Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, August 31, 2018

امام حرف کی گرفتاری شرم ناک عمل۔

امر بالمعروف ونہی عن المنکر کی پاداش میں امام حرم کی گرفتاری شرمناک عمل:
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ولی رحمانی
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
پٹنہ۔ ۳۰؍اگست: (صداۓوقت) امر با لمعروف اور نہی عن المنکر اسلام کا بنیادی کام ہے اور ہر مسلمان کے لیے اس کی استطاعت کے بقدر فریضۂ الٰہی ہے ۔ ایسی خبر مل رہی ہے کہ اما م حرم فضیلۃ الشیخ صالح آل طالب کو ان کے ایک خطبہ کی وجہ سے سعودی حکومت کی جانب سے گرفتار کر کے پابہ زنداں کر دیا گیا ہے ، اس خطبہ میں انہوں نے نہی عن المنکر کا تذکرہ کیا تھا اور حکومت کے بعض اقدامات پر نکیر فرمائی تھی ۔اگر امام حرم کی مبینہ گرفتاری کا معاملہ غلط ہے تو فوری طور پر حکومت سعودی عرب کو اس کی تردید کرنی چاہئے تاکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کی بے چینی دور ہو ، اور اگر امام حرم کی گرفتاری کا معاملہ صحیح ہے اور اسلام کے اس بنیادی فریضہ کی پاداش میں ان کو پابند سلاسل کیا گیا ہے تو یہ انتہائی افسوس ناک اور شرمناک عمل ہے  گرچہ اس خبر کی مکمل تصدیق نہیں ہوئی ہے، پھر بھی دنیا بھر کے مسلمان اس فعل پر افسوس اور بے چینی کا اظہار کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار امیر شریعت بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ مفکر اسلام مولانا محمد ولی رحمانی نے امام حرم شیخ صالح آل طالب کی گرفتاری کی خبر پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔امیر شریعت نے موجودہ سعودی حکومت کی امریکہ نواز اور مغرب کی تقلید پر آمادہ پالیسیوں کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں سعودی عرب جس رخ پر جا رہا ہے اور امریکہ نوازی اور مغرب کی تقلید میں جس طرح کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مغربی روایات قائم کرنے کے اقدامات حکومت سعودی عرب کر رہی ہے، وہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے سخت تکلیف دہ ہے ۔خاص طور پر اسرائیل کا نفوذ تیزی کے ساتھ سعودی عرب میں بڑھتا جا رہا ہے ، یہاں تک کہ حکومت سعودی عرب نے حج آپریشن کی بعض ذمہ داریاں اسرائیلی کمپنیوں کے حوالہ کر دی ہیں ، یہ بہت ہی تشویش ناک بات ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت سعودی عرب ان تمام حالات کا ایماندارانہ جائزہ لے گی اور اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے گی تاکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کی بے چینی دو ر ہو سکے۔حضرت امیر شریعت نے درد مند دل رکھنے والے بھائیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی عرب  کے استحکام ، ترقی اور حفاظت کے لیے دعاء خیر کریں ، ساتھ ہی وہاں کی مغرب زدہ پالیسی سے بچنے کی بھی دعا کریں تاکہ سعودی حکومت الملک عبد العزیز رحمۃ اللہ علیہ کے طرز فکر اور طریق عمل پر چل سکے ۔