Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, August 13, 2018

رویت ہلال و ملت کی کشمکش۔

*رویت ہلال کمیٹیوں کے فیصلے پھر تنازعات کے گھیرے میں*
*دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علماء سمیت اکثرکی جانب سے رویت کا اعلان،شاہی امام اپنے فیصلے پراٹل*

      ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  
ہندوستان میں رویت ہلال کمیٹیوں کا اختلاف کوئی نئی بات ہے نہیں مگر افسوس کن امر یہ ہے کہ یہ تنازعہ مسلسل بڑھتا ہی جارہاہے ۔ گزشتہ ماہ رمضان المبارک سے اس اختلاف کے کئی مرحلے ملت اسلامیہ ہند کے سامنے آچکے ہیں ،جس سے ملت کے اتحادو اتفاق کو خطرہ لاحق ہوگیا ۔ رمضان اور عیدالفطر کی تنازعہ کے بعد ایک مرتبہ پھر رویت کا یہ تنازعہ کھڑا ہوگیاہے۔ گزشتہ روز ماہ ذوالحجہ کے چاند کو لیکر شروع ہوئے تنازعہ کو ختم کرتے ہوئے عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی رویت ہلال کمیٹی نے اتوار کو چاند ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد22؍ اگست کو عیدالاضحی کا تہوار ہوگا۔حالانکہ دہلی شاہجہانی جامع مسجد کے شاہی امام اب بھی اپنے فیصلہ پر اٹل ہیں،ان کے مطابق ذولحجہ کا چاند اتوار کو نظر نہیں آیاہے۔اتوار کو ملک کے مختلف حصوں میں ذوالحجہ کا چانددیکھنے کے لئے لوگوں کی نگاہیں آسمان پر ٹکی ہوئی تھی، لیکن مطلع صاف نہ ہونے کے سبب ملک کے کئی حصوںمیں لوگ چاند نہیں دیکھ سکے، جس کی وجہ سے رمضان المبارک اور عید الفطر کی طرح ذوالحجہ کے چاند کو لے کر بھی تضاد کی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔ دہلی جامع مسجد کی ہلال کمیٹی کی جانب سے شاہی امام مولانا احمد بخاری کے ذریعہ اتوار کوچاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے 23 اگست کو عیدالاضحی کا تہوار منانے کا فیصلہ دیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود لوگوں کی نگاہیں دارالعلوم دیوبند کی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر ٹکی ہوئی تھی۔ اتوار کی شام دارالعلوم کے گیسٹ ہاؤس میں شروع ہوئی رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ دیر رات تک جاری رہی لیکن چاند دکھائی دینے کو لے کر تضاد کی وجہ سے کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا، اسی وجہ سے پیر کی صبح حتمی فیصلے کرنے کی بات کہہ کر میٹنگ ختم کردی گئی۔دیر رات تک ملک کے مختلف حصوں سے لوگ بذریعہ فون کمیٹی اور دارالعلوم دیوبند کے لوگوں سے رابطہ کرتے رہے۔آج صبح مہمان خانہ میں ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی اور کمیٹی نے گجرات، مہاراشٹر سمیت ملک کے دیگر مقامات پر چاند دیکھے جانے کی علماء کی گواہی کی بنیاد پر اتوار کو ذوالحجہ کا چاند ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ماہ اگست کی 22 تاریخ کو عیدالاضحی منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند، ہلال کمیٹی پھلواری شریف بہار، ہلال کمیٹی اہل حدیث،لکھنؤ،کانپور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سرگرم زیادہ تر ہلال کمیٹیوں نے اتوار کو چاند دکھائی دینے اور 22 اگست کو عیدالاضحی کا تہوار منائے جانے کے فیصلہ پر اتفاق کا اظہار کیا ۔ لیکن دہلی جامع مسجد کے شاہی امام اب بھی اتوار کو ذوالحجہ کا چاند نظر نہ کی بات کہتے ہوئے عیدالاضحی کا تہوار 23 ؍اگست کو منانے کے اپنے فیصلے پر اٹل ہیں،جس کے سبب ملت ایک مرتبہ پھر شش پنج اور تذبذب کی کیفیت میں مبتلا ہے۔