Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, June 10, 2022

حُرقۃ البول۔و۔ ورم مثانہ واحلیل(Cystitis, Urethritis & Burning micturition )کا شافی۔ یونانی علاج

از/حکیم و ڈاکٹر شاہد بدر فلاحی
B.U.M.S A.K.T.C AMU
البدر یونانی شفا خانہ۔ اینڈ ریسرچ سینٹر۔ اعظم گڑھ
                        صدائے وقت. 
=================================
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ایک 16، 17سالہ صحت مند لڑکی اپنی ماں کے ساتھ میرے دوا خانے پر آئی۔۔۔۔۔ چہرے پر اضطراب اور کرب کے اثرات نمایاں تھے اسکی ماں نے کہا کہ۔۔۔ اس بچی کو پیشاب میں بہت تکلیف ہے۔ پیشاب بالکل کھولتے ہوئے پانی کی طرح آتا ہے۔۔۔ بہت گرم پیشاب اور وہ بھی کھل کر نہیں آتا قطرے کی شکل میں آتا ہے بچی کو ہر وقت پیشاب کی حاجت محسوس ہوتی ہے لیکن وہ استنجا خانے جانے سے ڈرتی ہے بلکہ پیشاب کےتصور سے ہی وہ کانپ اٹھتی ہے اس قدر جلن ۔۔۔ اس قدر جلن و سوزش اسکو ہوتی ہے۔ میں نے اس بچی کا اعظم گڑھ میں کئی لیڈی ڈاکٹر کا علاج کرایا اور ابھی یہاں آنے سے قبل دو ماہ تک لیڈی ڈاکٹر مشہور سرجن ڈاکٹر ارچنا میسی کے یہاں بھی علاج کرایا اس ڈاکٹر نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں شادی کے بعد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ میں نے کہا ابھی شادی میں کئی سال کا فاصلہ ہے تب تک کیلئے کیا ہو۔ حکیم صاحب علاج کی یہی کہانی ہے اب میں تھک ہار کر جڑی بوٹیوں سے علاج کیلئے آپ کے یہاں آئی ہوں۔۔۔"
یہ بات بارہ سال پرانی ہے اس وقت میرے لیے یہ پہلا کیس تھا میں نے بچی سے چند سوالات کئے۔ وہ اتنے کرب میں تھی کی سلیقے سے جواب بھی نہیں دے پارہی تھی۔ تفتیش کے بعد مجھے اطمینان ہو گیا کہ مریضہ کو "حُرقتہ البول کے ساتھ ورم مثانہ و احلیل بھی ہے" 
میں نے تسلی دیتے ہوئے کہا آپ بالکل بھی نہ گھبرائیں بچی بہت جلد ٹھیک ہو جائے گی انشاءاللہ۔
حُرقتہ البول۔ پیشاب میں شدید جلن۔ اس مرض میں مجری بول / پیشاب کی نالی میں شدید جلن و سوزش ہوتی ہے کبھی یہ جلن احلیل ، مثانہ، حالبین و گردہ تک بھی جا پہنچتی ہے اسمیں مریضہ / مریض کو پیشاب شدید جلن کے ساتھ پیشاب قطرہ قطرہ آتا ہے پورا یکبارگی خارج نہیں ہوتا۔ "چونکہ پیشاب/ بول بہت گرم ہوتا ہے اسکے اخراج میں ایزاء ہوتی ہے اسلئے طبیعت اسکو قطرہ قطرہ خارج کرتی ہے۔ اور مثانہ میں ایسے تیز پیشاب کا جمع رہنا بھی قابل تحمل و قابل برداشت نہیں ہوتا پس طبیعت اسکو قطرہ قطرہ کرکے دفع کرتی ہے۔" ( القانون حصہ سوم ص 1028)
حُرقتہ البول کے مریضوں میں تقطیر البول و عسر البول کی شکایات اکثر مشاہدے میں آتی ہے۔
" تقطیر البول وہ مرض ہے جسمیں انسان برابر پے در پے تھوڑا تھوڑا پیشاب کرتا رہتا ہے یہ مرض یا تو مثانہ کی قوت ماسکہ کمزور ہو جانے یا پیشاب کی تیزی و سوزش کی وجہ سے ہوتا ہے" ( الحاوی ج 10 ص 18)
1.اسباب حُرقتہ البول
پیشاب میں حدت یا تو بوجہ غذاؤں کے آجاتی ہے یعنی تیز ،حریف، مسالہ دار غذا کے کثرت استعمال سے پیشاب میں جلن ہو جایا کرتی ہے یا تیز قسم کی ادویہ کے استعمال سے بھی پیشاب میں جلن ہوتی ہے۔
2۔ مزاج کی گرمی سے سوزش بول۔
" ایسے لوگ جنکے مزاج گرم دوخانی بخارات قبول کرنے کیلئے زیادہ آمادہ رہتے ہیں اور حدت کی وجہ سے پیشاب ہمیشہ سوزش اور جلن سے آتا ہے" (الحاوی ج 10 ص 42) 
" آدمی کا مزاج گرم ہو اور مواد بھی گرم ہو اور تیز ہو اسکے سبب سے بھی پیشاب میں جلن ہوتی ہے۔ ( ذخیرہ خوارزم شاہی ج 6 ص 538) 
اسی بات کو صاحب قانون نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے۔ "مزاج ان اعضا کا سبب اس حدت کا ہوتا ہے یا تمام بدن کے سبب سے پیشاب میں حدت پیدا ہوتی ہے" (القانون ج سوم ص 1028) 
۔3 جگر کے مزاج کی گرمی صفرا کی زیادتی سے بھی پیشاب میں جلن ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں پیشاب کی رنگت میں تبدیلی ہوتی ہے۔( موجز القانون ص 368) 
۔4 حدت بورقیہ۔ (بورقیت۔ شوریت۔ کھارا پن) 
گاہے حُرقتہ البول کا سبب پیشاب کی تیزی اور شوریت ہوتی ہے جو صفرا کے مل جانے سے پیدا ہوتی ہے۔ اور مثانہ و مجرائ البول ( احلیل) کو چھیل دیتی ہے۔ (ترجمہ کبیر ج سوم ص 63)
مزاج کی حرارت اور غلبہ صفرا کے باعث پیشاب میں حدت و بورقیت پیدا ہوتی ہے۔ ( اکسیر اعظم ص 757)
۔5 مجارئ  البول میں خراش بھی حُرقتہ البول کا سبب ہوتی ہے۔ 
"کبھی کبھی خراش امعاء کی طرح ان مجارئ بول میں بھی صفرا کے انصباب سے خراش ہو جاتی ہے" ( الحاوی ج 10 ص 43)
۔6 "صہروج" کے نیست نابود ہو جانے سے بھی حرقت البول کی شکایت ہو جاتی ہے۔" وہ رطوبت لزج جو پیشاب کے راستوں پر چھائی ہوئی ہوتی ہے اسکو عربی میں صہروج کہتے ہیں نیست نابود ہو جائے اور راہ بول کی برہنہ رہ جائے۔" (ذخیرہ خوارزم شاہی ج 6 ص 538) 
"اس رطوبت کا فقدان جو آلات بول کے غدود سے مجرائ بول کو چکنا رکھنے اور پیشاب کی حدت کم کرنے کیلئے ترواش کرتی ہے" (اکسیر اعظم ص 754)
۔7 گاہے حرقت البول کا سبب "رِیم" (مِدّہ) ہوتی ہے جو شدید سوزش پیدا کرتی ہے یہ رِیم گردے اور مثانے کے زخموں یا "جرب" کی وجہ سے ہوتی ہے۔ ( ترجمہ کبیر ج سوم ص 63) 
جلن کے ساتھ پیشاب آنے کا ایک اہم سبب یہ بھی ہے کہ مثانہ یا پیشاب کے راستے میں "بثرہ" یا جرب نکل آئی ہو۔ (ذخیرہ خوارزم شاہی ج 6 ص 538)
پیشاب کی جلن کا ایک سبب "قضیب ، گرد و مثانہ کے قرحے یا گردہ یا مثانہ کی خارش ہے۔"(اکسیراعظم ص 754)
"اگر قضیب کی نالی کا زخم سبب ہوتا ہے تو پیشاب میں پیپ آتی ہے"( موجز القانوں ص 368)
۔8 کثرت جماع سے حُرقتہ البول 
"کبھی کبھی حرقت البول کی شکایت کشرت جماع سے ہو جاتی ہے وجہ یہ کہ غدد کی وہ رطوبت جو مجرا بول کو ہمیشہ تر رکھتی ہے تاکی پیشاب و سہولت خارج ہو سکے اور عضو کو پیشاب کی تیزی اور جلن سے محفوظ رکھ سکے۔ منی کے ساتھ بہت زیادہ مقدار میں نکل کر ضائع ہو جاتی ہے اسطرح اس مقام پر حدت بول کی شکایت ہو جاتی ہے" (الحاوی ج دس ص 50)
لیکن اس سبب سے جلن کی صورت میں پیشاب کی رنگت تبدیل نہیں ہوتی۔(موجز القانون ص 368)
ورم مثانہ/Cystitis
 و ورم احلیل Urethritis 
ورم مثانہ و مجری بول کی سوجن سے بھی پیشاب میں تکلیف و سوزش ہوتی ہے۔
"ورم مثانہ سے درد پیڑو میں ہوتا ہے اور بدشورای پیشاب ہونا ورم مثانہ میں زیادہ ہوتا ہے" ( کامل الصناعہ ج اول ص 529)
" مقام مثانہ پر درد ہوتا ہے بار بار پیشاب کی حاجت ہوتی ہے کبھی کبھی پیشاب قطرہ قطرہ آتا ہے مثانہ ، حالبین حتی کی گردے تک سوزش پھیل جاتی ہے" ( مخزن حکمت ج دوم ص 669)
مثانہ کے مقام پہ سخت درد اور چبھن ہوتی ہے پیشاب بار بار جلن کے ساتھ آتا ہے اور لرضہ کے ساتھ تیز بخار بھی آجاتا ہے۔(ترجمہ کبیر ج سوم ص 47)
پیڑو میں گرانی ، چبھن ، پیشاب گہرے رنگ کا بدبودار ہوتا ہے۔(مخرن الحکمت ج دوم ص 671)
اسباب ورم مثانہ 
• مثانہ کے مقام پہ چوٹ کا لگ جانا۔
• مثانہ میں پتھری کا ہونا 
• اعضاء متصلہ کا ورم 
• مجری بول میں دواء لازع و کاوی کا بذریعہ بچکاری پہچنا یا خردنی طور پر تیز دواؤں کا استعمال 
• مجری بول کے قروح کبھی سوزاک سے بھی ورم مثانہ ہوتا ہے۔
(مخرن حکمت ج دوم ص 669)
• "تعدیہ"۔ سرایت۔ بھی ورم مثانہ کا سبب ہوتا ہے۔ ورم مثانہ میں اکثر B.coli کی سرایت ہوتی ہے اور جرثومہ سوزاک بھی سبب ہوتا ہے۔ Gonococcus infection
Cystitis .
Inflamation of the unrinary blader following injury or due to organismal infection or Foregin body (e.g.stone or indwelling catheter ) or chemcial irretant.
Allergic cystitc 
An abacterial inflamation of the bladder.
Cronic Cystitis .
That which occurs when the source of infaction persist.
(Butter worths . Medical Dictionary)
اصول علاج۔ 
میں نے دافع ورم مثانہ و احلیل۔ خون میں بڑھی ہوئی حدت و حرارت۔ حرارت و حدت جگر اور مزاج کی گرمی کو اعتدال پر لانے والی دواؤں کا استعمال لازم سمجھا۔ دافع بورقیت دوا کو بھی شامل کرنا ضروری سمجھا اسی کے ساتھ ساتھ مدہ وریم کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے دافع تعفن دوا کو بھی شامل کرنا ضروری سمجھا۔
دافع التہاب، معدل دم ، دافع بورقیت۔ دافع تعفن و مدر تاثیر ادویہ کے انتخاب سے حسب ذیل نسخہ ترتیب پایا۔
ھوالشافی
افسنتین نیم کوب (دس گرام کی ایک پڑیا ایسے ہی دس پڑیا )ایک گلاس پانی میں پکا کر چھان کر شربت بزوری بیس ملی لیٹر شامل کرکے ہمراہ "سفوف اندری جلاب "پانچ گرام پی لینا ہے صبح خالی پیٹ دوبارہ اسی نیم کوب افسنتین پھر سے پکا کر شربت بزوری ملاکر سفوف اندری جلاب پھانک کر اوپر سے پی لینا ہے شام چار بجے ۔ دس دن کی دوا دیکر میں نے مریضہ کو رخصت کیا۔
میری خوشی کی انتہا نہ رہی مریضہ اپنی ماں کے ساتھ دس دن بعد میرے مطب پر آئی۔ ماں نے کہا کہ اب بچی کو پیشاب میں بہت معمولی تکلیف رہ گئی ہے ماشاءاللہ اسکو بہت آرام ہے۔ جس بچی کے علاج کیلئے ایک سال سے میں شہر بھر دوڑی وہ ان جڑی بوٹیوں کے علاج سے اتنی جلدی ٹھیک ہو جائے گی یقین نہیں تھا۔
میں نے اللہ کا شکر ادا کیا اور بظاہر ان خس و خاشاک "کی تاثیر دیکھ دل عش عش کر اٹھا میں نے انہیں دواؤں کو مزید بیس دن کیلئے دے دیا۔۔ 
وہ دن ہے اور آج کا دن کہ اس مرضِ حرقتہ البول و ورم مثانہ و احلیل کے جتنے بھی مریض آئے وہ تمام الحمدللہ ٹھیک ہوئے۔ آج سے دو ماہ قبل ایک صاحب اپنی اہلیہ کو لیکر مطب پہ آئے مریضہ کی عمر تقریباً چالیس سال "انہیں پیشاب میں شدید جلن رہتی ہے پیشاب بالکل کھولایا ہوا پانی کی طرح ہوتا ہے اندر پیشاب کے راستے میں مثانہ تک شدید ٹیسیں اٹھتی ہیں میں پچھلے پانچ سالوں سے انکا علاج کرا رہا ہوں بغرض علاج میں نے ممبئی تک کا سفر کر ڈالا لیکن صرف وقتی آرام وہ بھی چند روزہ۔ انگریزی دواؤں کے استعمال سے تھک ہار کر اب میں یونانی میں علاج کیلئے آپ کے پاس آیا ہوں"
میں نے ورم احلیل و مثانہ و حرقۃ البول کے ساتھ یہ بھی تشخیص کیا کہ پیشاب کی مسلسل جلن کا اثر اب خون میں بھی شامل ہو چکا ہے لحاظہ اسکی رعایت کرتے ہوئے حسب ترتیب دوا دی ۔
ھوالشافی
زلالِ گل ملتانی ( ملتانی مٹی دس گرام ایک گلاس پانی میں شام کو بھگو دیں صبح خالی پیٹ پانی نتھار کر پی لیں) 
اسکے آدھا گھنٹہ بعد جوشاندہ افسنتین (افسنتین نیم کوب دس گرام) ہمرا شربت بزوری بیس ملی لیٹر ملالکر سفوف اندری جلاب پانچ گرام پھانک کر اوپر سے یہ جوشاندہ پی لیں صبح و شام۔
پانی زیادہ پینے کھیرا بطور سلاد کھانے کی ہدایت کی مریضہ نے بیس دن تک اسی ترتیب سے دوا استعمال کی بیس دن بعد آکر مریضہ نے یہ بتایا کہ جلن میں ماشاءاللہ بہت آرام ہے لیکن مثانہ کے اندر جو ٹیسیں اٹھ رہی ہیں وہ ٹیسیں بدستور ہیں انمیں فرق نہیں۔ میں نے مریضہ سے استفسار کے بعد یہ جان لیا کہ مثانہ کی قوت ماسکہ جو احلیل کے سوراخ کو بند کرتی اور کھولتی ہے وہاں اسی مقام پہ ورم اعصاب و ضعف اعصاب پیدا ہو چکا ہے یہ اعصابی درد ہے یہ قیاس کرکے میں نے اس بار مذکورہ بالا ادویہ کے ساتھ "معجون فلاسفہ" (اپنا بنایا ہوا) دس گرام کی مقدار میں رات سوتے وقت کھانے کی ہدایت کی دس دن تک مذکورہ بالا ترتیب سے دوا استعمال کرنے کے بعد مریضہ میرے مطب پر آئی اور کیا الحمدللہ نہ پیشاب میں جلن ہے نہ درد کی وہ ٹیسیں...........میں نے اللہ کا شکر ادا کیا اور یہی دوا مزید دس دن کیلئے دے دیا۔
میرا اب تک کا مشاہدہ یہی بتا رہا ہے کہ اس بیماری میں ایلوپیتھ صرف وقتی فائدہ پہنچا سکتی ہے اس مرض کا شافی علاج تو صرف یونانی میں ہے۔ نسخہ کے اجزاء پر غور کرتے ہیں تو یقین بڑھ جاتا ہے۔ اور جب ان دواؤں کو استعمال کریں گو تو حوصلہ بڑھے گا۔ انشاءاللہ
ادویہ مستعملہ کے فوائد و خواص 
"افسنتین"۔ ایک روئیدگی ہے جو درخت اور گھاس کے بین بین سمجھی جاتی ہے۔ اسکا مزہ نہایت تلخ ہوتا ہے لیکن اللہ نے اسمیں بڑی شفا رکھی ہے"۔ یہ محلل ہے۔( تاج المفردات ص 65)
یہ ورموں کو تحلیل کرتی ہے سدوں کو کھولتی ہے۔ ( الجامع المفردات۔ الادویہ۔ و الاغذیہ ج اول ص 101)
مذکورہ اس تاثیر کی وجہ سے ورم معدہ ، ورم جگر، ورم طحال ، ورم مرارہ ، ورم امعاء ، ورم رحم ، ورم عنق الرحم ، ورم مہبل ، سلعات رحم ، ورم قاذفین، ورم گردہ ، ورم مثانہ ، ورم احلیل۔ کو دور کرنے میں الگ الگ بدرقے کے ساتھ بہت مفید ہے۔ 
ورم کبد وطحال میں شربت کاسنی/ شربت دینار کے ساتھ 
ورم رحم و متعلقات رحم میں شربت نسوانی کے ساتھ۔
ورم گردہ ، مثانہ و احلیل میں شربت بزوری کے ساتھ
اسی کے ساتھ ساتھ افسنتین "دافع عفونت و سرایت "ہے تمام مزمن امراض میں جسکا سبب "تعدیہ" و سرایت ہے اسکے ازالے کیلئے نہایت عمدہ ہے۔"یہ اس بخار کو جو اخلاط میں عفونت آجانے سے پیدا ہوتی ہو اور پرانی پڑ گئی ہو دور کرتی ہے" ( خزائن الادویہ ص 246) 
میرے مطب پر سیلان الرحم مزمن کی مریضہ آتی ہیں انمیں سے اکثر یہ بتاتی ہیں کہ "انکے مہبل سے پیلی ، خراش دار رطوبت کبھی رقیق اور کبھی بہت گاڑھی اور اسمیں بدبو اس قدر ہوتی ہے کہ وہ خود کو  چھپایے پھرتی ہے لیکن بدبو ساتھ نہیں چھوڑتی اسکا اثر اب ازدواجی زندگی پر بھی پڑنے لگا ہے"۔
" افسنتین کے جوشاندے کے ساتھ شربت نسوانی ملاکر پلانے اور سیلان الرحم کے مکمل ادویہ کے ساتھ استعمال کرانے سے نہ صرف یہ کہ بدبو ختم ہو جاتی ہے۔ یہ موذی مرض بھی ختم ہو جاتا ہے۔ اس دوا کے استعمال کراتے ہوئے مہبل میں کسی طرح کی ٹیبلیٹ رکھوانے کی قطعاً ضرورت نہیں پڑتی۔
یہ خون حیض کو جاری کرتی ہے مادہ سوداوی و صفراوی کو بدن سے نکالتی ہے۔ (خزائن الادویہ ص 245 )
یہ مسہل صفرا ہے یہ پیشاب اور حیض کا ادرار کرتی ہے۔ ( بستان المفردات ص 63)
یہ عروق و مجاری کے صفراوی خلط کا پیشاب اور اسہال کے ذریعہ خاص طور پر تنقیہ کرتی ہے۔ یہ معدہ و شکم کے صفراوی فضلات کا تنقیہ کرتی ہے۔ معدہ و جگر کو طاقت دیتی ہے۔ پرانے بخاروں کو دور کرتی ہے۔ ( الجامع المفردات الا دویہ و الاغذیہ ص 98)
خلطی بخاروں اور مرکب بخاروں میں اسکا جوشاندہ از حد مفید ہے یہ سینے اور پھیپھڑوں کی رگوں کو پاک کرتی ہے۔ یہ معدے کو طاقت دیتی ہے۔ یہ بھوک بڑھاتی ہے۔ یہ پیٹ کے ہر قسم کے کیڑوں کو مارتی ہے اسکے پینے سے یرقان مٹ جاتا ہے۔ یہ ریاح کو تحلیل کرتی ہے( خزائن الادویہ ص 245)
افسنتین گرم اخلاط کا تنقیہ کرتی ہے۔ ( الجامع المفردات الا دویہ و الاغذیہ  ج اول ص 101) 
میں نے اپنے تجربے میں پایا کہ افنستین مفتت حصاۃ ہے بلکہ ایسے افراد جنکو بار بار پتھری بننے کی شکایت ہے ایک متعینہ مدت تک اسکا جوشاندہ پلا دینے سے بار بار پتھری بننے کی شکایت رفع ہو جاتی ہے۔ یہ مدر اور دافع عفونت تاثیر رکھتی ہے۔ اسی لئے ورم احلیل و مثانہ و قرحہ احلیل و مثانہ و بتور احلیل و مثانہ کو دور کرنے میں از حد مفید ہے یہ پیشاب میں بڑھی ہوئی "بورقیت "کو اعتدال پر لاتی ہے۔
شربت بزوری معتدل
بادیان 250gm، بیخ بادیان 250gm بیخ کاسنی 250gm تخم خرپزہ 250gm تخم خیارین 250gm تخم کاسنی 250gm گوکھرو خرد 250gm شکر 10kg (قرابا دین مجیدی ص 205)
شربت کے مفردات کے فوائد و خواص پہ نگاہ ڈالیں ۔بادیان مدر بول و حیض۔ (تاج المفردات ص 467) 
تخم کاسنی، مدر بول ،مقوی معدہ و جگر ، مسکن حرارت صفراء (تاج المفردات ص 517) 
تخم خرپزہ۔ قرحہ مجاری بول و سنگ گردہ و مثانہ میں مفید ہے۔(تاج المفردات ص 336) 
تخم خیارین۔ سوزش بول و سوزاک کو دور کرتا ہے۔(تاج المفردات۔ص 336)
بیخ کاسنی۔ حرارت و تشنگی کی مسکن ہے۔ (تاج المفردات ص 518)
بیخ بادیان۔ مدر بول و حیض و محلل اورام۔ (تاج المفردات ص468) 
گوکھرو خرد۔ مدر بول و حیض مفتت سنگ گردہ و مثانہ۔پیشاب جل کر آتا ہو۔ سوزش بول اور سوزاک میں اسکا پلانا مفید ہے۔(تاج المفردات ص 627)
استعمالات و فوائد۔شربت بزوری
پیشاب کو کھول کر لاتا ہے۔ گردہ و مثانہ کو مواد سے پاک کرتا ہے۔ اور سوزاک کو زائل کرتا ہے۔ 
آپ اندازہ کریں جوشاندہ افسنتین کے ساتھ یہ کس قدر مفید بدرقہ ہے۔ 
نسخہ سفوف اندری جلاب۔
الائچی خرد  30gm ریوند چینی 30gm زیرہ سفید 30gm شورا قلمی 30gm کباب چینی 30gm شکر سفید 150gm۔ تمام ادویہ کو باہم ملا کر باریک سفوف کریں۔ 
مقدار خوراک۔۔پانچ گرام ۔(قرابا دین مجیدی ص 170)
اس مرکب میں شامل مفردات اور انکے فوائد و خواص پر ایک سرسری نگاہ ڈالیں تو اس سے نسخے کی جامعیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
الائچی خورد۔ مقوی معدہ ، کاسر ریاح ، مفرح و مسکن (تاج المفردات ص 75)
ریوند چینی۔ سفوف ریوند چینی ہمراہ شربت بزوری پیشاب جاری کرتا ہے۔ (تاج المفردات ص 403)
زیرہ سفید۔ مقوی معدہ ، کاسر ریاح ، مدر بول و حیض و شیر۔( تاج المفردات ص 412)
شورہ قلمی ۔ سدہ کھولتا ہے ردی مواد کو بدن سے خارج کرتا ہے۔ شکر کے ہمراہ دینے سے پیشاب اور حیض خوب لاتا ہے اگر کسی ترکیب سے پیشاب نہ کھلتا ہو تو اس سے کھل جائے گا۔ یہ خون کی تیزی کو کم کرتا ہے۔(تخزائن الادویہ ص 915)
کباب چینی۔ یہ اور خوبیوں کے ساتھ ساتھ ادرار بول و حیض۔ سوزاک۔ قروح و مجاری بول کیلئے مفید ہے۔(تاج المفردات ص 532)
یہ گردہ طحال اور جگر کی بیماریوں کو نافع ہے۔ پیشاب خوب لاتا ہے مجاری بول کے زخم کا تنقیہ کرتا ہے۔ ( خزائن الادویہ ص 1016)
"سفوف اندری جلاب "استعمالات و فوائد۔
آلات بول کے زخموں کو صاف کرتا ہے۔ پیشاب کھول کر لاتا ہے تمام گندہ مواد نکالتا ہے۔ یہ سوزاک میں مفید ہے۔ (مخزن المرکبات ص 158)
یہ سفوف پیشاب خوب لاتا ہے پیشاب کی سوزش کو دور کرتا ہے۔(قرابا دین مجیدی ص 170)
اطباء اس بات کو جان لیں کہ دوا اسی صورت میں کام کرے گی جب اجزاء پورے ڈالے گئے ہوں۔۔بطور خاص "کباب چینی"
ملتانی مٹی۔(گل ملتانی)
اس مٹی کا مزاج سرد و خشک ہے۔(خزائن الادویہ ص1259) 
یہ قابض ، حابس الدم اور جالی تاثیر کی حامل ہے۔ (تاج المفردات 672)
یہ سرد خشک مزاج کی حامل ہے اس وجہ سے سوزش مثانہ کو دور کرتی ہے۔ پیشاب میں بڑھی ہوئی بورقیت کو نارمل کرنے میں ایک مفید چیز ہے۔ ایسا میں اپنے ذاتی طبی مشاہدہ کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔
معجون فلاسفہ۔
اس معجون کے استعمالات ، فوائد و خواص پر تو ایک سیمنار ہو سکتا ہے۔ یعنی یہ معجون اس قدر مفید ہے بشرطیکہ اجزاء پورے ہوں۔ یہ معجون گردہ اور کمر کو قوت دیتی ہے۔ جوڑوں کے درد کو تسکین دیتی ہے۔ اور آلات بول کی تمام خرابیوں کو دور کرتی ہے۔ نیز قوت باہ کو بڑھاتی ہے۔ (مخزن المرکبات ص 356)
آلات بول سے مراد اعضاء بول ہیں یہ حسب ذیل ہیں۔
•1 دونوں گردے ۔Kidny
. 2دونون گردوں کی نالیاں۔ (حالبین Ureter ) 
۔3 مثانہ ۔(Bladder) 
۔4 پیشاب کی نالیاں.(Urethra)
معجون فلاسفہ میں دیگر مفردات کے ساتھ ساتھ صرف ایک مفرد مغزچلغوزہ کی افادیت آلات بول پر ملاحظہ کریں۔
مغز چلغوزہ کے دیگر فوائد کو طوالت کے ڈر سے نہ بتاتے ہوئے صرف اعضاء بول پر اسکے فوائد و خواص بیان کررہا ہوں۔ "اسکے کھانے سے بدن کا ضعف اور ڈھیلا پن کمر اور پٹھوں کا درد اور رعشہ ، عرق النسا جاتے رہے ہیں۔ گردے اور مثانے کو اتنی قوت پہنچاتا ہے جس سے انکو پیشاب کا روکنا بار نہیں معلوم ہوتا ہے۔ قطرہ قطرہ پیشاب آنے کا عارضہ جاتا رہتا ہے۔(خزائن الادویہ ص 606)
مغز چلغوزہ گردے کی پیپ اور گاڑھی رطوبت کیلئے جالی کا کام کرتے ہیں۔ ( الحاوی ج 10 ص 52)
ان تمام مفردات کے فوائد و خواص اور مرکبات کے مجموعی فوائد و خواص اور مطب کے مشاہدات کو یکجا کرلینے کے بعد یہ بات از خود سمجھ میں آجاتی ہے۔ کہ حرقۃ البول و ورم مثانہ و احلیل کے مریض جو در در بھٹکتے ہیں وہ کیسے بظاہر بالکل عام سی نظر آنے والی دواؤں سے بآسانی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
میں آپ تمام BUMS ساتھیوں سے فریاد کی شکل میں یہ کہہ رہا ہوں کہ آپ ایک مفید موثر اور سستی پیتھی کے علمبردار ہیں آپ ذرا اپنے قرابا دینی نسخوں کو خود سے تیار کرکے استعمال کرکے دیکھیں دل خوش ہو جائے گا اور مریضوں کی دعائیں بھی ملیں گی۔ آپ طب یونانی سے عملی لگاؤ پیدا کریں۔ ہر روز ہر بہانے سے بحر یونانی میں غواصی کریں نئے نئے لعل و گہر ملیں گی انشاءاللہ۔
والسلام 
طالب دعا
حکیم شاہدبدرفلاحی
Mob.9936205756

المراجع والمستفادات

۔1ذخیرہ خوارزم شاہی۔ مصنف احمد الحسن الجرجانی۔ اردو ترجمہ حکیم ہادی حسین خاں۔ ادارہ کتاب الشفاء کوچہ چیلان نئی دہلی۔ سال اشاعت جنوری 2010 

۔2 القانون۔ تالیف ابن سینا۔ مترجم حکیم غلام حسین کنتوری ۔
اعجاز پبلشنگ ہاؤس ۔ کوچہ چیلان نئی دہلی۔ سال اشاعت جنوری 2010

۔3  کتاب الحاوی۔ تالیف ابو بکر محمد زکریا رازی۔ (اردو ترجمہ) 
سینٹر کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن۔ انسٹی ٹیوشنل ایریا جنک پوری نئی دہلی۔ سال اشاعت 2004 

۔ 4  اکسیر اعظم۔ حکیم محمد اعظم خاں۔ مکتبہ دانیال۔ غزنی انسٹیٹ لاہور۔ 

۔5 کامل الصناعہ۔ مصنف ابو الحسن علی ابن عباس ۔ اردو ترجمہ حکیم غلام حسین کنتوری۔ ادارہ کتاب الشفاء۔ کوچہ چیلان نئی دہلی۔ سال اشاعت 2010

۔6 ترجمہ کبیر۔ محمد کبیر الدین۔ ناشر حکمت بک ڈپو حیدرآباد۔ 

۔7 مخزن الجواہر۔ طبی و ڈاکٹری لغت۔ حکیم غلام جیلانی۔ 
اعجاز پبلشنگ ہاؤس کوچہ چیلان نئی دہلی۔ سال اشاعت 1998

۔8 مخزن حکمت۔ حکیم غلام جیلانی۔ اعجاز پبلشنگ ہاؤس نئی دہلی ۔ سال اشاعت 1996

۔9مخزن المرکبات۔ حکیم و ڈاکٹر غلام جیلانی۔ اعجاز پبلشنگ ہاؤس کوچہ چیلان نئی دہلی۔ 

۔10 الجامع المفردات۔ الا دویہ۔والاغذیہ ج اول ۔ ابن بیطار
سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن۔ سال اشاعت 2006

۔11 خزائن الادویہ۔ علامہ حکیم نجم الغنی رام پوری۔ 
ادارہ کتاب الشفاء۔ کوچہ چیلان نئی دہلی۔ سال اشاعت 2011

۔12 تاج المفردات۔ حکیم نصیر احمد طارق۔ ادارہ کتاب الشفاء کوچہ چیلان نئی دہلی۔سال اشاعت۔2004

۔13 بستان المفردات۔ انتہائی بوسیدہ انتہائی قدیم۔ شروعاتی اوراق پھٹے ہوئے۔

۔14 منافع المفردات ۔ ڈاکٹر محمد یوسف انصاری۔

۔15 قرابا دین مجیدی۔دفتر جامع طبیہ۔ دہلی۔قدیم نسخہ۔سن اشاعت درج نہیں

۔16 موجز القانون۔

17.Butter worths.
Medical dictionry- Macdonald Critchley