Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, August 19, 2019

شہرہُ آفاق موسیقار ”خیام “ کا انتقال۔

شام غم کی قسم آج غمگیں ہیں ہم۔
ممبٸی /صداٸے وقت/ ذراٸع۔19 اگست 2019.
=========================
شہرہ آفاق موسیقار محمد ظہور خیام ہاشمی عرف خیام آج شام ممبئی کے سوجئے اسپتال میں انتقال کر گئے۔ انہیں 16 اگست کو پھیپھڑوں میں انفیکشن  کے باعث  اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
1927 میں پیدا ہونے والے ظہور خیام ہاشمی کی عمر 92 برس تھی۔ خیام  17 سال کی عمر میں موسیقی کے افق پر نمودار ہوئے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے کئی مشہور گیتوں کے لئے موسیقی دی ان کی معروف فلموں میں”کبھی کبھی“ اور ”امراؤ جان“ شامل ہیں۔ انہیں سب سے بڑا بریک فلم ”امراؤ جان“ سے ملا۔ اس فلم نے انہیں راتوں رات کامیابی کی منزلوں پر پہنچا دیا۔ انہیں نیشنل ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا
۔
موسیقار خیام کی پہلی اردو فلم ’’فٹ پاتھ‘‘1953 مین ریلیز ہوئی۔ فلم ’’فٹ پاتھ‘‘ کے لیے مجروح سلطان پوری نے ایک گیت لکھا تھا اور اس گیت کو موسیقار خیام نے اس وقت کے نامور گلوکار طلعت محمود سے گوایا تھا۔ گیت کے بول تھے:
شام غم کی قسم آج غمگیں ہیں ہم
آ بھی جا آ بھی جا آج میرے صنم
دل پریشان ہے رات ویران ہے
دیکھ جا کس طرح آج تنہا ہیں ہم
یہ خوبصورت گیت دلیپ کمار پر فلمایا گیا۔ اس گیت کی دھن کے ساتھ ساتھ دلیپ کمار کی اداکاری نے اس گیت کو بڑی شہرت بخشی تھی۔ فلم ’’فٹ پاتھ‘‘ کی موسیقی کے بعد موسیقار خیام عروج پر پہنچ گئے۔ فلم ’’فٹ پاتھ‘‘ بزنس کے اعتبار سے بہت زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی مگر موسیقار خیام کی شہرت کا سفر شروع ہو گیا تھا۔ فلم ’’پھر صبح ہوگی‘‘ کی موسیقی نے موسیقار خیام کو بڑا عروج دیا۔’’پھر صبح ہوگی‘‘ کے ہدایت کار رمیش سہگل کو جب راج کپور پروڈکشن کے آفس میں موسیقار خیام نے اپنی چند دھنیں سنائیں جو ڈمی بولوں پر بنائی گئی تھیں تو رمیش سہگل کچھ دیر کے لیے ان دھنوں میں کھو گئے تھے، پھر وہ اپنی جگہ سے اٹھے اور آگے بڑھ کر موسیقار خیام کا ماتھا چوما اور کہا ارے بھئی! اب تک تم کہاں تھے ہمیں کیوں نہیں ملے۔ پھر خیام نے ان کی فلم ’’پھر صبح ہوگی‘‘ کی موسیقی دی تھی، تو اس فلم کے ہر گیت نے سارے ہندوستان میں اپنی دھاک بٹھا دی تھی ۔
’’پھر صبح ہوگی‘‘ کے گیت ساحر لدھیانوی نے لکھے تھے۔ یوں تو فلم کے گیتوں کی تمام دھنیں خوب تھیں مگر فلم کا تھیم سانگ اور اس کی موسیقی اپنا جواب آپ تھی۔
جب دکھ کے بادل پگھلیں گے
جب سکھ کے ساغر چھلکیں گے
جب دھرتی نغمے گائے گی
وہ صبح کبھی تو آئے گی
خیام کی انتقال کی خبر سنتے ہی ہورے بالی ووڈ میں ماتم چھا گیا ۔۔۔وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے اپنے غم کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ ان کی ناقابل فراموش خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاٸے گا۔ مشہور گاٸیک لتا منگیشکر نے کہا کہ ان جیسا موسیقار اب کبھی نہیں ہیدا ہوگا۔وہ مجھے چھوٹی بہن کی طرح مانتے تھے۔اس کے علاوہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے تعزیعت کا اظہار کیا۔

ان کے جسد خاکی کو ان کے جوہو واقع مکان پر عوام کے دیکھنے کے لٸیے رکھا جاٸے گا اور شام کو بروز منگل ان تدفین باندرہ قبرستان میں کی جاٸے گی۔