Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, August 29, 2019

سپریم کورٹ کی ہدایت پر سیتا رام پچوری پہنچے سری نگر۔۔۔۔۔بیمار دوست سے کی ملاقات۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت/ذراٸع
=========================
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں اپنے بیمار ساتھی محمد یوسف تاریگامی سے ملاقات کی ۔

تاریگامی پانچ اگست سے ہی حراست میں ہیں ۔ سخت سیکورٹی کے درمیان یچوری دوپہر کو وہاں پہنچے ۔ پولیس انہیں تاریگامی سے ملاقات کرانے کیلئے سری نگر میں سول لائنس علاقہ میں ان کی رہائش گاہ پر لے گئی ۔ افسران نے بتایا کہ یچوری اپنے ساتھی تاریگامی کے ساتھ تقریبا تین گھنٹوں تک رہے ۔
سیتارام یچوری اس سے پہلے 9 اگست کو بھی سری نگر پہنچے تھے ، لیکن ریاستی انتظامیہ نے انہیں ہوائی اڈہ سے ہی واپس لوٹادیا تھا ۔ اس سے چار دن بعد پہلے ہی مرکز نے جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ بدھ کو سپریم کورٹ نے مرکز کی اس دلیل کو خارج کردیا تھا کہ یچوری کے سفر سے ریاست میں حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔
چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت والی بینچ نے یچوری کے دورہ کی مخالفت کرنے پر سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا تھا کہ اگر اس ملک کا کوئی شہری وہاں جانا چاہتا ہے اور اپنے دوست اور پارٹی کے ساتھی سے ملنا چاہتا ہے تو آپ کو کیا پریشانی ہے؟ ۔
عدالت عظمی نے واضح کیا تھا کہ یچوری کو صرف اپنے پارٹی کے ساتھی سے ملنے کیلئے جموں و کشمیر جانے کی اجازت دی جاتی ہے ۔ تاریگامی کو علاج کیلئے دہلی کے ایمس میں لانے کیلئے عدالت کی اجازت سے متعلق درخواست کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی تھی ۔
بینچ نے کہا کہ اگر یچوری کسی دیگر کام میں ملوث پائے جاتے ہیں تو یہ عدالت کے حکم کی خلاف وزری تسلیم کی جائے گی ۔ عدالت عظمی کی ہدایت کے مطابق یچوری اس بات پر حلف نامہ دیں گے کہ جموں و کشمیر میں ان کے سفر کے دوران کیا کیا ہوا ۔ تاریگامی ان لیڈروں میں شامل ہیں ، جنہیں چار اگست کی رات کو حراست میں لے لیا گیا تھا ۔