Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, May 12, 2019

الیکشن کے نتائج اور مسلمانوں کو ڈرانے کی کوشش!!!

از/ سمیع اللہ خان/ صدائے وقت۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
خوفزدہ مصلحتوں کے پرچار اور ان پر عمل کرنے سے مایوسی پیدا ہوتی ہے، ارتداد پھیلتا ہے اور بےعزتی حاصل ہوتی ہے، جیساکہ اسوقت ۲۳ مئی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ڈراؤنے میسجز عام ہورہےہیں جن کے ذریعے مسلمانوں کو آمادہ کیا جارہاہے کہ وہ الیکشن کے نتائج والے دن گھروں میں بند ہوجائیں مبادا انہیں کوئی سنگھی کھا نا جائے، یہ انتہائی بزدلانہ مشورہ اور نفسیاتی شکست والی بات ہے، اول تو یہ کہ نتيجے کے دن کیا ہوگا کیا نہیں یہ ۲۳ مئی کو دیکھا جائےگا، ممکن ہیکہ شرپسند لوگ ماحول خراب کریں لیکن اس ڈر سے گھروں میں دبک جانا کہاں کی عقلمندی ہے؟ اگر وہ آپکو ذبح ہی کرنا چاہیں گے تو کیا آپکے گھروں کے کواڑ اُنہیں روکنے کی اوقات رکھتے ہیں؟ ہندوستان میں مسلم کش فسادات میں اب تک ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام ہوا ہے وہ ہزاروں مسلمان راہ چلتے نہیں بلکہ گھروں اور محلوں میں گھیر کر قتل کیے گئے ہیں یہ دستاویزی تاریخ ہے، اور آپ تو ہر تدبیر اور تیاری سے نہتے ہیں یہ کون نہیں جانتا؟ اسلئے یہ خیالی پلاؤ دماغ سے باہر نکال دیجیے کہ سنگین حالات میں گھروں میں دبک کر رہنے سے آپ بچ جائیں گے، ہاں میدان میں آپکی مردانہ وار چہل قدمی بھی دشمن پر رعب طاری کرسکتی ہے، اسلیے بہادری پیدا کیجیے اور موت کا خوف دور پھینکیے، لڑتے ہوئے جان دینے کا جذبہ قومی عزت کا سبب بنتاہے اور شاندار انجام تک پہنچاتا ہے، 

اس موقع سے سیرت رسولﷺ کا ایک زریں موقع یاد آرہاہے:
ایک مرتبہ کفار و مشرکین نے مدینے کے مسلمانوں میں اپنے جاسوسوں کے ذریعے یہ افواہ پھیلائی کہ دشمنوں نے اُن کے خلاف ایک نہایت ہی زبردست فوج اکٹھا کرلی ہے اور تمہارا کام تمام کرنے والے ہیں، جیسے جیسے یہ افواہ پھیلتی گئی خوف کا ماحول قائم ہونے لگا، محمدﷺ نے اس کا علاج کس طرح کیا جانتےہیں آپ؟ آپﷺ نے اعلان کیا کہ " وہ دشمنوں سے لڑنے ضرور جائیں گے اور اگر میدان میں کوئی نہیں اترا تو میں تن تنہا جاؤنگا "
بزدل مت بنیے اور عزت و زندگی کی وہ راہ اختیار کیجیے جسے الله کے رسولﷺ اور ان کے صحابہ ؓ نے پسند فرمایا ہے، *عیش و عشرت کی لت میں پڑی ہوئی وہن آلود سوچ کے ساتھ جینا کسی مؤمن کی شان نہیں ہوسکتی__*
*سمیع اللّٰہ خان*
جنرل سیکرٹری: کاروان امن و انصاف