Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, May 27, 2019

آر ایس ایس سر براہ و دیگر لوگوں کا بیان۔۔۔رام مندر بن کر رہے گا۔!!

رام مندر بن کر رہے گا:
موہن بھاگوت .
مودی کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے ہند تو وادیوں کے حوصلے آسمان پر .
رام مندر ایودھیا میں نہیں بنے گا تو کیا مکہ میں بنے گا:
بابا رام دیو .
ثالثی پینل اپنا کام کررہا ہے ایسے میں اس طرح کے بیان کا کوئی مطلب نہیں : اقبال انصاری.
مسلمان فیصلے کا انتظار کررہے ہیں اور ہندوئوں کو بھی صبر رکھناچاہئے:
خالد رشید فرنگی محلی.
مسلمان ہمیشہ عدالت کے فیصلے کو قبول کریں گے اس لیے اس طرح کے بیانات کی کیا ضرورت :
ظفریاب جیلانی.
جے پور۔۲۷؍مئی۔صدائے وقت/ نمائندہ/ ذرائع۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
. . 
نئی سرکارنے ابھی حلف بھی نہیں لیا ہے لیکن ایودھیا معاملہ عدالت عظمی میں زیر غور ہونے کے باوجود اس پر سیاست شروع ہوگئی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو واضح اکثریت ملنے کے بعد راشٹریہ سوئم سیوک (آر ایس ایس )کے پرمکھ موہن بھاگوت نے رام مندر کے تعلق سے ایک بیان دیا ہے۔ انہوں نے سنگھ کے ایک پروگرام میں کہا ہے کہ رام کا کام کرنا ہے اور رام کا کام ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس کی نگرانی بھی کرنی ہوگی۔ موہن بھاگوت کے اس بیان سے قیاس لگایاجارہا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی بات کررہے ہیں حالانکہ انہوں نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ادئے پور میں جاری سنگھ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ ’رام کا کام کرنا ہے اور رام کا کام ہوکر رہے گا، رام کا کام کرنا ہے تو اپنا کام کرنا ہے، اپنا کام خود کریں گے تو ٹھیک ہوتا ہے۔ سونپ دیتے ہیں تو کسی کو نگرانی کرنی ہوتی ہے‘ ۔ بھاگوت سےقبل سنگھ کے پروگرام میں مراری باپو نے کہا تھا کہ رام کا کام سب کو کرنا ہے اسی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے بھاگوت نے کہا ہے کہ سنت مراری باپو نے جو پیغام دیا ہے اسے یاد رکھنا ہے ہمیں رام کا کام کرنا ہے اور رام کا کام ہوکر رہے گا۔ رام ہمارے من میں بستے ہیں، تاریخ بتاتی ہے کہ جس ملک کے لوگ فعال، ہوشیار، بہادر ہوں اس ملک کی قسمت ہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہے۔ ایسے میں ہم سب کو ہوشیار رہنا پڑے گا اور مقصد کی جانب بھی جانا پڑے گا۔  ادئے پور میں جاری  پروگرام میں بھاگوت چار دن تک شریک رہے، اس پروگرام میں سنگھ کے تقریباً ۳۰۰ رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔ بتادیں کہ آر ایس ایس لوک سبھا چنائو سے پہلے ہی بی جے پی سرکار پر رام مندر کو لے کر ناراضگی ظاہر کرچکا ہے اس سے قبل آر ایس ایس لیڈر نے بھاگوت کے حوالے سے کہا تھا کہ سنگھ لوک سبھا چنائو کے بعد رام مندر کی تعمیر شروع کردےگا خواہ مرکز میں کسی کی بھی سرکار ہو۔یوگ گرو بابا رام دیو نے بھی ایودھیا میں رام مندر کی وکالت کرتے ہوئے متنازعہ بیان دیا ہے انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر ہی بنناچاہئے اور رام جیسی شبیہ بھی ملک کی ہونی چاہئے۔ رام صرف ہندوئوں کے ہی نہیں بلکہ مسلم سمیت جین، سکھ، بودھ عیسائی سب کے آبا ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ رام مندر ایودھیا میں نہیں بنے گا تو کیا مکہ یا ویٹکن سٹی میں بنے گا۔ وہیں بھاگوت کے بیان پر بابری مسجد کے مدعی اقبال انصاری نے اعتراض جتاتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈروں کی بیان  بازی سے حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑنے والا ہے۔ اقبال انصاری نے موہن بھاگوت کے بیان کی مخالفت کی او رکہا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور سپریم کورٹ نے ثالثی پینل بنایا ہے، ثالثی پینل اپنا کام کررہا ہے ایسے میں اس طرح کے بیان کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ثالثی پینل سبھی فریقوں سے بات کررہا ہے ۔ اقبال انصاری نے موہن بھاگوت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ مرکز ی سرکار نے ابھی تک حلف بھی نہیں لیا ہے اور لیڈروں کے بیانات آنے شروع ہوگئے ہیں انہو ںنے کہاکہ جہاں قانون کا راج ہوگا وہیں ملک ترقی کرے گا۔ ہندو مسلم سبھی کا وکاس ہوگا۔بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری ایڈوکیٹ ظفر یاب جیلانی نے کہا کہ آر ایس ایس چیف کا بیان اس وقت مناسب نہیں ہے جب ثالثی پینل کی کوششیں چل رہی ہوں۔ مسلمانوں نے ہمیشہ کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کو قبول کریں گے اس لیے اس طرح کے بیانات کی کیا ضرورت ہے؟  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور عید گاہ مسجد لکھنو کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ ایسا بیان دینا درست نہیں ہے جب معاملہ ملک کی عدالت عظمیٰ میں ہو۔ ثالثی پینل کی کوششیں بھی عدالت کی نگرانی میں چل رہی ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ مسلمان فیصلے کا انتظار کررہے ہیں اور ہندوئوں کو بھی صبر رکھناچاہئے۔ اس طرح کے بیانات سے صرف ہنگامہ ہوتا ہے۔ مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ جب معاملہ عدالت میں ہے تو دونوں فریقوں کے لیڈروں کو ایسے بیان سے دوررہناچاہئے۔