم انسانی میں عفونت ہو۔ اور اس عفونت سے تپ (بخار) پیدا ہو اور نبض مختلف ہو۔ پس مرض اسمیں تپ (بخار) ہے۔ عفونت (سڑا ہونا مواد کا) اسمیں سبب ہے اور عرض اسمیں اختلاف نبض ہے''(ذخیرہ خوارزم شاہی۔ ج 2۔ ص 7)
کبھی عرض بذات خود مرض ہو جاتا ہے۔ ''جیسے درد  سر جو تپ میں عارض ہو جاتا ہے۔ بیشتر جب اسکو استقرار اور استحکام ہو جاتا ہے تو بعد زوال تپ کے بھی باقی رہ کر خود مرض ہو جاتا ہے۔ (القانون حصہ اول ص 90)
'' جسطرح درد سر کی مطیع تپ کے ہو جب مستحکم ہو جائے تو وہ مرض تصور کیا جائے گا۔ (ذخیرہ خوارزم شاہی ج دوم۔ص 8)
بایں طور لیکوریا آغاز میں عرض ہوتا ہے۔ اور بعد میں بذات خود مرض ہو جاتا ہے جس سے تمام اطبا کو مطب میں بارہا سابقہ پیش آتا ہے۔ اسلئے اگر سرسری طور پر اس مرض کو عرض کہکر گزر جائیں گے تو اکثر و بیشتر علاج میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ اسلئے سیلان الرحم عرض بھی ہے اور مرض بھی۔ 
اقسام سیلان۔۔بہ اعتبار اخراج رطوبت۔
بلحاظ اخراج رطوبت اس مرض کی حسب ذیل اقسام ہیں۔ ہم مریضہ سے خارج ہونے والی رطوبت کے رنگ اور گاڑھے پن سے بخوبی اندازہ لگا لیں گے کہ اس خارج ہونے والی رطوبت کاکس جگہ سے تعلق ہے۔
۱۔ سیلان فرجی۔ یہ التہاب فرج کی وجہ سے ہوتا ہے بالعموم کمسن بچیوں میں یہ سیلان ہوتا ہے جسمیں اندام نہانی کے بیرونی حصے سے رطوبت خارج ہوتی ہے۔ یہ رطوبت لیس دار۔ چمکدار ہوتی ہے۔جس سے اندام نہانے کے لب اکثر چپک جایا کرتے ہیں۔ یہ مرض باکرہ۔ ناکتخدہ عورتوں کو ہوا کرتا ہے۔ 
۲۔ سیلان مہبلی۔ اس سیلان میں اندام نہانی کے اندرونی حصے سے رطوبت خارج ہوتی ہے۔ یہ مہبل کی بلغمی جھلی کے ورم کی وجہ سے ہوتا ہے۔ مزمن ورم کی وجہ سے بہنے والی رطوبت عموماً گاڑھی۔ دودھیا۔ سفید چھاچھ کی طرح ہوا کرتی ہے۔ اور اسمیں ناک کے اندر سے خارج ہونے والی رطوبت کی طرح لیس اور چکنا پن پایا جاتا ہے۔ اندام نہانی میں سوزش اور خارش ہوتی ہے۔ یہ رطوبت تیز ہوتی ہے جس کہ وجہ سے مریضہ خراش کی شکایت بھی کرتی ہے۔
۳۔ سیلان عنقی۔ اسمیں گردن رحم سے رطوبت خارج ہوتی ہے۔ اسمیں اخراج کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ انڈے کی سفیدی کی طرح شفاف لیس دار رطوبت کبھی خون یا پیپ وغیرہ کی آمیزش کے سبب سرخی یا زردی رنگ کی رطوبت بھی خارج ہوتی ہے۔ یہ مرض اکثر بچے والی عورتوں میں ہوتا ہے۔ عنق الرحم میں متعدد خراشوں کے باعث ''سرایت'' داخل ہو جاتی ہے۔ جسکی وجہ سے رطوبت مخاطیہ بہ مقدار کثیر پیدا ہو جاتی ہے۔ اور سیلان الرحم کا باعث ہوتی ہے۔ 
4۔ سیلان رحم۔ اسمیں رحم کے اندر سے رطوبت خارج ہوتی ہے۔ یہ رطوبت رحم کی بلغمی جھلی کے مزمن ورم کی وجہ سے خارج ہوتی ہے۔ اگر مرض پرانا ہو جائے تو رطوبت غلیظ اور رنگت گہری ہوتی ہے۔ ''اسمیں رحم سے ایک سفید غلیظ رطوبت بہا کرتی ہے اسلئے اسکو نزلہ رحمیہ کے نام سے بھی موسوم کیا جاتا ہے۔ 
(مطب عملی ص 284)
۵۔ سیلان مبیضی۔ اسمیں بیضہ سے رطوبت خارج ہوتی ہے۔ خصیتہ الرحم کے استسقا میں کبھی کبھی زیادہ مقدار میں پانی جیسی رطوبت خارج ہوتی ہے۔ میرے اپنے مطب کی زندگی میں ایک عورت یہ شکایت لیکر آئی کہ اسے پانی کی طرح رقیق اور پانی ہی کے رنگ کی رطوبت ایک ایک گلاس کے قدر رطوبت خارج ہوتی ہے ایسی صرف ابتک ایک ہی مریضہ میرے مطب میں آئی ہے اور اسکے علاج میں میں ناکام رہا۔
اقسام سیلان۔بہ اعتبار بو ورنگت 
۱۔ رحم سے متعفن رطوبت کا خارج ہونا۔ 
'' گاہے عورتوں کے رحم سے ہر وقت متعفن رطوبت جاری رہتی ہے۔ جسکا سبب تمام بدن میں فضلات کی زیادتی ہوتی ہے۔ اور یہ فضلات استفراغ و تنقیہ کے طور پر رحم کی طرف دفع ہوتے ہیں۔ یہ فضلات یا بلغمی ہوتے ہیں یا صفراوی یا سوداوی یا دموی ہوتے ہیں۔ یا اسکا سبب خود رحم میں رطوبتوں کی تولید ہوتی ہے۔ جسکا باعث رحم کی قوت غازیہ کی کمزوری اور عروق حیض میں مادہ کی عفونت ہوتی ہے۔ (اکسیر اعظم ص 835)
سرطان رحم سرطان عنق رحم اور تعدیہ کے سبب بھی بدبو ہوتی ہے۔ 
۲۔ رحم سے زرد مواد کا اخراج۔ کبھی زرد رنگت کی رطوبت کا اخراج ہوتا ہے یا بدرنگ یا سبزی رنگت لئے ہوئے مادے کا اخراج اکثر سوزاکی سرایت کے سبب ہوتا ہے۔ اور اکثر ''عفونت '' کے سبب سے زرد رنگت کی رطوبت خارج ہوتی رہتی ہے۔ 
اکثر  اطبا یہ کہتے ہیں کہ سیلان ا لرحم صفراوی مرض ہے۔ یہ بات درست نہیں ہے ذیل کی سطور ملاحظہ کریں۔ 
'' اس رطوبت کی پیدائش یا تو خاص رحم میں ہوتی ہے۔ یا جس وقت رحم کی قوت جاذبہ میں ضعف آجائے یا کچھ فضول تمام بدن سے رحم میں آتے ہوں بطور استفراغ طبیعی کے  جسکے ذریعہ سے بدن کا تنقیہ اور صفائی ہوتی ہو۔اس فضلہ کی قسم پر استدلال اسکے رنگ اور جوہر سے کیا جاتا ہے۔ اسکی صورت یہ ہے کی یہ رطوبت کبھی تو سرخ ہوتی ہے۔ اس وقت معلوم ہوتا ہے کہ فضلہ دموی ہے۔ کبھی سپید رطوبت آتی ہے جو دلیل مادہ بلغمی کی ہے۔ کبھی زرد آتی ہے جس سے صفراوی مادہ فضلے کا معلوم ہوتا ہے۔ کبھی سیاہی لئے ہوئے ہوتی ہے اس سے گمان مادہ سوداوی کا ہوتا ہے۔(کامل الصناعہ ج اول ص 534)
علامات و عوارضات سیلان ا لرحم۔
رحم سے رطوبت بہنے کے ساتھ ساتھ کم و بیش درج ذیل عوارض پائے جاتے ہیں۔ ہاضمہ بگڑ جاتا ہے مسلسل سیلان رطوبت کے سبب چہرہ زرد، بے رونق، آنکھ کے گرد حلقے پڑ جاتے ہیں، بدن کمزور ہو جاتا ہے۔ کمر اور پنڈیلیوں میں درد رہتا ہے۔ پیشاب بار بار آتا ہے۔ اندام نہانی میں خارش۔ پیڑو میں درد اور بوجھ محسوس ہوتا ہے۔ درد سر۔ دوران سر کی شکایت ہو جاتی ہے، سستی اور کاہلی ہوتی ہے کسی کام کی طرف طبیعت راغب نہیں ہوتی لاغری اور کمزوری بڑھ جاتی ہے۔ مزاج چڑچڑا ہوجاتا ہے اور اختلاج قلب تک نوبت پہنچ جاتی ہے۔ اس مرض میں عموماً قبض کی شکایت رہا کرتی ہے ہاتھوں، پیروں بالخصوص ہتھیلی اور تلوے میں جلن ہوتی ہے اگر سیلان کی شکایت عرصے تک رہے تو حیض بھی متاثر ہو جاتا ہے۔اگر سیلان رطوبت زیادہ ہو تو اکثر حمل قرار نہیں پاتا '' مرض کی شدت میں اول تو استقرار حمل بہت کم ہوتا ہے اور اگر استقرار حمل ہو بھی جائے تو بیشتر اسقاط حمل ہو جاتا ہے۔ (امراض زنانہ۔ از حکیم مجید ناروی۔ ص 45)
اسباب سیلان الرحم 
۱۔ ''عفونت ''۔ اطباء قدیم ماہیت امراض کے بیان میں حسب ذیل اصطلاحات استعمال کرتے ہیں۔ '' تلوث'' (گندگی یا عفونی مادہ کا لگ جانا۔ عفونت سے گندہ ہو جانا۔ ترجمہ کبیر ج چہارم ص 324)
اجسام خبیثہ۔ عفونت اور وبا پیدا کرنے والے اجسام۔(ترجمہ کبیر ج چہارم ص 303) 
تعدیہ۔ چھوت، مرض کا لگ جانا۔ (ترجمہ کبیر  ج چہارم ص 323)
سرایت۔ چھوت، مادہ کا پھیلنا۔ مرض کا یک دوسرے کو لگنا۔ (ترجمہ کبیر ج چہارم ص 349)
عفونت۔ گندگی۔ سڑاند۔ تلوث۔ اجسام خبیثہ۔ جراثیم کی آلودگی۔  (ترجمہ کبیر ج چہارم ص 361)
اطباء  قدیم ”عفونت“ کا لفظ بہت زیاد استعمال کرتے ہیں۔ بہت سے بخاروں کو ”حمیات عفونیہ“ کہتے ہیں۔ وہ قائل ہیں کی بعض بخار عفونت کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ ''عفونت ایک طورکا فساد رطوبت میں ایسا پیدا ہوتا ہے کہ جسمیں حرارت غریبہ کے اثر سے اکثر ان رطوبات کے خواص بدل جاتے ہیں۔ عفونت کے پیدا ہونے کا سبب غذائے ردی ہے۔ (القانون ج سوم ص 1154)

عفونت سے خلطوں کی تپ ہوتی ہے لیکن عفونت خلطوں کی دو حال سے باہر نہیں ہے۔ یا رگوں کے اندر متعفن ہوتی ہے یا رگوں کے باہر۔
(ذخیرہ خوارزم شاہی  ج 5 ص 5)
عفونت کے تپوں میں حرارت لذاع اور چبھتی ہوئی ہوتی ہے۔ جو بدن کو ناگوار معلوم ہوتی ہے۔ اور جلائے دیتی ہے اور اسکی جلن ایسی ہوتی ہے جیسے آگ کے شعلے کی جلن۔ (کامل الصناعہ ج اول ص 413)
جب تک کوئی رطوبت خالص (غیر ملوث) ہوتی ہے یعنی اسکے ساتھ اجسام خبیثہ کی آمیزش نہیں ہوتی اس وقت تک وہ عفونت سے بری اسی طرح ہوتی ہے جسطرح سادہ پانی اور خالص ہوا۔ عفونت اور وبا کے اجسام خبیثہ گاہے سڑی گلی ناشوں اور گاہے سڑی گلی جھیلوں سے انسانی جسم تک پہنچتے ہیں۔ 
(ترجمہ کبیر  ج چہارم ص 124) 
اطباء کہتے ہیں کہ عمل عفونت کیلئے حرارت کی ضرورت ہے۔ اور عمل عفونت سے حرارت پیدا بھی ہوتی ہے۔ اگر کسی مادہ کو برف وغیرہ سے غایت بردوت تک پہنچا دیا جائے تو عمل عفونت رک جاتا ہے یہی وجہ کہ برف کے اندر کسی مردہ حیوان یا پھل وغیرہ کو دبا دیا جائے تو وہ سڑنے سے محفوظ ہو جاتا ہے۔عمل عفونت کیلئے حرارت کے ساتھ رطوبت کی بھی ضرورت ہے رطوبت کے اندر عمل عفونت تیزی کے ساتھ ہوتا ہے۔ اگر رطوبت کم کردی جائے تو عفونت بند ہو جاتی ہے۔ یا اسی تناسب سے اسکی رفتار میں کمی آجاتی ہے۔  (ترجمہ کبیر ج چہارم ص 90)
'' ظاہر ہے کہ مواد عفونت سے یہی مراد ہو سکتے ہیں جنکو آج خردبین کی نظر سے دیکھ لیا گیا ہے۔ جنکا نام '' جراثیم'' رکھ دیا گیا ہے۔  (ترجمہ کبیر ج چہارم ص 91)
تلوث۔ اجسام خبیثہ۔تعدیہ۔ سرائیت۔ عفونت۔ کے دائرے میں جراثیم (Bacteria) وائرس(virus) پیراسائٹس(parasites) Fungs یہ سب داخل ہیں۔
جراثیم۔ یہ خورد بینی اجسام بغیر کسی نہایت طاقتور خردبین کے نظر نہیں آسکتے۔ یہ نہایت خطرناک اور نہایت فائد مند ہوتے ہیں۔ یہ ہوا پانی مٹی اور نباتات میں ہر جگہ موجود رہتے ہیں۔ 
وائرس۔ یہ Bacteria سے بھی چھوٹے ہوتے ہیں۔ انکا شمار Bacteria میں نہیں ہوتا یہ زندہ اجسام کے خون اور ساخت کے بجائے direct سیلز (خلیات) پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ اور سیلز کے انزائم سے اپنی خوراک لیتے ہیں اور اپنی نسل بڑھاتے ہیں۔
پیراسائٹس۔ Parasites۔ ان جراثیم کو کہتے ہیں جو انسانی جسم کے اندرونی یا بیرونی عضو پر قیام کرکے انہیں سے اپنی غذا لیتے ہیں۔ پیراسائٹس کو طفیلی 
جراثیم کہتے ہیں۔انہیں اگر مناسب Host (میزبان) نہ ملے تو یہ ہلاک ہو جاتے ہیں۔ 
ٹرائی کموناس ویجی نالس Trichomonas Vaginalis۔یہ پیراسائٹس عورتوں میں صرف مہبل اور بچہ دانی کو اپنا ٹھکانہ بناتے ہیں۔ اور مردوں میں پیشاب کی نالی اور پراسٹیٹ گلینڈ کو اپنی قیام گاہ بناتے ہیں۔ اس مرض کے چھوت لگنے کے بعد مہبل اور بچہ دانی کی میوکس ممبرین اور مردوں کی پیشاب کی نالی کے آخری سرے تک ہلکی ورمی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ اور ان ماؤف مقامات سے لیسدار رطوبت خارج ہونے لگتی ہے۔ یہ پیراسائٹس عورتوں میں سیلان الرحم کا خاص سبب ہے۔
۔Fungus اردو میں اسکا نام پھپھوندی ہے۔ یہ ایک قسم کی روئیدگی ہے۔ نباتی اور حیوانی اجسام پر اگا کرتی ہے۔ اور پھیلتی ہے۔ Fungus کی نشو نما جراثیم کے مقابلہ سست رفتار ہوتی ہے۔Fungus کے وہ اقسام جو انسانوں میں امراض پیدا کرتی ہیں انمیں ایک Candida ہے۔ خردبینی معائنہ سے اسمی دھاگے اور شگوفے نظر آتے ہیں۔ انکو Candidiasis یا Moniliasis بھی کہتے ہیں۔ انکی ایک خاص قسم Candida Albicans ہے۔ یہ انسانوں پر سب سے زیادہ حملہ آور ہوتی ہیں۔ انکی وجہ سے منہ اور مہبل کی اندرونی بلغمی جھلی ماؤف ہو جاتی ہے جب منہ اور زبان اس سے متاثر ہوتے ہیں تو ''قلاع'' کی شکایت ہوتی ہے جب مبہل اس سے متاثر ہوتی ہے تو '' سیلان الرحم'' کی تکلیف رونما ہوتی ہے۔
(۲)  ورم عنق الرحم Cevical Endometritts
اس مرض میں صرف گردن رحم۔ اور کبھی رحم کی اندرونی لعابدار جھلی میں سوزش ہوکر رطوبت بکثرت خارج ہوتی ہے۔یہ مرض کثیر الوقوع۔
 اسباب کثرت تفکرات۔ ایام حیض میں بے قاعدگی۔ کثرت مجامعت۔ عفونت ہے۔
علامات۔ پیڑو اور کمر میں درد کی شکایت ہوتی ہے۔ عنقی افراز کی مقدار وافر ہوتی ہے۔ غلیظ اور لیس دار رطوبت خارج ہوتی ہے۔ 
Thick. Curdy white discharge e' plaques and congestion ie candidial infection. 
(Pag.110. Ghanshayam Vaida)
اسکے علاج میں ایک وقفے تک جماع سے پرہیز کرانے کے ساتھ دافع تعفن۔ مجفف رطوبات۔ محلل اورام اور مقوی رحم دواؤں کے استعمال سے یہ مرض رفع ہوتا ہے۔ 
(۳) ورم رحمMetritis۔ورم رحم باطن۔ Endometritis 
ورم رحم سے بالعموم رحم کے طبقہ عضلیہ کا ورم مراد ہوتا ہے۔ اسی کے ساتھ غشائے مخاطی میں بھی اکثر ''سرایت'' ہو جایا کرتی ہے۔ گاہے صرف غشائے مخاطی میں ورم ہوتا ہے اور باقی پرت درست ہوتی ہے۔ تو اس صورت میں شدید عوارض نہیں ہوتے صرف اندرونی جھلی پھول کر جوفے رحم کو تنگ کردیتی ہے اور پیڑو کے مقام پر زیادہ ابھار نہیں معلوم ہوتا۔ ''اسمیں رحم سے ایک سفید غلیظ رطوبت بہا کرتی ہے اسلئے اسکو نزلہ رحمیہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔ اگر پیڑو کو دبایا جائے تو درد محسوس ہوتا ہے۔ (مطب عملی ص 284)
جب رحم کی غشائے مخاطی کا ورم مزمن ہو جاتا ہے تو رحم سے لعاب دار اور قدرے خون آمیز رطوبت خارج ہوتی ہے۔(مخزن حکمت۔ ج دوم۔ص 801)
یہ مرض اس قدر موذی ہوتا ہے کہ عورت کی تمام قوتوں کو بہت ہی قلیل عرصے میں طرح طرح کے عوارض میں مبتلا کردیتا ہے۔ 
اسباب ورم رحم۔ رحم پہ چوٹ لگ جانا۔ رحم میں سردی کا لگ جانا۔ سوزش شرم گاہ۔ کثرت جماع۔ تعفن۔ گاہے طمثی عروق میں مادہ حیض عفونت اختیار کرلیتے ہیں۔ یہ تعفن قریب رحم کے بھی ہوتا ہے اور عمق میں بھی ہوتا ہے۔ جو تعفن عمق رحم میں ہوتا ہے۔ '' وہ اس علامت سے خالی۔ نہ ہوگا کی مختلف رطوبات بھی اسمیں نکلتے ہوں اور اکثر یہ رطوبات ہم رنگ دردی شراب کے ہوتے ہیں۔ (القانون حصہ سوم۔ص 1092)
۔Trichomonas vaginalis یہ عورتوں میں سیلان الرحم کا خاص سبب ہے۔ یہ پیراسائٹس مہبل اور بچے دانی کی میوکس ممبرین پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ہلکی ورمی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ رحم سے لیس دار زردی مائل کسی قدر ''بو'' کے ساتھ رطوبت خارج ہوتی ہے۔ Yellowish,forthy discharg of trichomonal intfection.(Ghanshyam Vaida P.110)
۴۔فضلات رحم کی کثرت 
سن یاس میں بعض اوقات رحم سے زیادہ مقدار میں بدبودار رطوبت کا اخراج ہوتا ہے۔ جسکا سبب فضلات کی کثرت ہوتی ہے۔ جنکا رحم کی طرف استفراغ و تنقیہ کی غرض سے انصباب ہوتا ہے۔یہ فضلات بلغی، صفراوی، سوداوی یا دموی الاصل ہوتے ہیں۔علاوہ بریں رحم کی قوت غازیہ ضعیف ہو جانے سے نفس رحم میں رطوبتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ (امراض النساء۔ص 562)سن یاس کے اس سیلان کے تعلق سے حکیم اجمل خاں فرماتے ہیں۔'' اگر بڑھاپے میں اس قسم کے سیلان کی شکایت ہوتی ہے تو اندام نہانی سے پنیر کی مانند جمی ہوئی اور غلیظ رطوبت خارج ہوا کرتی ہے۔ (حاذق۔ ص 483)
۵۔عام بدنی ضعف
اس مرض سیلان میں مبتلا مریضہ میں ضعف و نقاہت عام سی بات ہے۔ جس قدر ضعف عمومی بڑھتا ہے یہ مرض بڑھتا ہے اور جس قدر سیلان بڑھتا ہے ضعف و نقات بدنی بڑھتی جاتی ہے اور اسطرح سے ایک نہ رکنے والا سلسلہ چل پڑتا ہے۔ اسلئے ہمیں علاج کے ذیل میں یہ ضرور خیال کرنا چاہئے کہ مرض سیلان بھی رفع ہو اور عمومی صحت بھی بحال ہو۔
۶۔کم سن بچیوں کا سیلان
چھوٹی بچیوں میں مہبل سے سفید چونے جیسی رطوبات خارج ہونے لگتی ہیں بچیوں کی مائیں بتاتی ہیں۔ انکے ذریعہ سے یہ بیماری مشاہدے میں آئی۔'' سفید چونا جیسی رطوت مہبل سے خارج ہوتی ہے۔ کپڑے پر سفید نشانات پڑ جاتے ہیں۔'' میرے مطب پر ایسی بہت سی بچیاں اپنی ماؤں کے ساتھ آئی ہیں۔۔۔ ایسا صرف اور صرف کیلشیم کی کمی کہ وجہ سے ہوتا ہے۔ اس مرض کے ازالہ کیلئے خمیرہ مروارید بہت کافی ہوتا ہے۔ 
۷۔کاپر ٹی کا استعمال۔Copper -T 
بعض اوقات مریضہ یہ شکایت لیکر بھی آتی ہے۔ کہ اندام نہانی سے انڈے کی سفیدی جیسی رطوبت مسلسل خارج ہوتی رہتی ہے۔ جس کہ وجہ سے طبیعت میں گرانی، کمر میں درد اور کمزوری ہوتی ہے۔۔۔ تفصیلی گفتگو کے بعد معلوم ہوتا ہے کی انہوں نے فیملی پلاننگ کی غرض سے کاپر ٹی لگوائی ہے۔ اور لگوانے کے کچھ ہی دنوں کے بعد سے اس رطوبت کا سیلان شروع ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ رحم ایک حساس عضو ہے اور کاپر ٹی خارج سے داخل کی گئی شے ہے۔ جسکو رحم نکال باہر کرنا چاہتا ہے۔ لیکن خارج نہیں کر پاتا ایسی صورت میں سیال رطوبت کا اخراج ہونے لگتا ہے۔ جس سے مریضہ کی صحت آہستہ آہستہ تباہ ہو جاتی ہے۔ اسکا علاج یہی کہ اسکو نکلوا دیا جائے اور بحالی صحت کیلئے معجون دبید الورد اور خمیرہ مروارید کھلایا جائے۔ 
۸۔جنسی نا آسودگی 
مرض سیلان میں  جنسی نا آسودگی ایک اہم سبب ہے۔یہ مرض ایسی خاتون کو ہوتا ہے جسکا شوہر سرعت انزال کے مرض میں مبتلا ہوتا ہے۔ معمولی ملاعبت سے ہی قبل ازدخول یا دخول کے فوراً بعد منی خارج ہو جاتی ہے۔ جسکے سبب عورت نا آسودہ رہتی ہے۔ اور نتیجہ میں پورے دن بلکہ بیشتر اوقات عورت کے اندام نہانی سے رطوبت کا اخراج ہوتا رہتا ہے۔ دوران مطب اس قسم کے سیلان کی مریضہ بکثرت آتی ہیں۔ اس مرض کے علاج کیلئے شوہر کے علاج پر خاص توجہ دینی چاہئے۔ میں مرد کے ضعف باہ کا علاج کرتا ہوں۔ ایک سے ڈیڑھ ماہ تک بحمدللہ شوہر ٹھیک ہو جاتا ہے اور مریضہ بھی ٹھیک ہو جاتی ہے۔ اطبا? اس لطیف نکتے کو سمجھیں۔ 
میری اس بات کی تائید ہمدرد کی ایک دوا ''ناشف'' کے تعارف میں لکھی گئی ذیل کی سطور سے بھی ہوتی ہے۔''.... جنسی نا آسودگی یا شوہر کے سرعت انزال میں مبتلا ہونے کے سبب پیدا ہونے والے سیلان ابیض میں مفید ہے۔ (امراض النساء ص 570)
۹۔بڑھا ہوا جنسی ہیجان 
مطب پر مرض سیلان میں مبتلا بہت سی مریضہ آئیں میں نے محلل، مقوی اور ہلکی مجففات دوائیں دیں۔ لیکن بالکل بھی فائدہ نہیں ہوا۔پھر وہی شکایت دوا بدل کر دی پھر وہی شکایت علاج میں ناکامی کے بعد پھر میں نے مریضہ سے بغرض تشخیص تفصیل سے بات چیت کی تو حیرت ہوئی۔۔۔ کہ شوہر پردیس میں رہتے ہیں رات میں فون آتا ہے باتیں ہوتی ہیں۔ شوہر و بیوی کے درمیان کی باتیں فون پر ویڈیو کالنگ کی بھی سہولت ہے اس ذریعہ سے بھی بات ہوتی ہے۔۔۔ فون پر بات ختم ہونے کے بعد میں بھی طبیعت میں جنسی ہیجان رہتا ہے۔۔اوررطوبت کا سیلان ہوتا۔۔ اور بکثرت ہوتا۔ کسی شاعری نے اسی کیفیت کو شعر کے قالب میں ڈھال دیا۔۔
روز ہوتی ہے گفتگو ان سے 
مدتوں سامنا نہیں ہوتا
آپ اسکو”موبائلی سیلان“ کا نام دے سکتے ہیں۔ اس سیلان کے مرض میں مبتلاء مریضہ کے علاج میں ابتک ناکام رہا.... کیونکہ یہ لت چھوٹتی نہیں۔۔ اور اگر بیوی مان بھی جائے۔ تو وہ مجازی خدا نہیں مانتا۔ لیکن اس وقت کا کثیر الوقوع مرض ہے۔ اطباء کو بکثرت سابقہ پڑتا رہتا ہے۔
حکایت مریض 
...... ''حکیم صاحب یہ میری بچی ہے اسکی عمر ابھی سات سال ہے۔ کئی ماہ سے اسکی شرم گاہ سے رطوبت خارج ہوتی ہے۔ اور زیادہ مقدار میں خارج ہوتی ہے کپڑے پہ لگ جائے تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے چونا لگ گیا یعنی سفیدی چونے جیسی ہوتی ہے۔ یہ کیا ہے؟ یہ کیوں ہے؟یہ تو ابھی بچی تو پھر ابھی سے ایسا کیوں ہے''؟
یہ سیلان صرف کیلشیم کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ میں نے مریضہ کی ماں کو تسلی دی اور صرف ”خمیرہ مروارید“ دیا کہ اسکو صبح خالی پیٹ آدھا چمچہ کھلا دیا کریں بچی بہت جلد ٹھیک ہو جائے گی انشاء اللہ۔ اس طرح کے سیلان میں مبتلا بچیاں مطب پر آتی ہیں۔ اور صرف خمیرہ مروارید کھلا دینے سے ٹھیک ہو جاتی ہیں الحمدللہ۔
''َََََِِ……حکیم صاحب میری عمر 48 سال ہے میرا حیض بند ہوئے تقریباً چار سال ہو گئے لیکن حیض بند ہونے کے تین چار مہنے بعد سے غلیظ قسم کی رطوبت ''لرچھا لرچھا'' بالکل جما جما پنیر کی طرح زیادہ مقدار میں رطوبت خارج ہونے لگی۔ دیکھنے پر ہر وقت اس جگہ پر وہ مواد موجود رہتا ہے اتنی مقدار میں۔ اس قدر جیسے لگتا ہے کہ میرے جسم میں اور کچھ نہیں جو کچھ کھاتی پیتی ہوں وہ سب جاکر یہی کچھ بن جایا کرتا ہے۔ اور پھر اسی راستے سے نکل آتا ہے۔۔۔ میں نے کئی ڈاکٹروں کو اپنی روداد سنائی علاج کیا مجھے کچھ بھی فائدہ نہیں ہوا۔ اور حالت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ '' وہ ''اب مجھے کوسنے لگے ہیں۔ کہ یہ کیا ہر وقت۔۔۔ میری زندگی اب مشکل لگنے لگی ہے۔۔۔“
یہ سن یاس کا سیلان ہے۔ اسکا سبب فضلات کی کثرت ہے۔ مریضہ کی حکایات سن لینے کے بعد ایکبار پھر حکیم اجمل خاں کے ذیل کی اعبارت پڑھ لیں۔''اگر بڑھاپے میں اس قسم کے سیلان کی شکایت ہوتی تو اندام نہانی سے پنیر کی مانندجمی ہوئی اور غلیظ رطوبت خارج ہوتی ہے۔(حاذق۔ص 483)۔۔۔مریض کتنا سچ بولتا ہے اگر ہم اسکی باتوں کو بغور سنیں۔۔۔
ایسی مریضہ کا علاج یہ ہے کہ خلط غالب کا تنقیہ کریں پھر اسکے بعد رحم کی قوت غازیہ اور قوت ماسکہ کیلئے دوائیں دیں۔ میں نے اس مریضہ کو تیس دن تک بغرض تنقیہ ”نقوع شاہترہ“ کا زلال پلایا اور شام کو معجون عشبہ دس گرام کھلایا۔بحمدللہ تنقیہ تام ہو گیا اسکے بعد معجون دبید الورد صبح خالی پیٹ۔خمیرہ مروارید ایک چمچہ شام چار بجے۔ معجون مقوی رحم ایک چمچہ رات سوتے وقت صرف ایک ماہ تک اس ترتیب سے علاج کیا مریضہ الحمدللہ کل دو ماہ کے علاج سے مکمل ٹھیک ہوئی۔
''…… حکیم صاحب مجھے آٹھ دس سالوں سے سیلان کی شکایت ہے۔ جاء مخصوصہ ہر وقت بھیگی رہتی ہے۔ہر دن مجھے دو دو بار پیڈ بدلنا پڑتا ہے۔ رطوبت کبھی کم کبھی زیادہ بہا کرتی ہے۔ اندر سوجن ہے میں اکڑوں نہیں بیٹھ پاتی۔ ناف کے نیچے چھونے یا معمولی سا دبا دینے پر درد ہوتا ہے۔ میری کمر میں درد رہا کرتا ہے۔ معمولی سا کام کرنے پر طبیعت تھک جایا کرتی ہے۔ میری بارہ سال عمر کی بچی ہے اسکے بعد سے ہی یہ سیلان کی شکایت ہو گئی۔ اسکے بعد سے ابتک کوئی اولاد نہیں ہے۔ اس عرصہ میں ایک بار حمل ٹھرا بھی تو دو ماہ بعد خراب ہو گیا۔ پوچھنے پر مریضہ نے بتایا کہ رطوبت زردی مائل خارج ہوتی ہے۔ اور اسمیں اب بدبو بھی رہنے لگی ہے۔۔۔ مریضہ جسمانی طور ہر بالکل کمزور آنکھوں کے نیچے سیاہی مائل حلقہ اور چہرہ کی رنگت زرد تھی۔ 
''……حکیم صاحب مجھے پچھلے چار سال سے سیلان کی شکایت ہے رقیق رطوبت تھوڑے تھوڑی وقفے سے ہر وقت بہا کرتی ہے۔ اور یہ رطوبت خراش دار ہوتی ہے۔ باہری حصے میں جہاں لگتی ہے۔ خراش پیدا ہو جاتی ہے بلکہ وہ جگہ چِھل جاتی ہے۔ میں نے بہت علاج کیا لیکن مکمل آرام نہیں ہوتا۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ابھی شادی نہیں ہوئی ہے۔۔۔۔
مریضہ کے چہرہ پر نہ تو بشاشت میں کمی تھی نہ ہی کہیں سے وہ مریضہ لگ رہی تھی اسکی ماں نے بتایا کہ اسے سیلان کی شکایت ہے۔ میں نے دیر تک مریضہ سے مرضی حالات معلوم کئے لیکن مرضی علامات نہیں مل رہی تھیں۔ پھر بھی مرض سیلان کے مطابق دوا دی لیکن دس دن بعد مریضہ نے کہا کہ اسے کچھ بھی فائدہ نہیں ہوا۔ میں نے اپنی سمجھ سے تبدیلی کرکے دوا دی کچھ بھی فائدہ نہیں ہوا۔ اس بار جب آرام نہیں ہوا تو میں نے مریضہ سے اسکے شب و روز معلوم کئے اسکے سونے جاگنے کے معمولات ازدواجی تفصیلات۔۔۔ معلوم ہوا کی چار ماہ قبل ہی شادی ہوئی ہے شوہر ایک ماہ ساتھ رہنے کے بعد سعودی چلے گئے اور جاتے وقت ایک موبائل اسے بھی دے گئے۔۔۔۔ رات جب پورا گھر سو جاتا ہے تب شوہر نامدار کا فون آتا ہے دیر رات تک گفتگو ہوتی ہے اور نتیجہ میں نہ رکنے والا سیلان کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ میں اس سیلان کے علاج میں ناکام رہا اور اپنی ناکامی پر خوش ہوں کی میں سیلان کا ایک نیا سبب دریافت کرنے میں کامیاب رہا۔۔ اس سیلان کا اصول علاج یہی بنتا ہے کہ مریضہ سے ”ملٹی میڈیا سیٹ“ ضبط کرلیا جائے۔ اسے بات کرنے کیلئے سادہ سیٹ دے دیا جائے اور شوہر کو ہدایت کی جائے وہ دیر رات گئے دیر تک فون پر بات نہ کرے اپنی بیوی کی صحت کا خیال رکھے۔ اور ہر چار ماہ بعد پردیس سے گھر آ جایا کرے۔ یا اپنے ہی ساتھ بیوی کو بھی رکھے۔
علاج سیلان الرحم
اصول علاج
اصلی سبب کی طرف توجہ کرکے اصول علاج متعین کریں۔
اصل سبب کو معلوم کرکے بروقت تدارک کریں۔ جس مرض کے سبب سے سیلان ہے پہلے اس مرض کا علاج کیا جائے۔ 
مریضہ کو صاف ستھرا رہنے کی تلقین کریں۔ مقامی صفائی (فرج و مہبل) کا خاص اہتمام کرنے کی تلقین کریں۔ اصلاح ہضم و رفع قبض کا خاص خیال رکھیں۔ اس مرض میں مبتلا مریضہ کو اکثر قبض کی شکایت رہا کرتی ہے۔ 
تمام بدن سے خلط غالب کا تنقیہ کریں۔ رحم سے جو رطوبت بہتی ہو اسکا علاج یہ ہے کہ مریضہ سے بہنے والی رطوبت کی رنگت اور بو کے تعلق سے دریافت کریں۔اسی سے اندازہ لگائیں کہ بہنے والی رطوبت کا تعلق کس خلط سے ہے۔ '' خلط غالب معلوم کرنے کا طریقہ یہ ہیکہ مریضہ سے رطوبت کا رنگ دریافت کریں۔ چنانچہ اسکا رنگ سرخی مائل ہو اسکے ساتھ حرارت ہو اور قارورہ غلیظ و سرخ ہو تو وہ خون کا غلبہ ہوگا۔ اگر اسکا رنگ زرد ہو رطوبت بدبودار ہو اور تشنگی کا غلبہ رہے تو اسکا سبب صفرا کی زیادتی ہوگی۔ اگر رطوبت کا رنگ سفید ہو اور بلغم کے دوسرے آثار پائے جائیں تو اسکا سبب بلغم کی زیادتی ہوگی۔ اور اگر
 رطوبت سیاہی مائل غلیظ ہو اور اسکے ساتھ بدن میں خشکی اور لاغری ہو تو اسکا سبب سودا ہوگا۔ (اکسیر اعظم ص 835)
عموماً سیلان رطوبت کا سبب رحم اور مہبل کے اندر استر کرنے والی بلغمی جھلی کا مزمن ورم ہوا کرتا ہے اسلئے سب سے پہلے اس ورم کو دور کرنے کی جانب توجہ کی جائے۔ 
ورم رحم اس مرض میں ایک ضروری سبب ہے۔ اس سلسلے میں حکیم اجمل خاں نے ان الفاظ میں آگاہ کیا ہے۔'' یاد رکھنا چاہئے کہ سیلان الرحم والی مریضہ کو ورم رحم کی خفیف یا شدید شکایت ضرور ہوتی ہے۔ اسلئے سیلان کے علاج کے ساتھ ساتھ ورم رحم کا علاج ضرور کرنا چاہئے۔ (حاذق ص 482)
عمومی ضعف و نقاہت کو دور کریں۔اس مرض میں عموماً اعضائے رئیسہ بھی کمزور ہو جاتے ہیں۔ جس سے عمومی نقاہت ہو جاتی ہے۔ جس قدر کمزوری بڑھتی ہے۔ سیلان کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔ اور جس قدر یہ مرض سیلان بڑھتا ہے کمزوری بڑھتی ہے۔ مریضہ کو کیلشیم کی کمی شدید ہوتی ہے۔ اسلئے علاج میں اسکا بطور خاص خیال رکھیں۔ ایسی دوا ضرور شامل کریں جس سے کیلشیم کی کمی پوری ہو جو مقوی اعضاء رئیسہ ہوں۔ 
رحم کی قوت غازیہ کو بڑھائیں۔
مرض سیلان کے علاج میں رحم کی قوت غازیہ کو بڑھانا ایک اہم سبب علاج ہے۔ اس قوت کو بڑھانے سے عمل عفونت بے اثر ہوتا ہے اور جلد صحت لوٹتی ہے۔ علاج سیلان میں اگر رحم کی قوت غازیہ کو نہ بڑھایا جائے تو کامل صحت نہیں ہوتی صرف وقتی آرام ہوتا ہے۔'' اگر مریضہ کا رنگ زرد ہو قوت کمزور ہو اور رطوبت دورہ سے آئے تو اسکا سبب قوت غازیہ کی کمزوری ہوگی۔ (اکسیر اعظم ص 835)رحم کی قوت غازیہ کو بڑھانے کیلئے غذا و دوا دونوں کا انتخاب ہونا چاہئے۔ لطیف و سریع الہضم اغذیہ واشربہ سے رحم کی قوت غازیہ میں اضافہ کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے دودھ ایک مفید غذا ہے۔ اور اس مقصد کیلئے ”معجون مقوی رحم“ایک اچھا مرکب ہے۔
مجفف رطوبات۔دواؤں اور غذاؤں کا استعمال کریں۔جہاں عفونت سبب ہے۔ وہاں کے علاج کے ذیل میں یہ بات ہمیشہ یاد رہے کہ عمل عفونت کیلئے حرارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور حرارت کے ساتھ ساتھ رطوبت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ رطوبت کے اندر عمل عفونت بہت تیزی کے ساتھ ہوتا ہے۔ کبھی رحم کی طمثی عروق میں مادہ حیض رک کر عفونت اختیار کرلیتے ہیں۔ کبھی التہاب عنق الرحم کے باعث حرارت و رطوبت کی کثرت ہوتی ہے۔ اسلئے بغرض علاج ہم ایسی دواؤں اور غذاؤں کا ہم استعمال کریں جو مجفف رطوبات ہوں۔جو خشکی پیدا کریں اور قابض تاثیر کی حامل ہوں۔کیونکہ جب رطوبت سوکھ جائے گی تو عفونت دور ہو جائے گی۔ یہ جراثیم وائرس پیراسائٹس فنگس جو اسی رطوبت سے خوراک لیتے ہیں۔ وہ ہلاک ہو جائیں گے۔ اسلئے اس نکتے کو ذہن نشین رکھیں۔
مانعات عفونت ادویہ کو استعمال میں لائیں۔ وہ ادویہ جو عمل تعفن کو روک دیتی ہیں اور تعفن پیدا کردینے والے مادے کو تباہ کردیتی ہیں ایسی دواؤں کو استعمال میں لائیں۔ 
زعفران محلل ورم ہے۔ ورم رحم اور ورم جگر کو تحلیل کرتا ہے۔ (تاج المفردات ص 594)زعفران دافع تعفن ہے۔ (منافع المفردات ص 128)سیلان الرحم کے علاج میں ”معجون دبید الورد“کو خاص اہمیت اسلئے حاصل ہے کہ اسمیں زعفران بڑی مقدار میں شامل ہے۔ اس معجون کے استعمال سے تبھی فائدہ ممکن ہے جب زعفران پوری مقدار میں شامل ہو۔
اگر عفونت عمق رحم میں ہے اور سیلان سے بدبو آتی ہے ایسی صورت میں جوشاندہ افسنتین کا استعمال نہایت مفید ہے۔
خلط غالب کا تنقیہ کریں۔خلط غالب خواہ سودا، صفرا، بلغم۔ و۔ دم ہو میں ان تمام کا تنقیہ نقوع شاہترہ سے کرتا ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کامیابی ملتی ہے۔ 
میں نے آج تک کسی بھی مریضہ کو بطور فرزجہ کے استعمال کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں دیا۔ میں محلل اورام دوا تمام سیلان کی مریضہ کو ضرور دیتا ہوں۔ اس مقصد کیلئے ”معجون دبید الورد“ ایک چمچہ صبح خالی پیٹ ہلکے گرم پانی سے لینے کی ہدایت کرتا ہوں۔ یہ معجون۔ ورم جگر ورم معدہ۔ کے ازالے کیلئے مفید ہے۔اور جہاں یہ علامات ملتی ہیں۔ کہ عروق حیض میں مادہ معفنہ رک گیا ہے اس صورت میں شربت نسوانی جوشاندہ افسنتین کے ساتھ صبح و شام پلاتا ہوں۔ 
عمومی ضعف و نقاہت کو دور کرنے کیلئے خمیرہ مروارید کا استعمال کراتا ہوں۔ اس سے کیلشیم کی کمی پوری ہوتی ہے اور اعضاء رئیسہ کو طاقت ملتی ہے کیونکہ ''مروارید میں خالص کیلشیم ہوتا ہے''۔(منافع المفردات ص 93)
قابض اور مجفف رطوبات دوا استعمال کراتا ہوں۔ جہاں عفونت مزمنہ پاتا ہوں۔ تو دافع تعفن کے طور پہ جوشاندہ افسنتین ہمراہ شربت نسوانی پلاتا ہوں دیگر دواؤں کے ساتھ۔الحمدللہ عفونت دور ہو جاتی ہے۔ قابض و مجفف رطوبات کے لئے ایک سفوف استعمال کراتا ہوں۔ جسکا نام میں نے سفوف سیلان رکھا ہے۔
سفوف سیلان 
یہ نسخہ مفردات کے مطالعہ اور برسہا برس کی ٹھوکروں کے بعد حاصل ہوا ہے۔
نسخہ پیش خدمت ہے۔۔اجزا پر غور کریں۔۔یہ مجفف بھی ہے۔قوت غازیہ کو بھی بڑھانے والا ہے۔
سنگھاڑا خشک 1kg۔ مغزم تخم تمر ہندی500 gm۔ سنگجراحت500 gm مبدہ لکڑی 500 gm. مازو بے سوراخ500 gm۔ کشتہ پوست بیضہ مرغ500 gm۔ بھنا ہوا چنا500 gm۔ کچلہ مدبر 200 gm مصطگی50 gm کشتہ صدف 300 gm مروارید ناسقتہ 50 gm شکر 5 کلو۔ یہ سب ملاکر سفوف کریں۔ دس گرام سفوف شام کو ایک کپ دودھ سے۔سفوف سیلان کے نسخے پر غور کریں۔ یہ بحیثت مجموعی مقوی ہے۔ مجفف رطوبات ہے اور قابض بھی ہے۔ لیکن اسی کے ساتھ ساتھ اس نسخے میں مصطگی بھی شامل ہے۔ ''مصطگی ہاضم و کاسر ریاح ہے۔ دافع تعفن ہے''(منافع المفردات ص 206)
'' مصطگی قبض کو دور کرنے والی بے ضرر دوا ہے۔'' (تاج المفردات ص 688)
اس سفوف میں مروارید بڑی مقدار میں شامل ہے مروارید۔مقوی اعضاء رئیسہ ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ حا بس و قابض ہونے کے باعث جریان اور سیلان الرحم میں مفید ہے۔(تاج المفردات ص 701)
اس نسخے میں کچلا مدبر شامل ہے۔ جو اپنے دیگر فوائد کے ساتھ ساتھ '' محلل اورام ہے اور مسہل تاثیر پیدا کرتا ہے۔ (تاج المفردات ص 544)
نسخے میں کچلا مدبر کی شمولیت اسلئے بھی ضرری تھی کہیں حا بس قابض دواؤں کی شمولیت سے قبض شدید نہ پیدا ہو جائے۔
  اس سفوف میں جو مفردات شامل ہیں انمیں غذائی پہلو بھی ہے۔ مجفف رطوبت  کے ساتھ یہ قوت غازیہ کو بھی بڑھاتے ہیں۔ 
 رحم کی قوت غازیہ قوت ماسکہ کو بڑھانے کیلئے معجون مقوی رحم ایک چمچہ رات سوتے وقت کھلاتا ہوں۔ یہ معجون رحم کو قوت دیتی ہے سیلان رحم کیلئے مفید ہے۔ (قرابا دین مجیدی ص 340)
اور ساتھ میں اپنا ایک کیپسول جسمیں عمومی ضعف و نقاہت کو دور کرنے والے۔ رحم کی قوت غازیہ کو بڑھانے اور مجفف رطوبات۔ اجزا شامل ہیں اس کیپسول کو میں مفید تر پاتا ہوں۔ دو کیپسول رات سوتے وقت کھلانے کی ہدایت کرتا ہوں۔
کپیسول سیلان نسخہ
یہ نسخہ برسہا برس کی ٹھوکروں سے ترتیب پایا ہے۔ یہ قابض و مجفف رطوبات ہے۔ یہ مقوی اعضاء رئیسہ ہے۔ اس نسخے نے اب تک خطا نہیں کیا ہے۔۔۔
نسخہ درج ذیل ہے۔۔
کشتہ صدف  20/ گرام
کشتہ مرجان  20 /گرام
کشتہ قلعی  20/ گرام 
کشتہ فولا د  20/گرام
کشتہ پوست بیضہئ مرغ  20/ گرام
سنگ جراہت  40/گرام
تمام کو ملاکر 500/ ملی گرام کے کیپسول میں بھر لیں۔ دو کیپسول رات سوتے وقت ایک کپ دودھ سے لیں۔ 
کیپسو میں شامل اجزا پر نگاہ ڈالیں۔ کشتہ مرجان یہ مقوی اعضاء رئیسہ ہے۔ ضعف و نقاہت کو دور کرنے کیلئے مفید ہے۔ (بیاض کبیر ج دوم ص 161)
کشتہ فولاد خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔ منعش حرارت غریزی ہے۔ (بیاض کبیر ج دوم ص 159)
کشتہ پوست بیضۂ مرغ۔ سیلان منی، سیلان ودی اور سیلان الرحم کیلئے مفید ہے۔ (بیاض کبیر ج دوم ص 155)
میرا معمول مطب نسخہ
غالب رطوبات کے تنقیہ کیلئے نقوع شاہترہ مرض کی شدت کا لحاظ کرتے ہوئے کسی کو دس دن تو کسی کو بیس دن تک اورساتھ میں معجون عشبہ ایک چمچہ رات سوتے وقت کھلاتا ہوں ۔'' یہ معجون مصفی خون ہے تمام امراض فساد خون میں مفید ہے۔ (قرابا دین مجیدی ص 330)
جس کسی مریضہ میں عفونت مزمنہ کی روداد پاتا ہوں انہیں جوشاندہ افسنتین شربت نسوانی کے ساتھ پلاتا ہوں بالعموم جو نسخہ ریر استعمال ہے وہ حسب ذیل ہے۔

ھوالشافی
معجون دبید الورد (ایک چمچہ دس گرام صبح نہار منہ)+سفوف سیلان (آدھا چمچہ) + خمیرہ مروارید (ایک چمچہ شام چار بجے)
معجون مقوی رحم (ایک چمچہ)  ہمراہ۔کیپسول سیلان  (دو عدد رات سوتے وقت)
الحمدللہ میرے مریض ٹھیک ہوتے ہیں۔ میں اپنی کسی مریضہ کو ایک Tablet بھی ایلو پیتھ نہیں دیتا۔نہ بطور فرزجہ کچھ میں انھیں نسخوں کے ذریعہ علاج میں ناکام نہیں ہوتا۔ برسہا برس کے مطالعہ اور عملی تجربہ کے بعد ٹھوکروں پر ٹھوکریں کھا کر حاصل ہونے والے خزینے کو آنِ واحد میں لٹا دیا۔۔۔ اطبا اپنے تجربے سے اس نسخے کی تصدیق یا تکذیب یا اصلاح کریں مجھے خوشی ہوگی۔۔۔
حکیم ڈاکٹر شاہد بدر فلاحی
واٹس ایپ نمبر۔9936205756




















المراجع والمستفادات

۱۔ ذخیرہ خوارزم شاہی۔ احمد الحسن الجرانی۔ اردو ترجمہ حکیم ھادی حسین خان۔ ادارہ کتاب الشفا۔ دریا گنج نئی دہلی۔

۲۔ کامل الصناعہ۔ ابوالحسن علی ابن عباس۔ اردو ترجمہ حکیم غلام حسین کنشوری۔ ادارہ کتاب الشفا۔ دریا گنج نئی دہلی۔

۳۔ القانون فی الطب۔ ابن سینا اعجاز پبلشنگ ہاؤس نئی دہلی سن اشاعت 2010۔

۴۔ ترجمہ کبیر۔ج سوم چہارم۔ حکیم کبیر الدین صاحب۔ حکمت بک ڈپو۔ حیدرآباد سن اشاعت درج نہیں۔

۵۔ تجربات طبیب۔ حکیم عبد الحمید دہلوی۔ تالیف۔ حکیم محمد سعید دہلوی۔ ہمدرد اکیڈمی۔ کراچی۔ سن اشاعت 1973 

۶۔ مطب عملی بوسیدہ۔ انتہائی بوسیدہ۔ ابتدائی اوراق گم ہیں۔

۷۔ امراض النساء۔ حکیم خورشید احمد شفقت اعظمی ترقی اردو بیورو۔ ن?ی دہلی۔ سن اشاعت 1988

۸۔ زنانہ امراض کا علاج۔ حکیم مجید احمد ناروی۔ دارالحکمت پبلی کیشنز نارہ۔ الہ آباد۔ سن اشاعت درج نہیں 

9. General Practice. Ghanshyam Vimaidya. Bhalani Publishing House porel Mumbai.

۰۱۔ مخزن حکمت۔ج اول۔ ڈاکٹر و حکیم غلام جیلانی صاحب۔ اعجاز پبلشنگ ہاؤس نئی دہلی۔ سن اشاعت 1996 

۱۱۔ حاذق۔ حکیم اجمل خاں صاحب۔ بیسویں صدی پبلی کیشنز۔ مرادی روڈ بٹلہ ہاؤس۔ نئی دہلی۔سن اشاعت 2000

۲۱۔ اکسیر اعظم۔ حکیم محمد اعظم خاں۔ مکتبہ دانیال۔ اردو بازار لاہو۔

۳۱۔ قرابا دین مجیدی۔ دفتر جامعہ طبیہ دہلی۔ قدیم نسخہ۔ سن اشاعت درج نہیں۔

۴۱۔ بیاض کبیر۔ حکیم کبیر الدین۔ حکمت بک ڈپو حیدرآباد سن اشاعت 1977

۵۱ ۔ منافع المفردات۔ تالیف۔ ڈاکٹر محمد یوسف انصاری۔ اعجاز پبلشنگ ہاؤس۔ دریا گنج۔ نئی دہلی۔ سن اشاعت 2009

۶۱۔ تاج المفردات۔ ڈاکٹر و حکیم نصیر احمد طارق۔ ادارہ الشفاء۔ دریا گنج نئی دہلی سن اشاعت جولائی 2004