Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, August 9, 2018

کرکٹ کی عجیب و غریب خبر۔

کرکٹ کی تاریخ میں ایک سے بڑھ کر ایک عجیب واقعہ رونما ہوا ہو گا لیکن گزشتہ روز برطانوی شہر برسٹل میں منعقد ہونے والے ایک میچ میں باؤلر نے ایسی گھٹیا حرکت کر دی کہ جس کی مثال شاید ہی کبھی دیکھنے میں آئی ہو۔

میل آن لائن کے مطابق یہ میچ مائن ہیڈ سیکنڈ الیون اور پرونل کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ آخری بال پر بیٹسمین جے ڈیرل باؤلر رونی کیسلنگ کا سامنا کر رہے تھے۔ ڈیرل 98 سکور بنا کر اپنی پہلی سنچری سے صرف دو رنز کے فاصلے پر تھے اور ان کی ٹیم کو جیتنے کے لئے پانچ رنز درکار تھے۔ پھر رونی نے آخری بال کے لئے دوڑنا شروع کیا مگر ایمپائر کے قریب پہنچ کر ایک ایسی حرکت کر دی کہ جس کی توقع کسی کو نہیں تھی۔ اس نے بال بیٹسمین کی جانب پھینکنے کی بجائے پوری قوت سے باؤنڈری کی جانب پھینک دی اور اسے گراؤنڈ سے باہر پہنچا دیا۔

یہ منظر دیکھ کر ہر کسی نے اپنا سر پکڑ لیا۔ میچ کا فیصلہ مائن ہیڈ الیون کے حق میں دے دیا گیا مگر ان کے بیٹسمین ڈیرل اپنی پہلی سنچری بنانے کا خواب دل میں ہی لئے پویلین واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ پتا یہ چلا کہ رونی مخالف ٹیم کے نوجوان بیٹسمین کو پہلی سنچری بناتا نہیں دیکھنا چاہتا تھا اور حسد کے مارے اس نے یہ گھٹیا حرکت کر کے اسے سنچری سے محروم کر دیا اور اپنی ٹیم کو بھی ہروا دیا۔

رونی کی اس حرکت نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا رکھا ہے۔ صرف عام شائقین ہی نہیں بلکہ عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز بھی اس معاملے پر تبصرہ کر رہے ہیں۔ متعدد انٹرنیشنل کرکٹرز کا کہنا ہے کہ رونی نے انتہائی گھٹیا حرکت کر کے کرکٹ جیسے شائستہ کھیل کو نقصان پہنچایا ہے۔ اسے کرکٹ کی تاریخ میں ایک سیاہ دھبے سے تشبیہہ دی جا رہی ہے۔
تحریر ابو نافع اعظمی۔