Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, September 26, 2022

بزم شیراز کی جانب سے ماہانہ طرحی نشست کا اہتمام..



جونپور.. اتر پردیش / صدائے وقت /اجود قاسمی کی رپورٹ. 
==================================
اتر پردیش کے ضلع جونپور میں کووڈ-19 کی وجہ سے تھمی ادبی سرگرمیاں اب آہستہ آہستہ شروع ہونے لگی ہیں۔ اسی ترتیب میں اتوار کی رات بزم شیراز کی جانب سے ماہانہ طرحی نشست کا اہتمام کیا گیا تھا نشست میں تمام علاقائی شعراء کرام نے اپنے اپنے کلام پیش کئے۔
نشست شہر کے محلہ شیخ محامد واقع انوار الحق انوار کے مکان میں منعقد ہوئی اس طرحی نشست کا مصرع 'تم بھی نہ یاد آئے زمانہ گزر گیا' تھا جبکہ قافیہ گزر تھا۔ اس نشست کا آغاز حافظ یاسر نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اس کے بعد حافظ حسان نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ طرحی نشست کی صدارت شاعر انوار الحق انوار دلارے نے کی جبکہ نظامت کے فرائض کو ناظم مشاعرہ و شاعر مظہر آصف نے انجام دیا۔

منتخب اشعار قارئین کی پیش خدمت ہیں

عزت کا مرتے مرتے بھی سودا نہیں کیا
دستار کو بچاتے ہوئے میرا سر گیا
اکرم جونپوری

جو بھی دعائیں کرتا ہوں ہوتی نہیں قبول
دل کی کدورتوں سے زباں کا اثر گیا
انوار جونپوری

سچائیوں سے یوں مرا چہرہ نکھر گیا
خود آئینہ بھی آنکھ ملانے سے ڈر گیا
مظہر آصف

دل کے ورق پہ لے کے محبت کا اک قلم 
اک لفظ بس وفا کوئی تحریر کر گیا
اسیم مچھلی شہری

آئے گا انقلاب اے ظالم رہے خیال 
جس دن ہمارے صبر کا پیمانہ بھر گیا
مونس جونپوری

گردش میں جب وہ آئے تو کرنے لگے سلام 
دولت کا جو خمار تھا شاید اتر گیا
احمد عزیز غازیپوری

محفل میں ہنس رہے تھے محبت کے نام پر
آئی ہماری یاد تو چہرہ اتر گیا
انوار احمد قاسمی

ایک پھول اس کے ہاتھوں میں دیکھا تو ڈر گیا
زخم جگر کا دل میں تصور ابھر گیا
انصار جونپوری
اس کے علاوہ احمد حفیظ جونپوری،قاری ضیا جونپوری،مستعین جونپوری،پریم جونپوری،امرت پرکاش،وسیم مچھلی شہری،شہرت جونپوری،شجر جونپوری،راہب جونپوری،ڈاکٹر سنجے ساگر،عاشق جونپوری،گریش شریواستو وغیرہ نے بھی طرحی کلام پیش کیا۔ آخر میں بزم شیراز کے جنرل سکریٹری حنیف انصاری نے شعراء کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے تمام سامعین و مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔