Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, July 24, 2019

دیوانے کا خواب۔۔۔۔ایک مزاحیہ تحریر۔۔

ناول ” دیوانے کا خواب“ سے ماخوذ ایک اقتباس/ تبریز عالم خان۔/صداٸے وقت۔
=======================
خاکسار نے آپ تمام دوستوں کو اطلاع دینی تھی کہ بعض ناگزیر  وجوہات کی بنا پر خاکسار عاجز نے تیسری شادی کر لی ہے۔...
تیسری اہلیہ عمر میں کافی چھوٹی ہیں۔ آپ سب چونکہ میرے بہت عزیز اور محترم دوست ہیں اس لئے وضاحت دینا ضروری سمجھتا ہوں۔
میری تیسری شادی ہوجائے گی سوچا نہ تھا...
معذرت کہ آپ  کو پہلے اطلاع نہ کرسکا اور آناً فاناً نکاح ہوا اور رخصتی ہوئی.
دوسری شادی کے ولیمہ کی تقریب کی طرح پھر آپ کو نہیں بلا سکا۔ لیکن اس دفعہ آپ کی دعوت میں دیر نہیں کروں گا۔
حیرت یہ ہے کہ  خوشدلی سے میری پہلی اہلیہ نے تیسری اہلیہ  کو دوست  بنا لیا ہے اور بچے تو ماں کہہ کر لپٹ گئے جبکہ دوسری اہلیہ کی آنکھوں میں بھی خوشی کے آنسو آ گئے۔ 

میری نئی بیوی بے انتہا خوش اخلاق، خوبصورت اور خوب سیرت ہیں ۔ کسی بات پر اعتراض نہیں کرتیں اور میرا بے حد خیال رکھتی ہیں۔  ابھی میں نے صرف اتنا کہا کہ چائے میں چینی کم ہے تو کہنے لگیں لائیے چائے ہی نئی بنا دیتی ہوں۔
بعض کی اہلیہ تو ایسے موقع پر کبھی کبھی کہہ دیا کرتی ہیں کہ کوئی کام خود بھی کر لیا کریں۔ آپ دوستوں میں سے اکثر اپنے اپنے گھروں میں اس کا تجربہ رکھتے ہوں گے. 
تیسری اہلیہ  سے ملاقات پہلی اور دوسری بیگمات کے ساتھ ہی ایک شاپنگ سینٹر کے کیفے ٹیریا میں ہوئی تھی. باتوں ہی باتوں میں کب بات شادی تک پہنچ گئی، پتہ بھی نہ لگا اور اسی وقت ہماری دوسری بیگم نے ان کو ہمارے لیے پسند کر لیا۔
دوسری بیگم نے انتہائی ضد کرکے ہمیں ہنی مون پر بھیجنے کی تیاری کر رکھی ہے. بضد ہیں کہ آپ دونوں ہنی مون پر جائیں جیسے آپ مجھے لے کر گئے تھے.
اس کے لیے انہوں نے یہاں تک آفر دی ہے کہ اگر رقم کم پڑے تو وہ اَور دینے کو تیار ہیں. ان کی پچھلے دنوں ہی دس لاکھ کی کمیٹی نکلی ہے ۔
میں کافی دیر تک یہ سوچتا رہا آخر وہ کون سے گھرانے ہوتے ہیں جہاں دوسری اور تیسری شادی  پر جھگڑے ہوتے ہیں۔ اپنے گھر کو دیکھتا ہوں تو جنت لگتا ہے ۔
آج صبح پہلی دونوں بیگمات نے ناشتہ حجلہ عروسی میں پیش کیا اور اپنی عزیز ساتھی کو (سوتن لکھنے میں مجھے کوفت ہورہی ہے) اپنے ہاتھوں سے نوالے بنا کر کھلائے.  اور چھیڑنے کے انداز سے کن انکھیوں سے بھی ہم دونوں کو دیکھتی رہیں.
کل رات زبردستی گیارہ بجے ہم دونوں کو کمرے میں دھکیل کر بچوں کو شور شرابے سے روک کر کمرہ بند کردیا.
شکریہ بیگمات ۔
ایسی بیویاں قسمت والوں کو ملتی ہیں۔
کل رات شاید ہم ہنی مون پر مری نکل جائیں.
تیسری بیوی صبح سے ہی کہہ رہی ہے کہ چوتھی میں آپ کے لیے خود تلاش کروں گی.
مجھ پر تو جیسے حیاء کی ایک سرخی سی آگئی اور میں شرما سا گیا.
عجیب شرمیلی طبعیت پائی ہے میں نے ۔
بس سب دوست صبر اور دعاؤں سے کام لیتے ہوئے خاکسار کو بھی دعاؤں میں یاد رکھیں...