Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, November 21, 2021

*ملت کا روشن مستقبل نوجوانوں کی تعلیم وتربیت پر منحصر ہے*


آئی وائی ایف کی جانب سے NEET امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے پروگرام میں مقررین کا اظہار خیال

اعظم گڑھ.. اتر پردیش /صدائے وقت /پریس ریلیز/ 21 نومبر 2021. 
==================================
ملت اسلامیہ ہند کے اندر باصلاحیت طلبہ کی کمی نہیں ہے۔ ذرا سی توجہ سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ملک و ملت کی خدمت کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ملت کو زوال سے نکال سکتے ہیں۔ یہ اس وقت ہوسکتا ہے جب ملت کے اندر اجتماعی سوچ پیدا ہو اور تعلیم یافتہ و باشعور حضرات نئی نسل کی رہنمائی کے لئے آگے آئیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلامک یوتھ فیڈریشن اعظم گڑھ ڈویژن کی طرف سے NEET کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی تکریم کے لئے شبلی کالج کے کانفرنس ہال میں منعقد تقریب میں کیا۔
امسال ضلع اعظم گڑھ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ڈیڑھ درجن طلبہ نے NEET کے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ تقریباً تمام ہی طلبہ نے اپنی ذاتی محنت کی بنیاد پر یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگر طلبہ کی رہنمائی منظم انداز میں کی جائے تو کس قدر خوشگوار اور حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔
اسی اجتماعی سوچ کو پیدا کرنے کے لئے آئی وائی ایف اعظم گڑھ نے یہ تقریب منعقد کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ترانہ ملی کے بعد سب سے پہلے بچوں کے مشہور ڈاکٹر اور پی جی آئی چکرپان پور میں استاد ابو زید صاحب نے گفتگو کی۔ آپ نے سب سے پہلے کامیاب ہونے والے طلبہ اور ان کے گارجین کو مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد ملت میں ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ میں طلبہ کے تعلیم ترک کردینے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔اس جانب ملت کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آپ نے NEET میں کامیاب ہونے والے طلبہ مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اہم ہدایات دیں۔ محنت اور لگن کے ساتھ ساتھ ایمانداری اس میدان کے لئے بہت ضروری ہے۔
دوسری گفتگو آئی وائی ایف یوپی کے کیمپس انچارج انجینیر حذیفہ جاوید نے پیش کی۔ آپ نے طلبہ کو کیمپس میں رہتے ہوئے اپنے دین و ایمان کی سلامتی اور جس دین کے ہم حامل ہیں اس کے ترجمان بننے پر خصوصی توجہ دلائی۔ ہم کہیں بھی ہوں، امتی ذمہ داری سے ہم کسی حال میں الگ نہیں ہوسکتے۔ کالجز و یونیورسٹیز میں مختلف مسائل پر بحث ہوتی رہتی ہے۔ ان جگہوں پر رہتے ہوئے ہم ملت کے ترجمان بنیں۔محنت ومشقت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
شہر کے مشہور بچوں کے ڈاکٹر عبد الواحد علی نے کامیاب طلبہ کو محنت و مشقت کے ساتھ ساتھ ایمانداری کی خصوصی تلقین کی۔ جناب ڈاکٹر جاوید صاحب نے کامیاب طلبہ کے سرپرستوں کو مبارکباد پیش کی اور پروگرام کی اہمیت کو سراہا۔
صدارتی گفتگو جناب ذکی الرحمان غازی فلاحی مدنی نے پیش کی۔ آپ نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں صحت و مرض کے عنوان پر گفتگو رکھی۔ 
پروگرام میں کے آخر میں کلمات تشکر جناب سلیم صاحب نے پیش کیا۔ آپ نے کامیاب ہونے والے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو مبارکباد پیش کی۔ آپ نے اسلامک یوتھ فیڈریشن اعظم گڑھ ڈویژن کے ممبران کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں حوصلہ افزائی کے اس جیسے پروگراموں کا مشورہ بھی دیا۔
پروگرام میں شہر کے مشہور ڈاکٹرز، جناب ڈاکٹر جاوید صاحب، ڈاکٹر عبد الواحد علی صاحب، ڈاکٹر خورشید صاحب، ڈاکٹر امیر عالم صاحب، ڈاکٹر ابو زید صاحب، وغیرہ نے شرکت کرکے اس پروگرام کو زینت بخشی اور اپنے ہاتھوں سے کامیاب طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو اعزاز سے نوازا
جناب عبد الواسع اصلاحی صاحب کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہو۔
واضح رہے کہ امسال اعظم گڑھ میں ڈیڑھ درجن طلبہ نے NEET کے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ جس سے علاقے کے لوگوں میں اس کامیابی پر خوشی پائی جاتی ہے۔