Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, March 11, 2019

رمضان المبارک میں مسلمانوں کی شرح پولنگ میں اضافہ کا امکان


____________صداۓوقت_______
تحریر/مولانامحمدطاہرمدنی، اعظم گڈھ
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
پارلیمانی انتخابات 2019 کے شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے، 11 اپریل کو الیکشن کا آغاز ہوگا اور سات مراحل میں 19 مئی کو اختتام ہوگا. نتائج 23 مئی کو سامنے آئیں گے. جمہوری ملک میں الیکشن کی غیر معمولی اہمیت ہوتی ہے. حکمرانوں کا احتساب اور اپنی خواہشات کے مطابق تبدیلی لانے کا بہترین اور پرامن موقع الیکشن کے ذریعے فراہم ہوتا ہے. پانچ سال قبل بلند بانگ دعووں اور لمبے چوڑے وعدوں کے ساتھ نئی حکومت آئی تھی، بھاری بہومت کے ساتھ آئی تھی، اب یوم احتساب آگیا ہے، چناوی وعدوں کا حساب باشعور لوگ لیں گے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے.
مسلمان اس ملک کی بہت بڑی طاقت ہیں، 20 فیصد کی قوت غیر معمولی ہوتی ہے. مسلمان اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں پورا حصہ لیتے ہیں اور وہ مسائل ملکی سے کبھی بے تعلق نہیں رہ سکتے، کیونکہ اسی کشتی کے وہ بھی سوار ہیں. ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی بیداری اور بالغ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے ووٹ کی طاقت متحدہ طور پراستعمال کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں.
سات مراحل میں سے تین مراحل ماہ رمضان میں ہوں گے. پارلیمنٹ کی مدت کے لحاظ سے الیکشن کا شیڈول طے ہوتا ہے، موجودہ پارلیمنٹ کی مدت غالباً 2 جون کو ختم ہورہی ہے، اس سے قبل نئی پارلیمنٹ کی تشکیل ہوجانی ہے. الیکشن کمیشن نے اسی کے مدنظر شیڈول طے کیا ہے، اس سلسلے میں میں کوئی بدگمانی نہیں رکھنی چاہیے.
ایک اندیشہ یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ رمضان میں مسلمانوں کی پولنگ کم ہوگی، یہ بالکل غلط بات ہے کیونکہ رمضان تو مسلمانوں کو عزم و ہمت، صبر و تحمل، قربانی و ایثار اور قوت ارادی کی مضبوطی کا درس دیتا ہے. رمضان میں مسلمانوں نے بڑے بڑے معرکے سر کیے ہیں، اس لیے توقع یہ کہ رمضان میں ان شاءاللہ پولنگ کی شرح بڑھ جائے گی اور مسلمان یہ ثابت کردیں گے کہ رمضان ہماری کس طرح کی تربیت کرتا ہے. رمضان میں مسلمان سحری کیلئے فجر سے قبل ہی اٹھتا ہے، قیام لیل کا اہتمام کرتا ہے، عام دنوں میں جن سے کوتاہی ہوجاتی ہے وہ بھی رمضان میں نماز فجر باجماعت ادا کرتا ہے. فجر کے بعد وہ تلاوت کریں گے، اس کے بعد سیدھے پولنگ مراکز کا رخ کریں گے اور ذکر الہی میں مشغول رہتے ہوئے صف بستہ ہوجائیں گے اور سب سے پہلے اپنا ووٹ کاسٹ کرکے سویرے سویرے گھر لوٹ آئیں گے، تھوڑی دیر آرام کے بعد اپنے کام دھندے میں لگ جائیں گے.
رمضان پیغام عمل لے کر آتا ہے اور نشاط و سرگرمی میں اضافہ کرتا ہے. وہ سستی و کاہلی کا درس ہرگز نہیں دیتا.....