Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, August 13, 2018

آزادی ہند اور مسلمان

*آزادئ ہند میں مسلمانوں اور بردران وطن کا کردار*
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
       *محمد قمر الزماں ندوی*
   *مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ*
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
*ایمان و یقین* عمل صالح اور اولاد و والدین کی نعمت کے بعد اگر کوئی نعمت سب سے زیادہ قابل ذکر اور لائق تعریف ہے تو وہ آزادی کی نعمت ہے ۔ شاعر نے اسی لئے تو کہا ہے :
      *ملے خشک روٹی جو آزاد رہ کر*
   *تو ہے خوف ذلت کے حلوہ سے بہتر*
اور اس کے مقابلے میں غلامی سب سے زیادہ ذلت اور رسوائی کی چیز ہے،غلامی جرم کا شاخسانہ ہے ،آزادی سے محرومی بہت بڑا نقص اور کمی ہے،آزادی کے بغیر انسان کی حیثیت دوسرے کی نظر میں کٹھ پتلی کی ہے،بلکہ اس سے آگے یہ کہا جائے کہ غلام کی موت و زندگی سب یکساں ہے ،اور آقا اور مالک کی ماتحتی میں غلام کی حیثیت گویا مردے کے ہاتھ میں زندہ ۔
غلام کو سماج اور معاشرہ میں کوئی مقام اور درجہ حاصل نہیں ہوتا اس کی اپنی کوئی ملکیت نہیں ہوتی،وہ کسی کا مالک،سرپرست اور ولی نہیں ہوسکتا ،گواہی میں اس کا کوئی اعتبار نہیں، وہ خرید و فروخت بغیر آقا کی مرضی اور اجازت کے نہیں کرسکتا ، اور ان سب سے بڑھ کر یہ کہ مسلسل غلامی سے انسان کے فکر ونظر خیال و سوچ میں سطحیت آجاتی ہے ، پرواز فکروخیال کی ساری صلاحیتیں کھو بیٹھتا ہے ۔ اسی لئے تو تو حکیم دانا اقبال مرحوم نے کہا تھا :
*غلامی میں نہ کام آتی ہیں شمشیریں نہ تدبیریں*
*جو ہو ذوق یقین پیدا تو کٹ جاتی ہیں زنجیریں*
ہمارا ملک ہندستان بھی آج سے اکہتر سال پہلے ناپاک انگریزوں کے قبضہ میں تھا ۔ اس سے پہلے یہ ملک اسلامی حکومت کے زیر نگیں رہا لیکن ہمارے حکمرانوں کی نااہلی،آپسی خانہ جنگی اور عیش کوشی اور عیاشی کی وجہ سے اس وسیع ترین اسلامی سلطنت سے ہم مسلمانوں کو محروم ہونا پڑا جس کی کہانی بڑی دلخراش ہے ۔ الغرض ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے اس ملک میں ایک دور اسلامی سلطنتوں کے قیام کا ہے اور دوسرا تاریک ترین عہد برطانوی اختیار کا ہے ۔ یہاں برطانوی حکومت کیسے قائم ہوگئی اسلامی حکومت کو شکست و ریخت اور ناکامی کا سامنا کیوں اور کیسے کرنا پڑا ، اپنوں نے کیسے خنجر گھونپے،اور غیروں کی کیا عیاری رہی اس کی ایک طویل داستاں ہے ۔ خلاصہ یہ کہ جب برطانوی ڈپلومیسی اور ایسٹ انڈیا کمپنی کی دسیسہ کاریوں کے نتیجہ میں مغل سلطنت کا خاتمہ ہوگیا تو ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں مسلمان اور علماء اس حکومت کی بحالی اور اسلامی اقتدار کے لئے سینہ سپر ہوگئے ۔ خود غدر کا ہنگامہ جو در حقیقت استخلاص وطن کی ایک پاکیزہ کوشش تھی، اور جسے مکار انگریز نے عیاری سے .. غدر .. کا نام دیا ۔ اس میں علماء کی جماعتیں اطراف و جوانب سے آکر دہلی میں انگریز فوجوں سے دست بدست لڑرہی تھیں ۔
اس حقیقت کو کون جھٹلا سکتا ہے کہ آزادی کی لڑائی میں سب سے زیادہ قربانی مسلمانوں کی رہی ،سب سے اہم اور بے مثال کارنامہ مسلمانوں نے انجام دیا اور سب سے آگے آگے علماء کرام رہے ۔اگر آزادی ہند میں مسلمان اور خصوصا علماء کرام حصہ نہ لیتے تو ہندستان کی آزادی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہوتا، تحریک آزادی نہ چلتی، تحریک بالا کوٹ کا وجود نہ ہوتا ،تحریک ریشمی رومال کی بنیاد نہ پڑتی،تحریک خلافت کا غلغلہ نہ ہوتا،ہندستان چھوڑو تحریک کا زور و شور نہ ہوتا ،اگر مسلمانوں نے اپنے پاکیزہ لہو سے شجر آزادی کی آبیاری نہ کی ہوتی اور اپنے خون جگر سے عروس آزادی کی حنا بندی نہ کی ہوتی تو کل پندرہ اگست کو  ہم آزادی کا بہترویں جشن آزادی جو منانے جارہے ہیں ۔ نہیں منا پاتے ۔
ہم یہ نہیں کہتے اور یہ کہنے کا ہمیں بالکل جواز نہیں ہے کہ ہمارا یہ ملک صرف ہماری ہی کوششوں سے آزاد ہوا ہے ۔ ایسا کہنا تاریخ کو منھ چڑھانا ہوگا ۔ ہاں یہ سچ ہے کہ آزادی کا صور مسلمانوں نے پھونکا ،انگریز کے خلاف جہاد کا فتوی علماء نے دیا ،آزادی کی لڑائی کی شروعات مسلمانوں نے کی اور جب اس چنگاری نے شعلہ کی شکل اختیار کرلی تو برادران وطن بھی ہمارے ساتھ ہوگئے اور پھر انھوں نے بھی شانہ بشانہ ہمارا ساتھ دیا اور ہر طرح سے اس لڑائی میں کود گئے ۔ ہم کہ سکتے ہیں کہ:
*میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر*
*راہ رو آتے گئے اور کارواں بنتا گیا*
اور یہ کہ
*شورش عندلیب نے روح چمن میں پھونک دی*
*ورنہ یہاں کلی کلی مست تھی خواب ناز میں*
علماء کرام نے آزادی کی لڑائی میں سب سے زیادہ قربانی دی اور بے مثال کارنامہ انجام دیا ۔ اس کی شہادت ایک انگریز مورخ مسٹر ایڈورڈ ٹامسن سے سنئے ۔:
وہ لکھتا ہے : ’’کہ 1864ء سے لیکر 1867ء تک انگریز نے علماء کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ تین سال ہندستان کی تاریخ کے بڑے المناک سال ہیں ،ان تین سالوں میں انگریزوں نے چودہ ہزار علماء کو تختۂ دار پر لٹکایا ‘‘آگے لکھتا ہے کہ ’’ دلی کے چاندنی چوک سے لے کر خیبر تک کوئی ایسا درخت نہ تھا جس پر علماء کی گردنیں نہ لٹکی ہوں‘‘
یہ تو اس سلسلہ کی صرف ایک کڑی دکھائی گئی ورنہ تو ہندستان کے لاکھوں علماء ہیں آزادی کے لئے ان کے غیر فانی کارنامے ہیں۔ جنکی قربانیاں اور بلند حوصلگی جن کا عزم اور تڑپ تاریخ کے صفحات میں درج ہے۔
واسرائے ہند لارڈ ڈفرن کے زمانہ میں کانگریس کا قیام عمل میں آیا ۔ جس کی ابتداء برطانوی اقتدار کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور دبے بھنچے الفاط میں اپنے حقوق کی دریوزہ گری تھی ۔ مطالبۂ حقوق کا تو یہ تصور نہیں کرسکتے تھے ۔ سب سے پہلے جس شخص نے آزادئ کامل کا ریزولیشن پیش کیا وہ سید فضل الحسن حسرت موہانی رح تھے ۔ اور کس ماحول میں جبکہ کانگریس کے شیسن میں بڑے بڑے مہاتما حسرت موہانی کے اس اقدام پر کانپ پڑے تھے ۔ سالہاسال تک کانگریس مکمل آزادی کے مطالبے کے قریب نہیں آئی ۔ یہ مسلمانوں ہی کا کارنامہ تھا کہ انھوں نے اس جماعت کو آزادی کی لڑائی میں جرأت آزما بنا دیا ۔ (مستفاد تقریر از مولانا کشمیری رح)
خیر طویل جد و جہد اور قربانی کے بعد آزادی کی یہ لڑائی تو ہندستان کے لوگ اور باشندے جیت گئے اور آزادی کا آفتاب غلامی کے تیرہ و تار فضا کو چھانٹتا ہوا عقب سے طلوع تو ہوگیا ۔ لیکن ہندستان اس طرز کی آزادی حاصل کرنے سے محروم رہا جو ہمارے علماء کا منصوبہ اور مقصد تھا ۔ اور بقول گھر کے ایک گواہ کے:
’’آزادی آئی مگر خونچکاں بن کر۔ بجائے بہار بدوش ہونے کے خزاں بد امن ۔ جس کے نتیجہ میں وہ تباہی آئی اور آرہی ہے اور اس بربادی سے سابقہ ہورہا ہے۔ جس کی مثال بھی تاریخ میں نہیں ملتی ۔