Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, May 31, 2019

کبھی خدا اور رسول نہ بننا !!


از: وقار احمد غالب پوری۔/ صدائے وقت/ عاصم طاہر اعظمی۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 

بسم اللہ الرحمن الرحیم
گذشتہ کل احقر اپنے دادا محترم (جناب مولانا شمیم احمد صاحب قاسمی اعظمی شیخ الحدیث جامعہ مفتاح العلوم ، مئو ، یوپی) کی ایک پرانی آلماری کی صفائی کر رہا تھا، جس میں قدیم کتابیں موجود تھیں، کچھ کتابیں بوسیدہ ہوچکی تھیں اور کچھ صحیح وسالم تھیں، بعض کتابیں ۱۳۰۱ھ کی ملیں ، ان کتابوں میں مجھے چند ایسی کتابیں ملیں ، جنہیں میری نگاہوں نے پہلی مرتبہ دیکھا تھا ، جن میں سے چند کے اسماء درج ذیل ہیں:
(1) مغني اللبیب۔
(2) مسائل السلوک۔
(3) کلام الملوک۔
(4) شوق وطن۔
(5) رفاہ المسلیمن۔
(6) کلید مثنوی۔
(7) مایغنیک في الصرف۔
(8) غنیة المستملى.
(9) ترجمان القرآن بلطائف البیان۔
(10) قرآن کریم مع ترجمہ (قلمی نسخہ) 2200 صفحات پر مشتمل دو جلدوں میں۔
ان کے علاوہ دیگر بیش قیمتی کتابیں دیکھنے کو ملیں ، ان کے بارے میں آج دادا محترم نے بتایا کہ یہ ساری کتابیں میرے نانا مولانا عبدالطیف قاسمی اعظمیؒ کی تھیں ، جو مجھے ان کی خانقاہ سکندرآباد سے بذریعہ ایک شخص ملی اور کچھ کتابیں میرے چچا مولانا جمال الدین قاسمی اعظمیؒ کی ہیں
بہر کیف ان کتابوں کی صفائی کے دوران میری نظر ایک کاغذ کے ٹکڑے پر پڑی ، جس پہ یہ لکھا تھا:
"حضرت کچھ نصیحت فرما دیجیے":
آگے لکھا تھا:
"نصیحت کی کوئی خاص ضرورت نہیں ، بس ہمیشہ دو باتوں کا خیال رکھنا: ایک یہ کہ خدا نہ بننا اور دوسرے یہ کہ رسول نہ بننا"۔
آگے یہ تحریر تھا:
"استغفر اللہ ۔ اس کا کوئی مسلمان تصور بھی کیسے کرسکتا ہے؟ آپ کی بات کا مطلب سمجھ میں نہیں آیا"۔
اس کے جواب میں یہ لکھا تھا:

"خدا بننے کا مطلب یہ ہے کہ تم یہ خواہش کرو کہ زندگی میں میں جو چاہوں، وہ ہوجائے؛ یہ شان تو صرف اللہ کی ہے۔ رسول بننے کا مطلب یہ ہے کہ تم تمنا کرو ساری دنیا مجھ سے عقیدت رکھے، سو یہ مقام صرف رسول کا ہے"۔
مجھے یہ بات دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی اور دل نے کہا: یہ کسی بڑے استاذ کی ہی بات ہوسکتی ہے اور عبارت کے انداز سے بھی یہی محسوس ہوا کہ یہ کافی قدیم ہوگی۔
واقعة اس عبارت پر جب غور کرتا ہوں ، تو ایسا احساس ہوتا ہے کہ اس عبارت میں زندگی کے ہر گوشہ کی بات شامل ہے۔
اللہ تبارک وتعالی نے بزرگوں اور ولیوں کو کیسا عظیم ذہن دیا تھا کہ ایک ایک جملہ میں زندگی گزارنے کے پورے پورے اصول واضح کرکے پیش کردیے ۔
اگر محقیقین ان کی باتوں میں غوطہ لگاتے جائیں ، تو ہر ایک موڑ پر نئے نئے علوم ملتے جائیں گے، جو انسانی فلاح وبہبود میں معاون ومددگار ہوں گے۔۔۔۔۔۔
اللہ تبارک وتعالی ہم تمام لوگوں کو ہر قیمتی نصائح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین۔
31/05/2019
Mail...mohdwaqarakhtar@gmail.com.