Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, July 6, 2022

جمعیتہ علماء ضلع غازی پور کے زیراہتمام شجر کاری مہم کا آغاز

شجرکاری نہ صرف سنتِ رسول ﷺہےبلکہ ماحول کو خوبصورت اور دل کش بنانے میں بھی ان کاقابل ذکر-مفتی عبد اللہ فاروق قاسمی

  غازی پور: اتر پردیش /صدائے وقت. (فاطر احمد نامہ نگار)
==================================
 محمد پور میں جمعیتہ علماء ضلع غازی پور کے زیراہتمام شجر کاری مہم کا آغاز الائنس ہاسپٹل/جنتا ٹنٹ کارپوریشن میں حضرت مفتی عبد اللہ فاروق  قاسمی صدر جمعیۃ علماء شہر غازی پور کے صدارت میں  کیا گیا۔
           اس موقع پر بیان کرتے ہوئے ہاسپٹل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کلیم احمد نےکہا کہ درخت ماحول کو درست رکھنے اور خوب صورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ ہمیں صاف ہوا فراہم کرتے ہیں۔ طوفانوں کا زور کم کرتے ہیں۔آب و ہوا کے توازن کو برقرار رکھتے ہیں اورآکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ ایک درخت 36 ننھے بچوں کو آکسیجن فراہم کرتا ہے اور دو پورے خاندانوں کو 10 درخت ایک ٹن ائیرکنڈیشنر جتنی ٹھنڈک مہیا کرتے ہیں۔ یہ درجہ حرارت کو بھی عتدال و توازن بخشتے ہیں۔
            مولانا محمد انس حبیب قاسمی جنرل سیکرٹری نے اپنے بیان میں کہا کہ شجرکاری، باغات اور جنگلات کی اہمیت و ضرورت اس وقت اور بھی بڑھ جاتی ہے، جب چاروں طرف آلودگی بسیرا ڈالے ہو، صاف و شفاف ہوا کے لیے جسم ترستا ہو، اور زہر آلود ہوائیں نسلِ انسانی کو گھن کی طرح کھارہی ہوں۔ دورِ جدید کی سائنس و ٹکنالوجی نے جہاں انسان کی سہولت و آسانی کے لیے لامحدود و اَن گنت وسائل مہیا کیے ہیں، زندگی کے مختلف شعبہ جات میں انسان کو بام عروج پر پہنچا دیا ہے، وہیں اس کے لیے مختلف بیماریوں اور آفات کے سامان بھی فراہم کردیے ہیں۔ 
              مولانا محمد نعیم الدین غازی پوری سکریٹری جمعیۃ علماء شہر غازی پور نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ 
قرآن کریم  کےسورۃ النمل میں اللہ تعالیٰ نے درختوں کو اپنی نعمتوں میں سے ایک نعمت قرار دیا ہے، ارشاد فرمایا 'بھلا وہ کون ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا، اور تمہارے لیے آسمان سے پانی اتارا ؟ پھر ہم نے اس پانی سے بارونق باغ اگائے، تمہارے بس میں نہیں تھا کہ تم ان کے درختوں کو اُگا سکتے‘۔
             آج اس پروگرام کے صدر حضرت مفتی عبد اللہ فاروق  قاسمی صدر جمعیۃ علماء شہر غازی پور نے اپنے صدارتی خطاب میں بیان کیا کہ ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ کے مختلف اسباب و ذرائع میں ایک اہم ذریعہ درخت اور درختوں سے بھرے، گھنے جنگلات ہیں، جن کی موجودگی صاف وشفاف فضا فراہم کرنے اور ماحول کوپُر لطف و پاکیزہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،درخت لگانے کے عمل کو شجر کاری کہاجاتاہے، شجرکاری نہ صرف سنتِ رسول ﷺہےبلکہ ماحول کو خوبصورت اور دل کش بنانے میں بھی ان کاقابل ذکر حصہ ہے،اور بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ غازی پور ضلع کے اندر جمعیۃ علماء ضلع غازی پور کے جانب سے امسال جگہ جگہ درخت لگائے جاینگے۔
اس موقع پر ماسٹر عابد حسین انصاری نائب صدر جمعیۃ علماء شہر غازی پور،مولانا نجم الثاقب عباسی، شمشاد احمد انصاری وغیرہ موجود تھے۔