Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, June 16, 2019

نیا قانون لاکر رامندر بنانے کا اعلان۔۔۔۔۔۔۔۔ایودھیا میں سنت سمیلن سے کیشو پرساد موریہ کا خطاب!!!


ایودھیا۔ ۱۵؍جون/٢٠١٩/صداۓوقت
  ..................................................
مودی سرکار کو واضح اکثریت سے دوبارہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد ایک بار پھر رام مندر کا معاملہ گرماتا نظرآرہا ہے۔ سنیچر کو رام جنم بھومی نیاس کے رکن و منی رام داس کی چھائونی کے مہنت نرتیو گوپال مہاراج کی ۸۱ویں یوم پیدائش پر منعقدہ سنت سمیلن کا افتتاح کرتے ہوئے اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریا نے رام مندر کی تعمیر کے مسئلے پر کہا کہ الگ قانون بناکر رام مندر کی تعمیر کی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر میں کوئی شک نہیں ہے یہ ضرور بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس دو اختیارات ہیں ایک سپریم کورٹ کے فیصلے کا اور دوسرے بات چیت کا۔ جب ان دونوں سے مسئلے کا تصفیہ نہیں ہوگا تو قانون بناکر مندر کی تعمیر کا راستہ نکالیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں نائب وزیر اعلیٰ سے قبل رام بھکت کے ساتھ ساتھ کار سیوک بھی ہوں اب بہت جلد ہماری قرارداد او رخواب پورے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں بھی بات شروع ہوتی ہے وہاں رام مندر سے ہی شروع ہوتی ہے جب تک مجوزہ رام مندر پر ’کلس‘ نصب نہیں ہوجاتا یہ گفتگو چلتی رہے گی۔ سنتوں کی دعا سے ہی مودی حکومت دوسری بار اقتدار میں آئی ہے۔ ایک وقت تھا جب عدالت میں شنوائی ٹالی جارہی تھی، آج شنوائی چل رہی ہے اور فریقین کے مابین گفتگو بھی ہورہی ہے ۔ ثالثی کےلیے ایک پینل بھی بنایاگیا ہے جو صلح وسمجھوتے کی کوشش کررہا ہے اگر عدالت عظمی کے فیصلے او ربات چیت سے یہ معاملہ حل نہیں ہوتا ہے تو قانون بنا رام مندر کی تعمیر کا راستہ نکالیں گے، لیکن کسی بھی قیمت پر بابر کے نام پر ملک میں ایک بھی اینٹ نہیں رکھنے دیں گے۔ سنتوں کا جیسا حکم ہوگا، پارٹی اسی کے مطابق کام کرے گی، انہو ںنے سنتوں کو یقین دلایا کہ صرف ایودھیا ہی نہیں ملک کے اندر کئی مندر بننے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر ہماری عقیدت سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارا عزم بھی ہے۔ سادھووں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر جلد ہی کی جائے گی ۔  اس سے قبل سرکٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہو ںنے کہاکہ میں خود رام بھکت ہوں اور ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر بنوانے کا حامی ہوں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مودی ہے تو ہر ناممکن بھی ممکن ہے او رجلد ہی ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر ہوگی۔ اس موقع پر سنت سماج کے نمائندوں نے بھی اپنی بات رکھی، ایودھیا سنت سمیتی کے صدر کنہیا داس رامیانی نے کہا کہ اب ایک سال کے اندر رام مندر کی تعمیر ہوجانی چاہئے۔ سوامی وشیش نے کہاکہ مندر کی تعمیر کےلیے یہ مناسب وقت ہے ، آرڈیننس لاکھر ایک سال کے اندر مندر کی تعمیر کو ممکن بنایا جائے۔ اچاریہ دھرمیندر نے کہاکہ رام بھکتوں کے ساتھ اب رام بھکتی کی بھی ترقی ہونی چاہئے رام مندر سنتوں اور رام بھکتوں کی طاقت سے بنے گی، انہو ںنے کہاکہ نریندر مودی شرڈی جاتے ہیں، ایودھیا نہیں آتے، انہیں رام للا نے وزیر اعظم بنایا ہے شرڈی والے نے نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وشو ہندو پریشد نے دعویٰ کیا تھا کہ رام مندر کی تعمیر کا کام ۱۸؍مہینے میں شروع ہوجائے گا، اسی مسئلے پر گفتگو کےلیے سنت سملین کا انعقاد ہوا ہے۔ اس سمیلن میں مندر کی تعمیر پر غوروفکر کیاگیا اور خصوصی طور سے عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کےلیے گفتگو کی گئی۔ 

اس کے علاوہ ہندوستان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی، سماجی مسائل، مٹھ مندروں کے تحفظ اور ترقی پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس سمیلن میں شنکر اچاریہ ، سوامی واسودیوآنند سرسوتی، جگدگرو رام چندر اچاریہ سوامی، رام بھدرچاریہ ، دیدی ماں ، اور سوامی چنمایانند شامل ہوں گے۔ ان کے علاوہ اچاریہ دھرمیندر، اچاریہ مہاسبھا مہامنتری سوامی پرماتمانند، سوامی اوچل داس ریواسا، راگھو چاریہ، ملند پرانڈے، ڈاکٹر رامیشور داس، ویشنو، مرکزی وزیر راجندر سنگھ پنکج، سابق وزیر تعلیم کنور جے بھانو سنگھ ، سمیت ملک کی مختلف ریاستوں سے اہم سنت سادھو موجود تھے۔