Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, November 21, 2018

کیا کسی غلطی کی نشاندہی کرنا اتحاد کے منافی ہے؟؟

کیا کسی غلطی کی نشاندہی کرنا اتحاد کے منافی ہے ؟

از شفیع اللہ اعظمی قاسمی ۔صدائے وقت بشکریہ مولانا محمد اکرم قاسمی۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .  
۔در اصل اتفاق و اتحاد  بہت سی چیزوں کو نظر انداز کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ یہ تو انسانی مزاج کے مطابق و موافق ہے ۔قرآن میں امر بالمعروف نہی عن المنکر اسی طرح جزا و سزا کا بیان کیا جانا ہی اس بات کی دلیل ہے کہ اعمال اور ایقان میں دونوں پہلو ہوں گے ، یعنی ایمان بھی ہوگا کفران بھی ہوگا حسنات بھی ہوں گے تو سیئات بھی ہوں گے اخلاص بھی ہوگا تو نفاق بھی ہوگا صحبت نیک بھی ہوگی تو بد کی صحبت بھی ہوگی جہاں صراط مستقیم ہوگا تو وہاں صراط ضیغ و ضلال بھی ہوگا اقرار بھی ہوگا انکار بھی ہوگا اثبات و اظہار بھی ہوگا تو اخفاء و بے اعتنائی بھی ہوگی ۔جب دونوں پہلو ہوں گے تو اصلاح کے بھی  الگ الگ طریقے دونوں پہلو پر مشتمل ہوں گے کبھی اصلاح وعظ و نصیحت کے ذریعے ہوگی تو کبھی ڈانٹ ڈپٹ کے ذریعے کبھی پیار محبت اور مثبت انداز سے ہوگی تو کبھی ضرب یضرب کی گردان  سے ہوگی کبھی نرم روی اور نظر انداز کر کے ہوگی تو کبھی جہاد و قتال کے ذریعے جس طرح سارا بدن ہمارا ہی ہے لیکن کبھی مرض کا علاج دوا سے کیا جاتا ہے تو کبھی انجیکشن کی بھی ضرورت پڑتی ہے اگر کسی عضو میں فاسد مادہ پیدا ہوجائے اور اس کے ذریعہ تمام بدن زہر آلود ہوسکتا ہے اور جان جانے کا خطرہ ہو تو آپریشن بھی کیا جاتا ہے کبھی کبھی صرف آکسیجن سے ہی کام چل جاتا ہے اسی طرح ہمارے دین و ایمان کی حفاظت کے لئے دونوں پہلوؤں پر مشتمل انداز و اطوار اور طریقہائے کار بروئے کار لایا جائے گا ۔اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا ہے کہ ہمیں ان سے نفرت ہوتی ہے یا ہم ان کو خارج از ایمان سمجھتے ہیں ۔مجھے افسوس ہوتا ہے ایسے لوگوں پر جو اتحاد و اتفاق کا نام لے کر جذباتیت کے ذریعہ بلیک میل کرتے ہیں ۔ہمارے اکابر  خود اپنے لوگوں کو بھی تنبیہ اور نصیحت کا کوئی موقع فروگزاشت نہیں کرتے ہیں اسی طرح کوئی بھی جماعت اور فرد ہو اس کے اچھے کاموں کو   بھولتے بھی نہیں  جہاں موقع اظہار ہو وہاں برملا اور بلا خوف ملامت اور بغیر امید ستائش لوگوں کے درمیان اقرار و اظہار بھی کردیتے ہیں ۔یہی راہ اعتدال ہے ،