Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, December 2, 2018

دیوبند۔رام مندر کے لئیے دھرم سبھا۔

_____دیوبند میں______
رام مندرکے لیے’دھرم سبھا‘ دارالعلوم کو پھر کہا گیا دہشت گردی کا اڈہ!
وی ایچ پی کے لیڈر وکاس تیاگی کا شرانگیز نعرہ
_____________________
دیوبند،یکم دسمبر2018(صدائے وقت)۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے منعقد کی گئی ’شنکھناد دھرم سبھا‘ میں صرف ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت ایک فرقہ اور دارالعلوم دیوبند کو نشانہ بنایا گیاہے ، وشو ہندو پریشد کے قومی سکریٹری سریندر جین نے رام مندر کی تعمیر ہونے تک لڑائی جاری رکھنے کی اپیل کی اور انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر مندر کے لئے پارلیمنٹ میں بل پاس نہیں ہو اتھا دوبارہ ’بھارت چھوڑو تحریک‘ شروع کی جائیگی اور رام مخالفین کو چن چن کر باہر نکالا جائے گا۔ آج دیوبند کی نوین منڈی میں وشو ہندو پریشد کے بینر تلے منعقد دھرم سبھا رام مندر کی تعمیر کے لئے منعقد کی گئی تھی لیکن اس میں دارالعلوم دیوبند جیسے عظیم ادارہ کو جم کر نشانہ بنایاگیا،حالانکہ جس طرح کی تیاریاں کی گئی تھی اس کے مطابق نہ تو بھیڑ ہی اس پروگرام میں جمع ہوسکی اور نہ اس کے لئے کوئی لائحہ عمل بنایا گیا بلکہ صرف عوام کو مشتعل کرنے کے لئے مسلمانوں اور دارالعلوم دیوبند کو نشانہ بنایاگیا۔پروگرام کے دوران ہر قیمت پر رام جنم بھومی ایودھیا میں رام کا عظیم مندر کی تعمیر کا عزم کیا گیا،وشو ہندو پریشد کے سکریٹری سریندر جین نے رام مندر کی تعمیر تک جنگ جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف ایودھیا میں رام مندر کی ہی نہیں بلکہ ملک میں مختلف مقامات پر مندر توڑکر بنائی گئی مساجد کے مقام پر بھی دوبارہ مندرتعمیر کئے جائینگے۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ آج دارالعلوم کے اشارے پر ہی دہشت گرد اظہر مسعود رام مندر نہ بننے دینے کی دھمکی دے رہا ہے، لیکن وہ بتادینا چاہتے ہیں کہ نہرو کا نہیں بلکہ یہ مودی یوگی کا دور ہے، آج کا ہندو ڈرتا نہیں جھکتانہیں بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیناجانتاہے۔ انہوں نے دہلی میں آئندہ9؍ دسمبر کو منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ 9؍ دسمبر کو دہلی ایسی بھیڑ ہونی چاہئے کہ رام مخالفین کے پیروں تلے کی زمین کھسک جائے۔بجرنگ دل کے صوبائی کنوینر بلراج ڈونگر، صوبائی سکریٹری سدرشن، صوبائی نائب صدر پروندر بنسل نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے سے نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہاکہ یہ ملک کے سو کروڑ ہندوؤں کی آستھا(عقیدہ) کا سوال ہے، اگر کوئی ہماری آستھا میں رکاوٹ بننے کی کوشش کرتا ہے تو وہ تنکے کی طرح بہہ جائیگا۔ وی ایچ پی صوبائی سکریٹری اور پروگرام آرگنائزر وکاس تیاگی نے ایک دھکااور دو، دارالعلوم کو توڑ دو کا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا اصل اڈہ دارالعلوم دیوبند  ہی ہے، اس سے جڑے دہشت گرد مسعود اظہر نے رام مندر تعمیر کرنے پر دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کو سعودی عرب اور پاکستان کٹھ پنتھ کو بڑھاوا دینے کے لئے فنڈنگ ہوتی ہے۔انہوں نے رام جنم بھومی پر رام کا عظیم الشان مندر کی تعمیر کرنے کا عزم لیکر 9؍دسمبر کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں دہلی پہنچنے کی اپیل کی۔اس دوروان کانگریس صدر راہل گاندھی اور چیف جسٹس آف انڈیا کو بھی جم کر نشانہ بنایاگیا۔حالانکہ دھرم سبھا میں سیکڑوں میں لوگ پہنچ سکے، جس کے سبب لوگوں میں اشتعال پھیلانے کے لئے دارالعلوم دیوبند اور مسلمانوں کو نشانہ بنایاگیاہے۔ دھرم سبھا کو لیکر پولیس نے سخت انتظامات کئے تھے،نہ صرف مختلف چوک چوراہوں اور روڈ پر بھاری پولیس تعینات تھی بلکہ پروگرام کے دوران پولیس اور پی ایس سی کے جوان تعینات رہے۔ دیوبند:دھرم سبھا میں مقررین کے خطاب سے ایک بات مکمل طورپر واضح ہوگئی ہے کہ یہ دھرم سبھا محض ایک فرقہ اور عظیم دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کو طعن وتشنیع کرنے اور اس پر انتہائی مذموم و شرمناک الزامات لگانے کے لئے منعقد کی گئی تھی، پورا پروگرام صرف ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت منعقد کیاگیا ،جس میں صرف اور صرف دارالعلوم دیوبند کو نشانہ بنایاگیاہے،اتنا ہی نہیں بلکہ دارالعلوم دیوبند کو سیدھے دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کو توڑنے تک کی بات کہی گئی ہے، بڑے افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف رام کا مندر بنانے کی بات کررہے ہیںجبکہ دوسری طرف مساجد اور مدارس کو توڑنے اور ملک کی آزادی کے خاطر قربانیاں دینے والے ادارے اور لوگوں کو دہشت گرد بتایاجارہاہے ۔ پروگرام کے دوران بھارت میں رہنا ہوگا وندے ماترم اور گئو ماتا کہناہوگااور جے شری رام کے نعرے بھی لگائے گئے۔