Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, August 13, 2018

ایک حزل بعنوان لنگی کی فضیلت۔

نہ پوچھو کیسا ہے اپنا مزاج لنگی میں
ہم اپنے گاؤں میں کرتے ہیں راج لنگی میں

کھلی کھلی سی فضا کی طرح یہ ہوتی ہے
نہ کوئی چین بٹن ہے نہ کاج لنگی میں

ہمارے دیش کی لنگی سے انسیت دیکھو
ہیں شیو کمار ہنی سنگھ سراج لنگی میں

ہم آپ ہی نہیں اس کے تو ہیں سبھی قائل
ملے گا آپ کو آدھا سماج لنگی میں

ہمارے گاؤں میں اور آس پاس شہروں میں
چلا رہے ہیں سب ہنڈا بجاج لنگی میں

سنبھل کے باندھئے پھر آپ ہوشیار رہیں
ہمیشہ رہتی ہے خطرے میں لاج لنگی میں

برا کہو نہ اسے ہے شعارِ دیں میں سے
ادا بھی ہوتی ہے رسم و رواج لنگی میں 

نظر بھی آتے ہیں ایسے بڑے بڑے نیتا
سنبھال رکھتے ہیں جو سامراج لنگی میں

اسی میں ہوتے ہیں اکثر ملنگ و مستانے
لٹا کے مست ہیں وہ تخت وتاج لنگی میں

ہماری بات نرالی ہے ہم ہیں انصاری
ہمارا آٹھوں پہر کام کاج لنگی میں

نہیں ملے گی غزل اس طرح کی پھر شؔیدا
او یار ہنس لے ذرا کھل کے آج لنگی میں